Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

پیدائش 45

یُوسیفؔ کا اَپنے آپ کو ظاہر کرنا

تَب یُوسیفؔ اَپنے سارے خدمت گاروں کے سامنے خُود کو ضَبط نہ کر سکے اَور یُوسیفؔ نے چِلّاکر کہا، ”سَب کو یہاں سے نکال دو!“ تَب یُوسیفؔ نے اَپنے آپ کو اَپنے بھائیوں پر ظاہر کیا اَور اُس وقت اُن کے خدمت گاروں میں سے کویٔی یُوسیفؔ کے پاس نہ تھا۔ اَور وہ اِس قدر زور زور سے روئے کہ مِصریوں نے اُن کے رونے کی آواز سُنی اَور فَرعوہؔ کے گھر والوں کو بھی اِس بات کی خبر ہو گئی۔

یُوسیفؔ نے اَپنے بھائیوں سے کہا، ”میں یُوسیفؔ ہُوں! کیا میرے باپ اَب تک زندہ ہیں؟“ لیکن اُن کے بھائیوں کے مُنہ سے جَواب میں ایک لفظ بھی نہ نِکلا کیونکہ وہ یُوسیفؔ کے سامنے خوفزدہ ہو گئے تھے۔

تَب یُوسیفؔ نے اَپنے بھائیوں سے کہا، ”میرے قریب آؤ۔“ اَور جَب وہ اُن کے قریب آئے تو یُوسیفؔ نے کہا، ”میں تمہارا بھایٔی یُوسیفؔ ہُوں، جسے تُم نے مِصریوں کے ہاتھ بیچا تھا! اَور میرے یہاں بیچے جانے کے باعث اَب تُم نہ تو اَپنے دِل میں پریشان ہو اَور نہ اَپنے آپ پر خفا ہو؛ کیونکہ خُدا نے مُجھے تُم سے آگے یہاں بھیجا تاکہ میں کیٔی لوگوں کی جانیں بچا سکوں۔ اِس لیٔے کہ اَب دو سال سے مُلک میں قحط پڑا ہُواہے اَور آئندہ پانچ سالوں تک نہ ہل چلیں گے اَور نہ فصل کٹے گی۔ لیکن خُدا نے مُجھے تمہارے آگے بھیجا تاکہ تمہارے وہ لوگ جو باقی بچے ہیں زمین پر سلامت رہیں اَور ایک بڑی نَجات کے وسیلہ سے تمہاری جانیں بچی رہیں۔

”چنانچہ وہ تُم نہ تھے، بَلکہ خُدا، جِس نے مُجھے یہاں بھیجا۔ اُن ہی نے مُجھے گویا فَرعوہؔ کا باپ، اُس کے سارے گھر کا مختار اَور سارے مُلک مِصر کا حاکم بنا دیا۔ اَب تُم جلد میرے باپ کے پاس جاؤ اَور اُن سے کہنا، ’تمہارا بیٹا یُوسیفؔ یُوں کہتاہے کہ خُدا نے مُجھے سارے مُلک مِصر کا مالک بنا دیا ہے؛ لہٰذا فوراً میرے پاس چلے آؤ۔ آپ لوگ گوشینؔ کے علاقہ میں بس جانا تاکہ تُم اَپنے بیٹے پوتوں اَور اَپنی بھیڑ بکریوں کے گلّوں گائے بَیلوں اَور اَپنے تمام مال و متاع سمیت میرے نزدیک رہ سکو۔ میں وہاں آپ کی پرورِش کا سارا اِنتظام کروں گا، تاکہ آپ اَور آپ کا گھرانہ اَور سارا مال و متاع جو آپ کا ہے غربت کا شِکار نہ ہو کیونکہ قحط کے ابھی پانچ سال اَور باقی ہیں۔‘

”آپ لوگ خُود اَور میرا بھایٔی بِنیامین بھی اَپنی آنکھوں سے دیکھ سکتے ہو کہ واقعی میں ہی تُم سے بات کر رہا ہُوں۔ مُلک مِصر میں مُجھے جِتنا اِعزاز و اِحترام بخشا گیا ہے اَورجو کچھ تُم نے دیکھاہے اُس کا تذکرہ میرے باپ سے کرنا اَور اُنہیں اَپنے ساتھ لے کر جلدی سے میرے پاس چلے آنا۔“

پھر وہ اَپنے بھایٔی بِنیامین کو اَپنی باہوں میں لے کر روئے اَور بِنیامین بھی اُن کے گلے لگ کر رو دیا۔ یُوسیفؔ نے اَپنے سَب بھائیوں کو چُوما اَور اُن سے مِل کر روئے۔ اُس کے بعد اُن کے بھایٔی بھی یُوسیفؔ کے ساتھ بات چیت کرنے لگے۔

جَب یہ خبر فَرعوہؔ کے محل تک پہُنچی کہ یُوسیفؔ کے بھایٔی آئے ہیں تو فَرعوہؔ اَور اُس کے خدمت گار بہت خُوش ہویٔے۔ فَرعوہؔ نے یُوسیفؔ سے کہا، ”اَپنے بھائیوں سے کہو، ’اَب ایک کام کرو کہ اَپنے جانوروں پر اناج لاد کر مُلکِ کنعانؔ کو لَوٹ جاؤ، اَور اَپنے باپ اَور اَپنے اَپنے خاندانوں کو میرے پاس لے آؤ۔ میں تُمہیں مُلک مِصر کی بہترین نِعمتیں بخشوں گا اَور تُم اِس مُلک کی عُمدہ سے عُمدہ چیزوں سے لُطف اَندوز ہو سکوگے۔‘

”اَور یُوسیفؔ تُمہیں حُکم دیا جاتا ہے، ’اُن سے یہ بھی کرنے کے لیٔے کہو: مِصر سے چند گاڑیاں بھی اَپنے ساتھ لیتے جاؤ اَور اُن میں اَپنے باپ، اَپنی بیویوں اَور اَپنے بچّوں کو سوار کرکے یہاں لے آؤ۔ اَپنے مال و اَسباب کی پروا نہ کرو کیونکہ تمام مِصر کی بہترین اَشیا تمہاری ہُوں گی۔‘ “

چنانچہ اِسرائیل کے بیٹوں نے اَیسا ہی کیا۔ یُوسیفؔ نے فَرعوہؔ کے حُکم کے مُطابق اُنہیں گاڑیاں دیں اَور توشہ سفر بھی دیا۔ اُن میں سے ہر ایک کو ایک ایک جوڑا کپڑا دیا لیکن بِنیامین کو تین سَو ثاقل1 چاندی کے سِکّے اَور پانچ جوڑے کپڑے دئیے اَور اَپنے باپ کے لیٔے یُوسیفؔ نے یہ چیزیں بھیجیں: دس گدھے جو مِصر کی بہترین چیزوں سے لدے ہویٔے تھے اَور دس گدھیاں جو اناج، روٹی اَور اُن کے سفر کے دَوران توشہ کے طور پر دُوسری اَشیا سے لدی ہُوئی تھیں۔ تَب یُوسیفؔ نے اَپنے بھائیوں کو رخصت کیا اَور جَب وہ روانہ ہویٔے تو اُن سے کہا، ”راستہ میں کہیں جھگڑا نہ کرنا۔“

چنانچہ وہ مِصر سے روانہ ہویٔے اَور مُلکِ کنعانؔ میں اَپنے باپ یعقوب کے پاس چلے آئے۔ اَور اُنہُوں نے باپ سے کہا، ”یُوسیفؔ اَب تک زندہ ہے۔ وہ واقعی سارے مُلک مِصر کا حاکم ہے۔“ یہ سُن کر یعقوب کا دِل دھک سے رہ گیا۔ اُنہُوں نے اَپنے بیٹوں کی باتوں کا یقین نہ کیا۔ لیکن جَب اُنہُوں نے یعقوب کو وہ سَب باتیں بتائیں جو یُوسیفؔ نے اُن سے کہی تھیں اَور جَب یعقوب نے وہ گاڑیاں دیکھیں جو یُوسیفؔ نے اُن کو لے جانے کو بھیجی تھیں تَب اُن کے باپ یعقوب کی جان میں جان آئی۔ اَور اِسرائیل نے کہا، ”مُجھے یقین ہو گیا کہ میرا بیٹا یُوسیفؔ اَب تک زندہ ہے۔ اَب تو میں اَپنے مرنے سے پیشتر جا کر اُسے دیکھ لُوں گا۔“

Source notes (1)
  1. Footnote تین سَو ثاقل تقریباً ساڑھے تین کِلوگرام

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.