Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
ایُّوب 28
درمیانی وفقہ: حِکمت کی بابت بَیان
چاندی کی کان ہوتی ہے
اَور سونے کی بھٹّی جہاں وہ کندن بنتا ہے۔
لوہا زمین سے نکالا جاتا ہے،
اَور کانسے کچّی دھات میں سے گلایا جاتا ہے۔
اِنسان تاریکی کی تہہ تک پہُنچتا ہے؛
اَور سنگریزوں کی جُستُجو میں
ظلمات کے گوشہ گوشہ کو چھان ڈالتا ہے۔
وہ آبادی سے دُور کے اَیسی قِیام گاہوں میں سرنگ لگاتاہے،
جہاں آنے جانے والوں کے قدم نہیں پہُنچ پاتے؛
لوگوں سے دُور وہ جھولتا اَور لٹکتا ہے۔
زمین جِس میں سے اناج اُگتا ہے،
اَندر ہی اَندر پلٹ دی جاتی ہے گویا اُس میں آگ لگ گئی ہو؛
زمین کے پتّھروں میں نیلم،
اَور زمین کی خاک میں سونے کے ذرّے ملتے ہیں۔
کویٔی شِکاری پرندہ وہ خُفیہ راہ نہیں جانتا،
نہ کسی باز کی آنکھ نے اُسے دیکھاہے۔
درندے اُس پر قدم نہیں مارتے،
نہ کویٔی خُونخوار شیر اُدھر سے گزرتا ہے۔
اِنسان کا ہاتھ چقماق کی چٹّان کو توڑ ڈالتا ہے،
اَور پہاڑوں کو جڑ سے اُلٹ دیتاہے۔
وہ چٹّانوں میں سے سُرنگ کھودتا ہے؛
اُن کی آنکھیں اُن کے تمام خزانوں کو دیکھ لیتی ہیں۔
وہ دریاؤں کے منبعوں کو کھوج نکالتے ہیں
اَور خُفیہ اَشیا رَوشنی میں لاتے ہیں۔
”لیکن حِکمت کہاں مِل سکتی ہے؟
اَور سمجھ کہاں بستی ہے؟
اِنسان اُن کی قدر و قیمت کا ادراک نہیں کر سَکتا:
وہ زندوں کی سرزمین میں نہیں پائی جاتی۔
گہراؤ کہتاہے، ”وہ مُجھ میں نہیں“؛
اَور سمُندر کہتاہے، ”وہ میرے پاس نہیں ہے“؛
اُسے خالص سونے سے خریدا نہیں جا سَکتا،
نہ ہی اُس کی قیمت چاندی سے اَدا کی جا سکتی ہے۔
اوفیرؔ کے سونے سے اُس کی قیمت اَدا نہیں کی جا سکتی،
نہ ہی قیمتی سنگِ سُلیمانی اَور نیلم سے۔
نہ سونا نہ بِلّوری شیشہ سے اُس کا مُقابلہ کیا جا سَکتا ہے،
نہ ہی اُسے جواہرات کے عوض حاصل کیا جا سَکتا ہے۔1
مرجان اَور بِلّور ناقابل ذِکر ہیں؛
حِکمت کی قیمت سنگِ یَشب سے کہیں زِیادہ ہے۔
کُوشؔ کا پکھراج اُس کی برابری نہیں کر سَکتا؛
نہ ہی خالص سونے سے اُس کا مول ہو سَکتا ہے۔2
پھر، حِکمت کہاں سے آتی ہے؟
اَور سمجھ کہاں بستی ہے؟
وہ ہر جاندار کی نگاہ سے پوشیدہ ہے،
ہَوا کے پرندوں سے بھی چھُپائی گئی ہے۔
تباہی اَور موت یہ کہتے ہیں،
”اُس کی محض افواہ ہی ہمارے کانوں تک پہُنچی ہے۔“3
خُدا اُس تک جانے والی راہ جانتے ہیں
اَور صِرف وُہی اُس کے مقام سے واقف ہیں،
کیونکہ وہ زمین کی اِنتہا تک نظر کرتے ہیں
اَور آسمان کے نیچے کی ہر چیز کو بھی دیکھتے ہیں۔4
جَب اُنہُوں نے ہَوا کا دباؤ مُقرّر کیا
اَور پانی کو پیمانہ سے ناپا،
جَب اُنہُوں نے مینہ کے لیٔے حُکم جاری کیا
اَور برق و رَعد کی راہ مُقرّر کی،
تَب اُنہُوں نے حِکمت پر نظر کی اَور اُس کا جائزہ لیا؛
اُسے قائِم کیا اَور اُسے پرکھا۔
اَور خُدا نے اِنسان سے فرمایا،
”دیکھو، یَاہوِہ کا خوف ہی حِکمت ہے،
اَور بدی سے دُور رہنا دانشمندی ہے۔“5
Source notes (5)
- Footnote امثا 8:10
- Footnote امثا 8:19
- Footnote مُکا 9:11
- Footnote زبُور 11:4
- Footnote اِست 4:6
Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ “Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.
Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.