Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
ایُّوب 26
ایُّوب
تَب ایُّوب نے جَواب دیا:
”تُم نے ایک بےبس اِنسان کی کیسی مدد کی!
اَور ایک ناتواں بازو کو کیسے سنبھالا!
ایک نادان کو کیسی صلاح دی!
تُم نے کیسی عظیم دانائی کا مظاہرہ کیا!
تُم نے یہ باتیں کہاں سے سیکھی ہیں؟
اَور کس کی رُوح تُم میں ہوکر بولی ہے؟
”مُردوں کی رُوحیں سخت عذاب میں ہیں،
وہ جو پانی کے نیچے ہیں اَور وہ سَب جو اُس میں رہتے ہیں لرزاں ہیں۔
پاتال خُدا کے سامنے بے حجاب ہے؛
جہنّم بے پردہ ہو چُکی ہے۔
خُدا شمال کو خلا میں پھیلا دیتے ہیں؛
اَور زمین کو بغیر سہارے کے لٹکاتے ہیں۔
وہ پانی کو اَپنے بادلوں میں سمیٹ لیتے ہیں،
پھر بھی بادل اُن کے بوجھ سے پھٹتے نہیں۔
وہ ماہِ کامل کا چہرہ،
اَپنے بادل پھیلا کر ڈھانک لیتے ہیں۔
اُنہُوں نے پانی کی سطح پر اُفق کا دائرہ بنا دیا ہے
تاکہ رَوشنی اَور تاریکی کے درمیان حَد قائِم ہو جائے۔
آسمان کے سُتون
اُن کی تادیب سے لرزنے لگتے ہیں،
اَپنی قُدرت سے اُنہُوں نے سمُندر کو موجزن کیا؛
اَور اَپنی حِکمت سے راحبؔ کے ٹکڑے ٹکڑے کر دئیے۔
اُن کی پھُونک1 سے آسمان صَاف ہو گئے؛
اُن کے ہاتھ نے بڑے سانپ2 کو چھیدا ہے۔
لیکن یہ تو اُن کے عجائب کی ایک جھلک ہے؛
اُن کی آواز کس قدر دھیمی سُنایٔی دیتی ہے!
پھر بھلا اُن کی جبّاری کی گرج سُننے کی کس کو سمجھ ہوگی؟“
Source notes (2)
- Footnote پھُونک رُوح
- Footnote بڑے سانپ ڈریگن
Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ “Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.
Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.