Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
غزل الغزلات 4
محبُوب
اَے میری محبُوبہ تُم کتنی خُوبصورت ہو!
دیکھ، تُم کتنی حسین ہو!
حجاب کے پیچھے تمہاری آنکھیں جُڑواں کبُوتر کی مانند ہیں۔
اَور تمہارے بال بکریوں کے گلّہ کی مانند ہیں
جو گویا کوہِ گِلعادؔ1 سے نیچے اُتر رہی ہُوں۔2
تمہارے دانت بھیڑوں کے ایک اَیسے گلّہ کی مانند ہیں،
جِن کے بال ابھی ابھی کترے گیٔے ہُوں
اَورجو غُسل کرکے آ رہی ہُوں۔
جِن میں سَب جُڑواں بچّے ہیں؛ اَور اُن میں کویٔی بھی اکیلا نہیں ہے۔
تمہارے ہونٹ سُرخ لال فیتے کی مانند ہیں؛
اَور تمہارا مُنہ دلکش ہے۔
حجاب کے نیچے تمہارے گالوں کی جھلک
انار کے ٹُکڑوں کی مانند دِکھائی دیتی ہے۔
اَور تمہاری گردن داویؔد کے تعمیر کَردہ بُرج کی مانند سیدھی ہے،
جسے تراش کر بنایا گیا ہے؛
جِس پر ہزار سپریں لٹکی ہُوئی ہیں،
اَور وہ سَب جنگجوؤں کی سپریں ہیں۔
تمہاری دونوں چھاتِیاں،
کسی غزال کے جُڑواں بچّوں کی مانند ہیں
جو شُوشنؔ کے پھُولوں کے درمیان چرتے ہیں۔
جَب تک کہ صُبح نہ ہو جائے
اَور اَندھیرا غائب نہ ہو جایٔے،
میں مُر کے پہاڑ
اَور لوبان کے پہاڑی پر چڑھوں گا۔
اَے میری محبُوبہ، تُم سَب سے حسین ہو؛
تُم میں کویٔی نُقص نہیں ہے۔3
اَے میری دُلہن، لبانونؔ کی پہاڑی سے میرے ساتھ چلی آؤ؛
لبانونؔ سے میرے ساتھ چلی آؤ۔
ہم کوہِ امانہؔ کی چوٹی سے،
کوہِ سنیرؔ اَور کوہِ حرمُونؔ کی چوٹیوں سے نیچے اُتریں،
شیروں کی ماندوں
اَور چیتوں کے پہاڑوں سے اُتریں۔
اَے میری بہن، اَے میری دُلہن، تُم نے میرا دِل چُرا لیا ہے؛
اَپنی ایک ہی نظر سے
تُم نے میرا دِل چُرا لیا،
اَپنے گلے کے ہار کے ایک ہی موتی سے، تُم نے میرا دِل چُرا لیا۔
اَے میری بہن، اَے میری دُلہن، تمہارا عشق کتنا پُرکیف ہے!
تمہارا عشق مَے سے بھی زِیادہ لطیف ہے،
اَور تمہارے عِطر کی مہک
ہر طرح کے مَسالوں کی خُوشبو سے بہتر ہے!4
اَے میری دُلہن، شہد کے چھتّہ کی مانند تمہارے لبوں سے شہد ٹپکتا ہے؛
دُودھ اَور شہد تمہاری زبان تلے رہتے ہیں،
اَور تمہاری پوشاک کی خُوشبو
لبانونؔ کی خُوشبو کی مانند ہے۔
اَے میری بہن، اَے میری دُلہن، تُم ایک مُقفّل باغیچہ ہو؛
تُم ایک محفوظ سوتا اَور ایک سَر بمُہر چشمہ ہو۔
تُم تو اناروں کے پَودے کا ایک باغیچہ ہو،
جِس میں نفیس پھل،
حِنا اَور جٹاماسی بھی ہیں،
جٹاماسی اَور زعفران،
بید مُشک اَور دارچینی،
اَور ہر قِسم کے لوبان کے درخت،
مُر اَور عُود
اَور اعلیٰ قِسم کے خُوشبودار مَسالے پھلتے ہیں۔
تُم باغوں کو سیراب کرنے والے چشمے،
اَور بہتے کنویں کا جھرنا ہو،
جو کوہِ لبانونؔ سے نیچے کی طرف بہہ رہی ہے۔
محبُوبہ
اَے بادِ شمال بیدار ہو،
اَور اَے بادِ جُنوب! چلی آؤ۔
میرے باغ پر سے گزرو،
تاکہ اِس کے مَسالوں کی خُوشبو چاروں طرف پھیل جائے۔
میرا محبُوب اَپنے باغ میں آئے
اَور اُس کے لذیذ میوؤں کا ذائقہ لے۔
Source notes (4)
- Footnote کوہِ گِلعادؔ گِلعادؔ کا علاقہ شمالی یردنؔ میں ہے اَور اِنتہائی زرخیز چراگاہ ہے۔
- Footnote امثا 5:19
- Footnote اِفِ 5:27
- Footnote یُوح 4:10؛ یَشع 12:3
Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ “Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.
Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.