Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

غزل الغزلات 5

محبُوب

اَے میری بہن، اَے میری دُلہن، اَب مَیں اَپنے باغ میں داخل ہو گیا ہُوں؛

مَیں نے اَپنا مُر اَپنے بلسان سمیت جمع کر لیا ہے۔

مَیں نے اَپنا شہد سمیت چھتّہ بھی کھا لیا ہے؛

مَیں نے اَپنی مَے اَور اَپنا دُودھ پی لیا ہے۔

رفیق

اَے دوستوں! کھاؤ اَور پیو؛

اَے عزیزوں! مَحَبّت کے نشے میں چور ہو جاؤ۔

محبُوبہ

میں سوئی ہویٔی تھی مگر میرا دِل جاگ رہاتھا۔

سُنو! میرا محبُوب کھٹکھٹا رہاہے:

”اَے میری بہن! اَے میری محبُوبہ! میرے لیٔے دروازہ کھولو،

میری کبُوتری، میری کامل ساتھی۔

میرا سَر شبنم سے تر ہے،

اَور میری زُلفیں رات کی شبنم سے بھیگی ہُوئی ہیں۔“1

میں تو اَپنا لباس اُتار چُکی ہُوں،

اَب مَیں کیسے اُسے دوبارہ پھر سے پہنوں؟

میں تو اَپنے پاؤں دھو چُکی ہُوں

کیا میں اُنہیں پھر سے مَیلا کروں؟

میرے محبُوب نے دروازہ کے چھید میں سے قُفل کھولنے کے لیٔے اَپنا ہاتھ بڑھایا؛

تبھی میرا دِل اُس کے لیٔے بیتاب ہو گیا۔

میں اُٹھی کہ اَپنے محبُوب کے لیٔے دروازہ کھولوں،

اَور میرے ہاتھوں سے مُر ٹپک رہاتھا،

اَور میری اُنگلیوں سے ٹپکتا ہُوا

قُفل کے دستوں پر جا گرا

مَیں نے اَپنے محبُوب کے لیٔے دروازہ کھولا،

مگر میرا محبُوب وہاں سے جاچُکا تھا۔

اُس کے چلے جانے سے مُجھے سخت صدمہ ہُوا۔

مَیں نے اُسے تلاشا لیکن وہ نہ مِلا۔

مَیں نے اُسے پُکارا لیکن اُس نے جَواب نہ دیا۔

شہر میں گشت لگانے والے پہرےداروں سے

میری مُلاقات ہویٔی۔

اُنہُوں نے مُجھے مارا اَور زخمی کر دیا؛

شہرپناہ کے اُن مُحافظوں نے میری چادر چھین لی۔

اَے یروشلیمؔ کی بیٹیوں، میں تُمہیں قَسم دیتی ہُوں کہ

اگر میرا محبُوب تُمہیں مِل جائے،

تو تُم اُسے کیا بتاؤگی؟

اُسے بتانا کہ میں اُس کے مَحَبّت میں پاگل ہو گئی ہُوں۔

سہیلیاں

اَے خواتین میں سَب سے حسین؟

ہمیں بتاؤ کہ تمہارے محبُوب میں اَیسی کیا خاصیت ہے جو دُوسروں میں نہیں ہے۔

تمہارا محبُوب اَوروں سے کس طرح سبقت رکھتا ہے کہ،

تُم ہمیں اَیسی قَسم کھِلانا چاہتی ہے؟

محبُوبہ

میرا محبُوب سُرخ اَور صحت مند ہے،

وہ تو دس ہزاروں میں بھی ممتاز ہے۔

اُس کا سَر خالص سونا ہے؛

اُس کے بال گھنگرالے

اَور کوّے کی طرح کالے ہیں۔

اُس کی آنکھیں دریاؤں کے کنارے کے

اُن کبُوتروں کی مانند چمکدار ہیں،

جو دُودھ میں نہایٔے،

اَور جواہرات کی مانند جڑے ہویٔے ہیں۔

اُس کے رُخسار بلسان کی کیاریاں ہیں

جو نہایت ہی خُوشبودار ہیں۔

اُس کے ہونٹ شُوشنؔ کے پھُولوں کی مانند ہیں

جِن سے مُر ٹپکتا ہے۔

اُس کے بازو سونے کی سلاخیں ہیں؛

جِن میں پکھراج جڑے ہیں۔

اُس کا پیٹ چمکتے ہُوئے ہاتھی دانت کی مانند ہے،

جِن میں نیلم جڑے ہُوئے ہیں۔

اُس کی ٹانگیں سنگِ مرمر کے سُتون ہیں،

جو خالص سونے کے پایوں پر قائِم ہیں۔

اُس کا چہرا کوہِ لبانونؔ کی مانند،

اَور دیودار کی طرح بے نظیر ہے۔

اُس کی باتیں میٹھی ہیں؛

غرض وہ ہر لحاظ سے لطیف ہے۔

اَے یروشلیمؔ کی بیٹیوں،

یہ ہے میرا محبُوب، میرا رفیق۔

Source notes (1)
  1. Footnote مُکا 3‏:20‏

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.