Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
زکریاؔہ 3
اعلیٰ کاہِن کے لیٔے صَاف سُتھرا لباس
اُس نے مُجھے دِکھایا کہ اعلیٰ کاہِن یہوشُعؔ یَاہوِہ کے فرشتے کے سامنے کھڑا ہے اَور فرشتے کے داہنی طرف شیطان یہوشُعؔ کو مُجرم ٹھہرانے کے لیٔے کھڑا ہے۔ یَاہوِہ نے شیطان سے کہا، ”اَے شیطان، مَیں یَاہوِہ تُمہیں ملامت کرتا ہوں، یَاہوِہ جِس نے یروشلیمؔ کا انِتخاب کیا ہے، تُمہیں ملامت کرتا ہے۔ کیا یہ شخص آگ سے نکالی ہوئی جلتی ہُوئی لاٹھی کی مانند نہیں ہے؟“
اِس وقت یہوشُعؔ مَیلے کپڑے پہنے ہُوئے فرشتے کے سامنے کھڑا تھا۔ تَب یَاہوِہ کے فرشتے نے اُن فرشتوں سے جو اُن کے سامنے کھڑے تھے فرمایا، ”یہوشُعؔ کے مَیلے کپڑے اُتار دو۔“
تَب اُس نے یہوشُعؔ سے کہا، دیکھو، مَیں نے تمہارے گُناہوں کو دُور کر دیا ہے اَور اَب مَیں تُمہیں نفیس پوشاک پہناؤں گا۔
تَب مَیں نے کہا، ”اُس کے سَر پر صَاف عمامہ رکھو،“ اَور اُنہُوں نے اُس کے سَر پر صَاف عمامہ رکھا اَور پوشاک پہنائی اَور یَاہوِہ کا فرشتہ اُس کے پاس کھڑا رہا۔
اُس کے بعد یَاہوِہ کے فرشتے نے یہوشُعؔ کو یہ تاکید کی، ”قادرمُطلق یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں، اگر تُم میری راہوں پر چلوگے اَور میرے تقاضوں پر عَمل کروگے، تو میرے بیت المُقدّس پر حُکومت کروگے اَور میری عدالت کے نگہبان ہوگے اَور مَیں تُمہیں اُن کے درمیان جو یہاں پر کھڑے ہیں، آنے جانے کی اِجازت دُوں گا۔
” ’اَے اعلیٰ کاہِن، یہوشُعؔ، تُم اَور تمہارے ساتھی جو تمہارے سامنے بیٹھے ہیں، وہ آنے والی باتوں کے بطور نِشان ہیں، مَیں اَپنے خادِم یعنی شاخ کو لانے والا ہُوں۔ اُس پتّھر کو دیکھو، جسے مَیں نے یہوشُعؔ کے سامنے رکھا ہے، اُس پتّھر میں سات آنکھیں ہیں، اَور مَیں اُس پر ایک کندہ کاری کروں گا، قادرمُطلق یَاہوِہ فرماتے ہیں، اَور مَیں ایک ہی دِن میں اِس مُلک کے گُناہوں کو دُور کر دُوں گا۔
” ’اُس دِن تُم میں سے ہر ایک اَپنے ہمسایہ کو انگور اَور اَنجیر کے درخت کے نیچے رِفاقت کرنے کے لئے دعوت دے گا،‘ یہ قادرمُطلق یَاہوِہ کا فرمان ہے۔“
Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ “Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.
Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.