Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

متّی 1

حُضُور یِسوعؔ کا نَسب نامہ

حُضُور یِسوعؔ المسیح1 اِبن داویؔد اَور اِبن اَبراہامؔ کا نَسب نامہ2 یہ ہے:

حضرت اَبراہامؔ سے حضرت اِصحاقؔ پیدا ہویٔے،

اَور حضرت اِصحاقؔ سے حضرت یعقوب،

حضرت یعقوب سے حضرت یہُوداہؔ اَور اُن کے بھایٔی پیدا ہُوئے،

حضرت یہُوداہؔ سے فارصؔ اَور زیراحؔ پیدا ہُوئے، اُن کی ماں کا نام تامارؔ تھا،

اَور فارصؔ سے حصرونؔ،

حصرونؔ سے ارام پیدا ہویٔے،

ارام سے عَمّیندابؔ،

اَور عَمّیندابؔ سے نحسُونؔ،

اَور نحسُونؔ سے سَلمونؔ پیدا ہویٔے،

اَور سَلمونؔ سے بُوعزؔ پیدا ہویٔے، اُن کی ماں کا نام راحبؔ تھا،

حضرت بُوعزؔ سے عوبیدؔ پیدا ہویٔے اُن کی ماں کا نام رُوتؔ تھا،

حضرت عوبیدؔ سے یِشائی پیدا ہویٔے،

اَور حضرت یِشائی سے حضرت داویؔد بادشاہ پیدا ہویٔے۔

حضرت داویؔد سے حضرت شُلومونؔ پیدا ہویٔے، جو آپ کی ماں پہلے اورِیّاہؔ کی بیوی تھی،

حضرت شُلومونؔ سے رحُبعامؔ،

رحُبعامؔ سے ابیّاہؔ،

ابیّاہؔ سے آساؔ پیدا ہویٔے،

آساؔ سے یہوشافاطؔ،

یہوشافاطؔ سے یُورامؔ،

یُورامؔ سے عُزّیاہؔ پیدا ہویٔے،

اَور عُزّیاہؔ سے یُوتامؔ،

یُوتامؔ سے آخزؔ،

آخزؔ سے حِزقیاہؔ پیدا ہویٔے،

اَور حِزقیاہؔ سے منشّہ،

منشّہ سے امُونؔ،

امُونؔ سے یُوشیاہؔ پیدا ہویٔے،

یہُودیوں کے جَلاوطن ہوکر بابیل جاتے وقت یُوشیاہؔ سے یخونیاؔہ اَور اُس کے بھایٔی پیدا ہُوئے۔3

بابیل میں جَلاوطنی کے بعد:

یخونیاؔہ سے شیالتی ایل،

اَور شیالتی ایل سے زرُبّابِیل پیدا ہویٔے،

اَور حضرت زرُبّابِیل سے اَبِیہُودؔ،

اَور اَبِیہُودؔ سے اِلیاقیؔم

اَور اِلیاقیؔم سے عازُورؔ پیدا ہویٔے،

اَور حضرت عازُورؔ سے صدُوقؔ،

اَور صدُوقؔ سے اَخِیمؔ،

اَور اَخِیمؔ سے اِلیہُودؔ پیدا ہویٔے،

اَور اِلیہُودؔ سے الیعزرؔ،

اَور الیعزرؔ سے متّانؔ،

اَور متّانؔ سے یعقوب پیدا ہویٔے،

اَور حضرت یعقوب سے یُوسیفؔ پیدا ہویٔے جو حضرت مریمؔ کے شوہر تھے اَور حضرت مریمؔ سے یِسوعؔ پیدا ہویٔے جو المسیح کَہلاتے ہیں۔

چنانچہ حضرت اَبراہامؔ سے حضرت داویؔد تک چودہ پُشتیں، حضرت داویؔد سے یہُودیوں کے جَلاوطن ہوکر بابیل جانے تک چودہ پُشتیں اَور بابیل میں جَلاوطنی کے ایّام سے المسیح تک چودہ پُشتیں ہُوئیں۔

حُضُور یِسوعؔ کی پیدائش

یِسوعؔ المسیح کی پیدائش اِس طرح ہُوئی4 کہ جَب آپ کی ماں حضرت مریمؔ کی منگنی حضرت یُوسیفؔ کے ساتھ ہویٔی تو وہ شادی سے پہلے ہی پاک رُوح کی قُدرت سے حاملہ پائی گئیں۔ اُن کے شوہر حضرت یُوسیفؔ ایک راستباز آدمی5 تھے، اِس لیٔے اُنہُوں نے چُپکے سے طلاق دینے کا اِرادہ کر لیا تاکہ حضرت مریمؔ کی بدنامی نہ ہو۔

ابھی وہ یہ باتیں سوچ ہی رہے تھے کہ خُداوؔند کے ایک فرشتہ نے خواب میں ظاہر ہوکر اُن سے فرمایا، ”اَے یُوسیفؔ، اِبن داویؔد! اَپنی بیوی مریمؔ کو اَپنے گھر لے آنے سے مت ڈر کیونکہ جو اُن کے پیٹ میں ہے وہ پاک رُوح کی قُدرت سے ہے۔ مریمؔ کو ایک بیٹا ہوگا اَور تُم اُس کا نام یِسوعؔ6 رکھنا کیونکہ وُہی اَپنے لوگوں کو اُن کے گُناہوں سے نَجات دیں گے۔“

یہ سَب کُچھ اِس لیٔے ہُوا تاکہ خُداوؔند نے جو کلام نبی کی مَعرفت فرمایا تھا، وہ پُورا ہو: ”ایک کنواری حاملہ ہوگی اَور اُس سے ایک بیٹا پیدا ہوگا اَور اُس کا نام عِمّانُوایلؔ رکھا جایٔےگا،“7 جِس کا ترجُمہ ہے ”خُدا ہمارے ساتھ۔“

حضرت یُوسیفؔ نے نیند سے جاگ کر جَیسا خُداوؔند کے فرشتہ نے اُنہیں حُکم دیا تھا وَیسا ہی کیا اَور اَپنی بیوی، حضرت مریمؔ کو گھر لے آئے۔ لیکن یِسوعؔ کی پیدائش ہونے تک وہ اُن سے دُور رہے، اَور حضرت یُوسیفؔ نے بچّے کا نام یِسوعؔ رکھا۔

Source notes (7)
  1. Footnote المسیح مخصُوص کیا ہُوا یعنی المسیح کے لیٔے اصل یُونانی زبان میں خِرستُس لفظ آیا ہے۔‏
  2. Footnote نَسب نامہ یعنی آباؤاَجداد کی نَسل کادستاویز‏
  3. Footnote یخونیاؔہ یعنی یہُویاکینؔ کی ایک مُختلف ہجّے یخونیاؔہ ہے جو یُونانی زبان میں ہے۔ دیکھئے: 2 سلا 24‏:6؛ 1 توا 3‏:16‏ ‏
  4. Footnote حُضُور یِسوعؔ کی وِلادت کچھ اِس طرح ہویٔی تھی
  5. Footnote راستباز آدمی ایک نیک اِنسان
  6. Footnote یِسوعؔ یُونانی زبان میں یشُوعؔ ہے جِس کے معنی مُنجّی یا یَاہوِہ نَجات دینے والا ہے۔‏
  7. Footnote یَشع 7‏:14‏ ‏

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.