Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

ایُّوب 27

ایُّوب کا آخِری بَیان

اَور ایُّوب نے اَپنی تمثیل جاری رکھی:

”زندہ خُدا کی قَسم جنہوں نے مُجھ سے اِنصاف نہیں کیا،

اُن قادرمُطلق کی قَسم جنہوں نے میری جان کو تلخ کیا،

جَب تک میرے جِسم میں جان ہے،

اَور خُدا کا دَم میرے نتھنوں میں ہے،

میرے ہونٹوں پر دغا کی بات نہ آئے گی،

اَور میری زبان سے فریب کی بات نہ نکلے گی۔

مَیں کبھی تسلیم نہ کروں گا کہ تُم راستی پر ہو؛

میں مَرتے دَم تک اَپنی دیانتداری پر قائِم رہُوں گا۔

میں اَپنی راستبازی برقرار رکھوں گا اَور اُسے ہرگز نہ چھوڑوں گا؛

جَب تک میں زندہ ہُوں میرا ضمیر مُجھے ملامت نہ کرےگا۔

”میرے دُشمن بدکاروں کی مانند ہُوں،

اَور میرے مُخالف ناراستوں کی طرح!

جَب خُدا کا مُنکر1 مرتا ہے اَور خُدا اُس کی رُوح قبض کر لیتا ہے،

تو اُس کی کویٔی اُمّید باقی نہیں رہتی۔

جَب اُس پر مُصیبت آتی ہے،

تو کیا خُدا اُس کی فریاد سُنتے ہیں؟

کیا وہ قادرمُطلق سے خُوش ہوگا؟

کیا وہ ہر گھڑی خُدا سے دعا کرےگا؟

”میں تُمہیں خُدا کی قُدرت کی تعلیم دُوں گا؛

قادرمُطلق کے طریقے تُم سے نہ چھُپاؤں گا۔

تُم سَب نے خُود دیکھ لیا ہے۔

پھر یہ فُضول باتیں کیوں کرتے ہو؟

”خُدا کی طرف سے بدکار اِنسان کا اَیسا ہی حَشر ہوتاہے،

قادرمُطلق ظالموں کو اَیسی ہی مِیراث دیتے ہیں:

اُس کے بچّے کتنے ہی زِیادہ ہُوں، وہ تلوار کا لقمہ بنیں گے؛

اُس کی اَولاد بھُوکی مَرے گی۔

جو باقی بچیں گے اُنہیں وَبا دفن کر دے گی،

اَور اُن کی بیوائیں اُن کے لیٔے ماتم نہ کریں گی۔

خواہ وہ مٹّی کی طرح چاندی کا ڈھیر لگا لے

اَور گارے کی طرح کپڑوں کا ذخیرہ کر لے،

وہ جو بھی جمع کرےگا اُسے راستباز پہنے گا،

اَور بے قُصُور اُس کی چاندی بانٹ لیں گے۔

جو گھر وہ بناتا ہے وہ مکڑی کے گھر کی مانند ہے،

گویا ایک چوکیدار کی جھوپڑی۔

دولتمندی کے بِستر پر اُس کی نیند ختم ہونے والی ہے؛

جَب اُس کی آنکھ کھُلے گی تو سَب کچھ جاچُکا ہوگا۔

اُسے دہشتیں سیلاب کی طرح آ پکڑتی ہیں؛

رات کو طُوفان اُسے جھپٹ لیتا ہے۔

مشرقی ہَوا اُسے اُڑا لے جاتی ہے اَور وہ جاتا رہتاہے؛

وہ اُسے اَپنی جگہ سے اُکھاڑ پھینکتی ہے۔

وہ ہَوا2 اُسے نہایت ہی بے رحمی سے اُکھاڑ پھیکتی ہے

جَیسے ہی وہ اُس کی زد سے بھاگنے کی کوشش کرتا ہے

لوگ تالیاں بجا کر اُس کا مذاق اُڑاتے ہیں

اَور اُسے اُس کی جگہ سے دُور کھدیڑ دیتی ہے۔

Source notes (2)
  1. Footnote خُدا کا مُنکر یہاں تک کہ جَب خُدا بے دین کو ختم کر دیتاہے۔
  2. Footnote ہَوا خُدا

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.