Biblica® Open Urdu Contemporary Version 2024
زبُور 124
نغمۂ صعُود۔ عبادت کے لئے مُسافری نغمہ۔ داویؔد کا زبُور۔
اگر یَاہوِہ ہماری طرف نہ ہوتے۔
اِسرائیل یُوں کہے،
اگر یَاہوِہ اُس وقت ہماری طرف نہ ہوتے
جَب لوگوں نے ہم پر حملہ کیا،
جَب اُن کا قہر ہم پر بھڑکا،
تو وہ ہمیں زندہ ہی نگل جاتے؛
سیلاب نے ہمیں غرق کر دیا ہوتا،
تیزرَو موجیں ہم پر سے گزر جاتیں،
اَور پانی کا جوش و خروش
ہمیں بہا لے جاتا۔
یَاہوِہ کی سِتائش ہو،
جنہوں نے ہمیں اُن کے دانتوں کا شِکار نہ ہونے دیا۔
ہم ایک چڑیا کی مانند
صیّاد کے جال میں سے بچ نکلے؛
جال ٹوٹ گیا،
اَور ہم بچ نکلے۔
ہماری مدد یَاہوِہ کے نام سے ہے،
جو آسمان اَور زمین کے خالق ہیں۔
Biblica® Open Urdu Contemporary Version 2024. Copyright © Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. Source: Open.Bible. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.
Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-11-09.