Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
متّی 5
پہاڑی واعظ کا تعارف
یِسوعؔ اُس بڑے ہُجوم کو دیکھ کر پہاڑ پر چڑھ گیٔے اَور جَب بیٹھ گیٔے تو آپ کے شاگرد آپ کے پاس آئے تَب یِسوعؔ اُنہیں تعلیم دینے لگے۔
مُبارک بادِیاں
یِسوعؔ نے فرمایا:
”مُبارک ہیں وہ جو دِل کے حلیم ہیں،
کیونکہ آسمان کی بادشاہی اُن ہی کی ہے،
مُبارک ہیں وہ جو غمگین ہیں،
کیونکہ وہ تسلّی پائیں گے۔
مُبارک ہیں وہ جو حلیم ہیں،
کیونکہ وہ زمین کے وارِث ہوں گے۔
مُبارک ہیں وہ جنہیں راستبازی کی بھُوک اَور پیاس ہے،
کیونکہ وہ آسُودہ ہوں گے۔
مُبارک ہیں وہ جو رحم دِل ہیں،
کیونکہ اُن پر رحم کیا جائے گا۔
مُبارک ہیں وہ جو پاک دِل ہیں،
کیونکہ وہ خُدا کو دیکھیں گے۔
مُبارک ہیں وہ جو صُلح کراتے ہیں،
کیونکہ وہ خُدا کے بیٹے کہلایٔیں گے۔
مُبارک ہیں وہ جو راستبازی کے سبب ستائے جاتے ہیں،
کیونکہ آسمان کی بادشاہی اُن ہی کی ہے۔
”مُبارک ہو تُم جَب لوگ تُمہیں میرے سبب سے لَعن طَعن کریں اَور ستائیں اَور طرح طرح کی بُری باتیں تمہارے بارے میں ناحق کہیں۔ تو تُم خُوش ہونا اَور جَشن منانا کیونکہ تُمہیں آسمان پر بڑا اجر حاصل ہوگا۔ اِس لیٔے کہ اُنہُوں نے اُن نبیوں کو بھی جو تُم سے پہلے تھے اِسی طرح ستایا تھا۔
نمک اَور نُور
”تُم زمین کے نمک ہو لیکن اگر نمک کی نمکینی جاتی رہے تو اُسے دوبارہ کیسے نمکین کیا جائے گا؟ تَب تو وہ کسی کام کا نہیں رہتا سِوائے اِس کہ اُسے باہر پھینک دیا جائے اَور لوگوں کے پاؤں سے روندا جائے۔
”تُم دُنیا کے نُور ہو۔ پہاڑی پر بسا ہُوا شہر چھُپ نہیں سَکتا۔ اَور لوگ چراغ جَلا کر پیمانے کے نیچے نہیں لیکن چراغدان پر رکھتے ہیں تاکہ وہ گھر کے سارے لوگوں کو رَوشنی دے۔ اِسی طرح تمہاری رَوشنی لوگوں کے سامنے چمکے تاکہ وہ تمہارے نیک کاموں کو دیکھ کر تمہارے آسمانی باپ کی تمجید کریں۔
شَریعت کی تکمیل
”یہ نہ سمجھو کہ میں توریت یا نبیوں کی کِتابوں کو منسُوخ کرنے آیا ہُوں؛ میں اُنہیں منسُوخ کرنے نہیں لیکن پُورا کرنے آیا ہُوں۔ کیونکہ مَیں تُم سے سچ کہتا ہُوں کہ جَب تک آسمان اَور زمین نابُود نہیں ہو جاتے، شَریعت سے ایک نُکتہ یا ایک شوشہ تک جَب تک سَب کُچھ پُورا نہ ہو جائے ہرگز مٹنے نہ پایٔےگا۔ اِس لیٔے جو کویٔی اِن چُھوٹے سے چُھوٹے حُکموں میں سے کسی بھی حُکم کو توڑتا ہے اَور دُوسروں کو بھی یہی کرنا سِکھاتا ہے تو وہ آسمان کی بادشاہی میں سَب سے چھوٹا کہلائے گا؛ لیکن جو اِن پر عَمل کرتا اَور تعلیم دیتاہے؛ وہ آسمان کی بادشاہی میں بڑا کہلائے گا۔ کیونکہ مَیں تُم سے کہتا ہُوں کہ جَب تک تمہاری راستبازی شَریعت کے عالِموں اَور فریسیوں سے بہتر نہ ہوگی، تو تُم آسمان کی بادشاہی میں ہرگز داخل نہ ہوگے۔
قتل
”تُم سُن چُکے ہو کہ پُرانے زمانہ کے لوگوں سے کہا گیا تھا کہ ’تُم خُون نہ کرنا اَورجو خُون کرےگا1 وہ عدالت کی طرف سے سزا پایٔےگا۔‘ لیکن مَیں تُم سے یہ کہتا ہُوں کہ جو کویٔی اَپنے بھایٔی یا بہن یا دوست پر ناحق غُصّہ کرتا ہے تو وہ بھی عدالت کی طرف سے سزا پایٔےگا۔ اَورجو کویٔی اَپنے بھایٔی یا بہن کو ’راکا،‘2 کہے گا وہ عدالتِ عالیہ میں جَوابدہ ہوگا اَورجو اُنہیں ’بےوقُوف اِنسان!‘ کہے گا وہ جہنّم کی آگ کا سزاوار ہوگا۔
”چنانچہ، اگر قُربان گاہ پر نذر چڑھاتے وقت تُمہیں یاد آئے کہ تمہارے بھایٔی یا بہن کو تُم سے کویٔی شکایت ہے، تو اَپنی نذر وہیں قُربان گاہ کے سامنے چھوڑ دے اَور جا کر پہلے اَپنے بھایٔی یا بہن سے صُلح کر لے، پھر آکر اَپنی نذر چڑھا۔
”اگر تمہارا دُشمن تُمہیں عدالت میں لے جا رہا ہو تو راستے ہی میں جلدی سے اُس سے صُلح کر لو ورنہ وہ تُمہیں مُنصِف کے حوالے کر دے گا اَور مُنصِف تُمہیں سپاہی کے حوالہ کر دے گا اَور سپاہی تُمہیں لے جا کر قَیدخانہ میں ڈال دیں گے۔ میں تُم سے سچ کہتا ہُوں کہ جَب تک تُم ایک ایک پیسہ اَدا نہ کر دوگے، وہاں سے ہرگز نکل نہ پاؤگے۔
زناکاری
”تُم سُن چُکے ہو کہ کہا گیا تھا، ’تُم زنا نہ کرنا۔‘3 لیکن مَیں تُم سے کہتا ہُوں کہ جو کویٔی کسی خاتُون پر بُری نظر ڈالتا ہے وہ اَپنے دِل میں پہلے ہی اُس کے ساتھ زنا کر چُکا۔ اِس لیٔے اگر تمہاری داہنی آنکھ تمہارے لیٔے ٹھوکر کا باعث بنتی ہے تو اُسے نکال کر پھینک دو۔ کیونکہ تمہارے لیٔے یہی بہتر ہے کہ تمہارے اَعضا میں سے ایک عُضو جاتا رہے اَور تمہارا سارا بَدن جہنّم کی آگ میں نہ ڈالا جائے۔ اَور اگر تمہارا داہنا ہاتھ تمہارے لیٔے ٹھوکر کا باعث ہو تو، اُسے کاٹ کر پھینک دو۔ تمہارے لیٔے یہی بہتر ہے کہ تمہارے اَعضا میں سے ایک عُضو جاتا رہے اَور تمہارا سارا بَدن جہنّم میں نہ ڈالا جائے۔
طلاق
”یہ بھی کہا گیا تھا کہ ’جو کویٔی اَپنی بیوی کو چھوڑ دے اُسے لازِم ہے کہ ایک طلاق4 نامہ لِکھ کر اُسے دے۔‘ لیکن مَیں تُم سے کہتا ہُوں کہ جو کویٔی اَپنی بیوی کو جنسی بدفعلی کے باعث نہیں لیکن کسی اَور وجہ سے طلاق دیتاہے، تو وہ اُسے زناکار بنانے کا سبب بنتا ہے، اَورجو کویٔی اُس طلاق شُدہ خاتُون سے شادی کرتا ہے، تو وہ بھی زنا کرتا ہے۔
قَسمیں کھانا
”اَور تُم یہ بھی سُن چُکے ہو کہ پُرانے زمانہ کے لوگوں سے کہا گیا تھا، ’جھُوٹی قَسم نہ کھانا، لیکن اگر خُداوؔند کی قَسمیں کھاؤ تو اُنہیں پُورا کرنا۔‘ لیکن مَیں تُم سے کہتا ہُوں کہ قَسم ہرگز نہ کھانا: نہ تو آسمان کی، کیونکہ وہ خُدا کا تخت ہے؛ اَور نہ زمین کی، کیونکہ وہ اُس کے پاؤں کی چوکی ہے؛ نہ یروشلیمؔ کی، کیونکہ وہ عظیم بادشاہ کا شہر ہے۔ اَور نہ اَپنے سَر کی قَسم کھانا کیونکہ تُم اَپنے ایک بال کو بھی سفید یا سیاہ نہیں کر سکتے۔ چنانچہ تمہارا کلام ’ہاں‘ کی جگہ ہاں اَور ’نہیں‘ کی جگہ نہیں ہو؛ کیونکہ جو کُچھ اِس کے علاوہ ہے وہ اُس شیطان سے ہے۔
اِنتقام لینا
”تُم سُن چُکے ہو کہ کہا گیا تھا، ’آنکھ کے بدلے آنکھ اَور دانت کے بدلے دانت۔‘5 لیکن مَیں تُم سے کہتا ہُوں کہ بُرے اِنسان کا مُقابلہ ہی مت کرنا۔ اگر کویٔی تمہارے داہنے گال پر تھپّڑ مارے تو دُوسرا بھی اُس کی طرف پھیر دے۔ اَور اگر کویٔی تُم پر مُقدّمہ کرکے تمہارا چوغہ لینا چاہتاہے تو اُسے کُرتا بھی دے دو۔ اگر کویٔی تُمہیں ایک کِلومیٹر چلنے کے لیٔے مجبُور کرتا ہے تو اُس کے ساتھ دو کِلومیٹر چلے جاؤ۔ جو تُم سے کُچھ مانگے اُسے ضروُر دو، اَورجو تُم سے قرض لینا چاہتاہے اُس سے مُنہ نہ موڑو۔
دُشمنوں سے مَحَبّت
”تُم سُن چُکے ہو کہ کہا گیا تھا، ’اَپنے پڑوسی سے مَحَبّت رکھو6 اَور اَپنے دُشمن سے عداوت۔‘ لیکن مَیں تُم سے کہتا ہُوں کہ اَپنے دُشمنوں سے مَحَبّت رکھو اَورجو تُمہیں ستاتے ہیں اُن کے لیٔے دعا کرو، تاکہ تُم اَپنے آسمانی باپ کے بیٹے بَن سکو۔ کیونکہ وہ اَپنا سُورج بدکار اَور نیکوکار دونوں پرروشن کرتا ہے، اَور راستباز اَور بےدینوں دونوں پر مینہ برساتا ہے۔ اگر تُم صِرف اُن ہی سے مَحَبّت رکھتے ہو جو تُم سے مَحَبّت رکھتے ہیں، تو تُم کیا اجر پاؤگے؟ کیا محصُول لینے والے بھی اَیسا نہیں کرتے؟ اَور اگر تُم صِرف اَپنے ہی بھائیوں کو سلام کرتے ہو تو تُم دُوسروں سے کیا زِیادہ بہتر کرتے ہو؟ کیا غَیریہُودی بھی اَیسا نہیں کرتے؟ پس تُم کامِل بنو جَیسا کہ تمہارا آسمانی باپ کامِل ہے۔
Source notes (6)
- Footnote خُرو 20:13
- Footnote راکا ایک ارامی اِصطلاح۔
- Footnote خُرو 20:14
- Footnote اِست 24:1
- Footnote خُرو 21:24؛ اَحبا 24:20؛ اِست 19:21
- Footnote اَحبا 19:18
Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ “Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.
Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.