Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

ایُّوب 29

ایُّوب کا آخِری دفاع

ایُّوب نے اَپنی تمثیل جاری رکھی:

”کاش میرے وہ گزرے مہینے پھر سے لَوٹ آئیں،

خصوصاً وہ دِن جَب خُدا میرے مُحافظ تھے،

جَب خُدا کا چراغ میرے سَر پرروشن تھا

اَور اُن ہی کا نُور تاریکی میں میری رہنمائی کرتا تھا!

آہ میں اُن دِنوں کے لئے ترستا ہُوں جَب میرا عالمِ شباب تھا،

جَب میرا خیمہ خُدا کی رِفاقت کے سایہ میں تھا،

جَب قادرمُطلق ہُنوز میرے ساتھ تھے

اَور میرے بچّے مُجھے گھیرے رہتے تھے،

جَب میرے پاؤں مکھّن سے دھوئے جاتے تھے

اَور چٹّانیں میرے لیٔے زَیتُون کے تیل کی دریا بہاتی تھیں۔

”جَب مَیں شہر کے پھاٹک1 پر جاتا تھا

اَور چَوک میں اَپنی نشست سنبھالتا تھا،

تو جَوان مُجھے دیکھ کر پرے ہٹ جاتے تھے

اَور عمر رسیدہ لوگ اُٹھ کر کھڑے ہو جاتے تھے؛

اُمرا خاموش ہو جاتے تھے

اَور اَپنے ہاتھ مُنہ پر رکھ لیتے تھے؛

اُمرا چُپ سادھ لیتے تھے،

اَور اُن کی زبان تالُو سے چپک جاتی تھی۔

جو میری بات سُنتا تھا ’مُجھے داد دیتا تھا،‘

اَورجو دیکھتا تھا میری تعریف کرتا تھا،

کیونکہ جَب کویٔی غریب فریاد کرتا تو میں اُس کی دادرسی کرتا تھا،

اَور یتیم کی بھی، جِس کا کویٔی مددگار نہ ہوتا تھا۔

دَم توڑتا ہُوا آدمی مُجھے دعا دیتا تھا؛

میں بِیوہ کے دِل کو شادمان کرتا تھا۔

مَیں نے راستی کا لباس پہن رکھا تھا؛

اِنصاف میرا جُبّہ اَور عمامہ تھا۔

میں اَندھوں کے لیٔے آنکھیں تھا

اَور لنگڑوں کے لیٔے پاؤں۔

میں مُحتاجوں کے لیٔے باپ کی طرح تھا؛

اَور پردیسیوں کے مسائل حل کرتا تھا۔

میں بدکاروں کے جبڑے توڑ ڈالتا تھا

اَور شِکار کو اُن کے دانتوں میں سے کھینچ نکالتا تھا۔

”میرا خیال تھا کہ میں اَپنے ہی گھر میں مروں گا،

اَور میرے دِن ریت کے ذرّوں کی طرح لاتعداد ہوں گے۔

میری جڑیں پانی تک پھیل جایٔیں گی،

اَور رات بھر میری شاخیں اوس سے تر رہیں گی۔

میری عظمت مُجھ میں تازہ رہے گی،

میرے ہاتھ میں ہمیشہ نئی کمان رہے گی۔

”لوگ مُجھے سُننے کے متمنّی رہتے تھے،

اَور میری مشورت کا اِنتظار کرتے تھے۔

میرے بولنے کے بعد وہ پھر نہ بولتے تھے؛

میری باتیں اُن کے کانوں پر بار نہ ہوتی تھیں۔

وہ میرا اَیسا اِنتظار کرتے تھے، جَیسے بارش کا،

اَور میرے الفاظ اَیسے پی لیتے تھے جَیسے وہ بہار کی بارش کے قطرے ہیں۔

جَب مَیں اُن پر مُسکراتا تھا تو وہ مُشکل سے یقین کرتے تھے؛

میرے چہرے کی بشاشت ہی اُن کے لیٔے بیش قیمتی شَے تھی۔

میں اُن کے لیٔے راہ چُنتا اَور اُن کے پیشوا کی حیثیت سے بیٹھتا تھا؛

میں اَیسے رہتا تھا جَیسے بادشاہ اَپنی فَوج میں؛

اَور مَیں غمزدہ کو تسلّی دیتا تھا۔

Source notes (1)
  1. Footnote شہر کے پھاٹک مُراد شہر کی دیوار کے اَندر، شہر کے دروازوں کے قریب کھُلا علاقہ ہے، جہاں شہر کی انتظامیہ کے اِجلاس منعقّد ہوتے تھے ( اِست 21‏:19‏ ) قانُونی لین دین ( رُوتؔ 4‏:1‏،11‏ ) یا بازار 2 سلا 7‏:1؛ 18‏

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.