Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

زکریاؔہ 4

سونے کے چراغدان اَور زَیتُون کے دو درخت

پھر اُس فرشتہ نے جو مُجھ سے باتیں کر رہاتھا واپس آکر مُجھے اَیسا جگایا گویا کوئی نیند سے جگایا جاتا ہو۔ اُس نے مُجھ سے پُوچھا، ”تُمہیں کیا دِکھائی دے رہاہے؟“

مَیں نے جَواب دیا، ”مُجھے ایک خالص سونے کا چراغدان دِکھائی دے رہاہے جِس کے اُوپر ایک پیالہ ہے، جِس میں سات چراغ ہیں اَور اُن ساتوں چراغوں پر سات نالیاں ہیں۔ چراغدان کے پاس زَیتُون کے دو درخت بھی ہیں۔ ایک تو پیالے کے دایئں طرف اَور دُوسرا بائیں طرف۔“

مَیں نے اُس فرشتے سے جو مُجھ سے گُفتگو کر رہاتھا پُوچھا، ”اَے میرے آقا، یہ سَب کیا ہیں؟“

فرشتے نے جَواب دیا، ”کیا تُم نہیں جانتے کہ یہ کیا ہیں؟“

مَیں نے جَواب دیا، ”نہیں، میرے آقا۔“

تَب فرشتے نے مُجھ سے کہا، ”زرُبّابِیل کے لیٔے یہ یَاہوِہ کا کلام ہے: ’نہ طاقت سے اَور نہ تو قُوّت سے بَلکہ میری رُوح سے ہوگا۔‘ یہ قادرمُطلق یَاہوِہ کا فرمان ہے۔

”اَے بڑے پہاڑ تُو کیا ہے؟ زرُبّابِیل کے سامنے تُو ہموار میدان ہو جائے گا اَور تَب وہ چوٹی کا پتّھر یہ پُکارتے ہُوئے آئے گا، ’اُس پر خُدا کی رحمت ہو، اُس پر خُدا کی رحمت ہو!‘ “

پھر یَاہوِہ کا کلام مُجھ پر نازل ہُوا، ”زرُبّابِیل کے ہاتھوں نے اِس بیت المُقدّس کی بُنیاد ڈالی ہے اَور اُسی کے ہاتھ سے یہ کام پُورا ہوگا۔ تَب تُم جانوگے کہ قادرمُطلق یَاہوِہ نے مُجھے تمہارے پاس بھیجا ہے۔

”اِن دِنوں میں ہونے والے چُھوٹے شروعاتی کام کو حقیر مت جانو؟ کیونکہ یَاہوِہ کی وہ سات آنکھیں جو ساری زمین کی سَیر کرتی ہیں، خُوشی سے اِس کام کی شروعات ہوتے ہُوئے اَور اُس ساہول کو جو زرُبّابِیل کے ہاتھ میں ہے دیکھ کر شادمان ہوتی ہے؟“

پھر مَیں نے فرشتہ سے پُوچھا، ”یہ دونوں زَیتُون کے درخت جو چراغدان کے داہنے بائیں ہیں، کیا ہیں؟“

مَیں نے دوبارہ اُس سے پُوچھا، ”زَیتُون کی یہ دو شاخیں کیا ہیں جو سونے کی دو نلیوں کے مُتّصل ہیں اَور جِن میں سے سُنہرا تیل نکل رہاہے؟“

فرشتہ نے جَواب دیا، ”کیا تُمہیں نہیں مَعلُوم کہ یہ کیا ہیں؟“

مَیں نے کہا، ”نہیں، میرے آقا۔“

فرشتہ نے جَواب دیا، ”یہ وہ دو آسمانی مخلُوق ہیں جو تمام زمین کے مالک کی خدمت کے لیٔے مَسح کئے گیٔے ہیں۔“

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.