Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

خُروج 37

عہد کا صندُوق

اَور بصل ایل نے وہ صندُوق کیکر کی لکڑی کا بنایا۔ اُس کی لمبائی ڈھائی ہاتھ اَور چوڑائی ڈیڑھ ہاتھ اَور اُونچائی ڈیڑھ ہاتھ تھی۔ اَور اُس کے اَندر اَور باہر دونوں طرف خالص سونا منڈھا اَور اُس کے اطراف سونے کا کلس بنایا۔ اَور اُس کے لیٔے سونے کو ڈھال کر چار کڑے بنائے اَور اُس کے چاروں پایوں کے ساتھ لگا دئیے دو کڑے ایک طرف اَور دو کڑے دُوسری طرف۔ پھر اُس نے کیکر کی لکڑی کی بَلّیاں بنا کر اُن پر سونا منڈھا۔ اَور اُس نے اُس صندُوق کو اُٹھاکر لے جانے کے لیٔے اُن بَلّیوں کو اُن کڑوں میں ڈال دیا جو صندُوق کے دونوں طرف تھے۔

اَور اُس نے کفّارہ کا سرپوش خالص سونے کا بنایا جو کہ ڈھائی ہاتھ لمبا اَور ڈیڑھ ہاتھ چوڑا تھا۔ پھر اُس نے سرپوش کے دونوں کونوں پر سونے سے گڑھے ہویٔے دو کروبیم بنائے۔ اُس نے ایک کروب کو ایک سِرے پر اَور دُوسرے کروب کو دُوسرے سِرے پر بنایا اَور دونوں سِروں کے کروبیم اَور سرپوش ایک ہی ٹکڑے سے بنے ہُوئے تھے۔ اَور وہ کروبیم اَپنے پر اُوپر کی طرف پھیلائے ہویٔے تھے اَور اُن سے سرپوش کو ڈھانکے ہویٔے تھے۔ اَور وہ کروبیم کے چہرے ایک دُوسرے کے آمنے سامنے تھے گویا سرپوش کی طرف دیکھ رہے تھے۔

میز

اُنہُوں نے وہ میز کیکر کی لکڑی کی بنائی جو دو ہاتھ لمبی1 اَور ایک ہاتھ چوڑی2 اَور ڈیڑھ ہاتھ اُونچی3 تھی۔ پھر اُنہُوں نے اُس پر خالص سونا منڈھا اَور اُس کے اطراف سونے کا ایک کلس بنایا۔ اَور اُنہُوں نے اُس کے اطراف چار اُنگل چوڑی4 کنگنی بھی بنائی اَور اُس کنگنی پر سونے کا کلس رکھا۔ اَور اُنہُوں نے اُس میز کے لیٔے سونے کے چار کڑے بنا کر اُنہیں اُس کے چاروں کونوں سے جہاں پایٔے تھے جوڑ دیا۔ اَور وہ کڑے کنگنی کے نزدیک لگائے گیٔے تاکہ وہ میز کو اُٹھانے کے لئے اِستعمال ہونے والی بَلّیوں کو تھامے رکھیں۔ اَور اُس میز کو اُٹھانے کے لیٔے بَلّیاں کیکر کی لکڑی کی بنی ہُوئی تھیں اَور اُن پر سونا منڈھا ہُوا تھا۔ اَور اُنہُوں نے اُس میز کے لیٔے ظروف یعنی طباق، ڈونگے اَور پیالے اَور انگوری شِیرے کی نذروں کو اُنڈیلنے کے لیٔے صُراحیاں خالص سونے کے بنائے۔

چراغدان

اُنہُوں نے خالص سونے کا ایک چراغدان بنایا اَور اُس کے پایٔے اَور ڈنڈی کو گڑھ کر بنایا۔ اَور اُس کے پیالے، کلیاں اَور پھُول سَب ایک ہی ٹکڑے کے بنے ہویٔے تھے۔ اَور اُس چراغدان کے دونوں طرف سے چھ شاخیں باہر کو نکلیں تین ایک طرف اَور تین دُوسری طرف۔ اَور بادام کے پھُول کی شکل کے تین پیالے، کلیاں اَور پھُول ایک شاخ پر تھے اَور تین اگلی شاخ پر اَور اِسی طرح چراغدان سے باہر کو نکلی ہُوئی ساری چھ شاخوں پر۔ اَور چراغدان کے اُوپر بادام کے پھُول کی شکل کے چار پیالے بنے ہویٔے ہیں، اَور اُن کے ساتھ کلیاں اَور پھُول تھے۔ ایک کلی چراغدان سے نکلی ہُوئی شاخوں کی پہلی جوڑی کے نیچے تھی۔ دُوسری کلی شاخوں کی دُوسری جوڑی کے نیچے اَور تیسری کلی تیسری جوڑی کے نیچے یعنی ساری کلیاں چھ شاخوں کے نیچے۔ اَور وہ کلیاں، شاخیں اَور چراغدان خالص سونے کے ایک ہی ٹکڑے سے گڑھ کر بنائے گیٔے تھے۔

اُنہُوں نے اُس کے لیٔے سات چراغ نیز اُس کی گُلگیر اَور گلدان بھی خالص سونے کے بنائے۔ اَور اُنہُوں نے وہ چراغدان اَور اُس کے تمام لوازمات کو ایک تالنت5 خالص سونے سے بنایا۔

بخُور کا مذبح

اُنہُوں نے کیکر کی لکڑی سے بخُور کا مذبح بنایا اَور وہ چوکور تھا اَور ایک ہاتھ لمبا6 ایک ہاتھ چوڑا اَور دو ہاتھ اُونچا7 تھا اَور اُس کے سینگ ایک ہی ٹکڑے کے تھے۔ اَور اُنہُوں نے اُس کی اُوپر کی سطح اَور تمام اطراف کو اَور سینگوں کو خالص سونے سے منڈھا اَور اُس کے اِردگرد سونے کا ایک کلس بنایا۔ اَور اُس کلس کے نیچے اُنہُوں نے سونے کے دو حلقے بنائے اَور وہ ایک دُوسرے کے مقابل دونوں جانِب تھے تاکہ اُسے اُٹھانے کے لیٔے اِستعمال ہونے والی بَلّیوں کو تھامے رکھیں۔ اَور اُنہُوں نے اُن بَلّیوں کو کیکر کی لکڑی سے بنایا اَور اُن پر سونا منڈھا۔

اَور اُنہُوں نے مَسح کرنے کا پاک زَیتُون کا تیل اَور خالص خُوشبودار بخُور بھی بنائے جو کہ ایک ماہر عطر ساز ہی بنا سَکتا ہے۔

Source notes (7)
  1. Footnote دو ہاتھ لمبی تقریباً نوّے سینٹی میٹر
  2. Footnote ایک ہاتھ چوڑی تقریباً چوڑائی پینتالیس سینٹی میٹر
  3. Footnote ڈیڑھ ہاتھ اُونچی تقریباً اُونچائی اڑسٹھ سینٹی میٹر
  4. Footnote چار اُنگل چوڑی تقریباً ساڑھے سات سینٹی میٹر
  5. Footnote ایک تالنت تقریباً چونتیس کِلوگرام
  6. Footnote ایک ہاتھ لمبا تقریباً پینتالیس سینٹی میٹر
  7. Footnote ایک ہاتھ چوڑا اَور دو ہاتھ اُونچا تقریباً نوّے سینٹی میٹر

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.