Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

خُروج 36

لہٰذا بصل ایل، اُہلیابؔ اَور ہر کاریگر جسے یَاہوِہ نے ہُنرمندی، اَور قابلیّت اَور پاک مَقدِس کو بنانے کے کُل کام کو سَر اَنجام دینے کا علم بخشا ہے تاکہ وہ یَاہوِہ کے حُکم کے مُطابق سارا کام اَنجام دیں۔“

تَب مَوشہ نے بصل ایل، اَور اُہلیابؔ اَور ہر کاریگر کو جسے یَاہوِہ نے قابلیّت بخشی تھی اَورجو آکر کام کرنے کے لیٔے رضامند تھا طلب کیا۔ اَور اُنہُوں نے وہ تمام نذریں جو بنی اِسرائیل نے پاک مَقدِس کو بنانے کے کام کو سَر اَنجام دینے کے لیٔے دئیے تھے، مَوشہ سے حاصل کئے اَور لوگ ہر صُبح رضا کی قُربانی کی نذر اَپنی خُوشی سے لاتے رہے۔ تَب تمام کاریگر جو پاک مَقدِس کو بنانے کے کام میں لگے ہویٔے تھے اَپنا کام چھوڑکر آئے۔ اَور مَوشہ سے کہنے لگے، ”لوگ اُس کام کے لیٔے جِس کے کرنے کا حُکم یَاہوِہ نے دیا ہے ضروُرت سے بہت زِیادہ سامان لے آئے ہیں۔“

تَب مَوشہ نے حُکم دیا کہ تمام چھاؤنی میں اعلان کر دیا جائے: ”اَب کویٔی مَرد یا عورت پاک مَقدِس کی چیزیں بنانے کے لیٔے کویٔی نذرانے نہ لایٔے۔“ لہٰذا وہ لوگ اَور زِیادہ نذرانے لانے سے باز آئے کیونکہ جو سامان پہلے آ چُکاتھا وہ تمام کام کی تکمیل کے لیٔے ضروُرت سے کہیں زِیادہ تھا۔

مَسکن کے پردے

اَور کام کرنے والوں میں سے اُن تمام نے جو تربّیت یافتہ اِنسان تھے اُس مَسکن کے لیٔے نیلے آسمانی، اَرغوانی اَور سُرخ رنگ کے کپڑے سے اَور نفیس بٹے ہویٔے کتان سے دس پردے بنائے جِن پر ایک ماہر کاریگر نے کشیدہ کاری سے کروبیم بنائے ہویٔے تھے۔ اَور وہ تمام پردے ایک ہی ناپ کے تھے یعنی ہر ایک اٹّھائیس ہاتھ لمبا1 اَور چار ہاتھ چوڑا2 تھا۔ اَور اُنہُوں نے اُن میں سے پانچ پردے باہم جوڑ دیئے اَور دُوسرے پانچ پردے بھی ایک دُوسرے کے ساتھ جوڑ دئیے۔ پھر اُنہُوں نے پہلے جُڑے ہویٔے پردوں کے آخِری پردہ کے کنارے کے ساتھ ساتھ نیلے آسمانی رنگ کے تُکمے بنائے اَور دُوسرے پانچ پردوں کے آخِری پردہ کے کنارے کے ساتھ ساتھ بھی اَیسے ہی تُکمے بنائے۔ نیز اُنہُوں نے پہلی جوڑی کے ایک پردہ پر پچاس تُکمے اَور دُوسری جوڑی کے آخِری پردہ پر بھی پچاس تُکمے بنائے جو ایک دُوسرے کے سَب تُکمے ایک دُوسرے کے آمنے سامنے تھے۔ پھر اُنہُوں نے سونے کی پچاس گھنڈیاں بنائیں اَور اُنہیں پردوں کے دونوں حِصّوں کو باہم باندھنے کے لیٔے اِستعمال کیا جِس سے وہ مَسکن ایک ہو گیا۔

اَور اُنہُوں نے بکری کی پشم سے خیمہ مَسکن کے اُوپر کے خیمہ کے لیٔے پردے بنائے جِن کی تعداد گیارہ تھی۔ اَور تمام گیارہ پردے ایک ہی ناپ کے تھے یعنی تیس ہاتھ لمبے3 اَور چار ہاتھ چوڑے۔4 اَور اُنہُوں نے اُن پردوں میں سے پانچ کو باہم جوڑ کر ایک جوڑا بنا دیا اَور دُوسرے چھ پردوں کو جوڑ کر دُوسرا۔ پھر اُنہُوں نے پہلے جوڑے کے آخِری پردہ کے کنارے کے ساتھ ساتھ پچاس تُکمے بنائے اَور دُوسرے جوڑے کے آخِری پردہ کے کنارے کے ساتھ ساتھ بھی پچاس تُکمے بنائے اَور اُنہُوں نے اُس خیمہ کو باہم جوڑنے کے لیٔے کانسے کی پچاس گھنڈیاں بنائیں تاکہ وہ ایک ہو جائیں۔ پھر اُنہُوں نے اُس خیمہ کے لیٔے مینڈھوں کی سُرخ رنگی ہُوئی کھالوں کا ایک غلاف بنایا اَور اُس کے اُوپر دریائی بچھڑوں کی کھالوں کا غلاف بنایا۔

اَور اُنہُوں نے مَسکن کے لیٔے کیکر کی لکڑی کے بالکُل سیدھے کھڑے چوکھٹے بنائے۔ اَور ہر چوکھٹا دس ہاتھ لمبا اَور ڈیڑھ ہاتھ چوڑا تھا۔ اَور اُن کے ساتھ ایک دُوسرے کے متوازی دو دو چُولیں بنائیں اَور اُنہُوں نے مَسکن کے تمام چوکھٹے اِسی طرح بنائے۔ اَور اُنہُوں نے مَسکن کے جُنوبی پہلو کے لیٔے بیس چوکھٹے بنائے اَور اُن کے لیٔے نیچے چاندی کے چالیس پایٔے بنائے یعنی ہر ایک چوکھٹے کے لیٔے دو دو پایٔے تاکہ ہر چُول کے نیچے ایک ایک پایہ ہو۔ اَور دُوسری جانِب یعنی مَسکن کے شمالی پہلو کے لیٔے اُنہُوں نے بیس چوکھٹے اَور چاندی کے چالیس پایٔے بنائے تاکہ ہر ایک چوکھٹے کے نیچے دو دو۔ اَور اُنہُوں نے آخِری کونے پر یعنی مَسکن کی مغربی سمت میں چھ چوکھٹے بنائے اَور مَسکن کے آخِری سِرے کے کونوں کے لیٔے دو چوکھٹے بنائے۔ اَور اِن دونوں کونوں کے چوکھٹے نیچے سے اُوپر تک دوہرے تھے اَور ایک ہی حلقے میں برابر جُڑے ہویٔے تھے اَور دونوں ایک جَیسے تھے۔ اِس لیٔے آٹھ چوکھٹے اَور چاندی کے سولہ پایٔے ہو گئے یعنی ہر ایک چوکھٹے کے نیچے دو دو پایٔے۔

اُنہُوں نے کیکر کی لکڑی کے بینڈے بھی بنائے۔ پانچ مَسکن کے ایک طرف کے چوکھٹوں کے لیٔے، پانچ دُوسری طرف کے چوکھٹوں کے لیٔے اَور پانچ مَسکن کے آخِری کنارے یعنی مغربی سمت کے چوکھٹوں کے لیٔے۔ اَور اُنہُوں نے وسطیٰ بینڈے کو اَیسا بنایا کہ وہ اُن چوکھٹوں کے درمیان سے ہوکر ایک سِرے سے دُوسرے سِرے تک پہُنچے۔ اَور اُنہُوں نے چوکھٹوں کو سونے سے منڈھا اَور بینڈوں کو تھامنے کے لیٔے سونے کے حلقے بنائے اَور اُنہُوں نے بینڈوں کو بھی سونے سے منڈھا۔

اَور اُس خیمہ میں دروازہ کے لیٔے نیلے، اَرغوانی اَور سُرخ دھاگے اَور نفیس بٹے ہُوئے کتان سے ایک پردہ بنایا اَور جِس پر کسی ماہر کاریگر نے کشیدہ کاری سے کروبیم بنائے ہویٔے تھے۔ اَور اُنہُوں نے اُس کے لیٔے کیکر کی لکڑی کے چار سُتون بنائے اَور اُنہیں سونے سے منڈھا۔ اَور اُن کے لیٔے سونے کے حلقوں سے لٹکایا اَور اُن کے لیٔے چاندی کے چار پایوں کو ڈھال کر کھڑا کیا۔ اَور اُس خیمہ میں دروازہ کے لیٔے نیلے، اَرغوانی اَور سُرخ دھاگے اَور نفیس بٹے ہُوئے کتان سے ایک پردہ بنایا جِس پر کشیدہ کاری کی ہُوئی تھی۔ اَور اُنہُوں نے پانچ سُتون کنڈوں سمیت بنائے اَور اُن کے سِروں اَور پٹّیوں کو سونے سے منڈھا اَور اُن کے لیٔے کانسے کے پانچ پایٔے بنائے۔

Source notes (4)
  1. Footnote تقریباً تیرہ میٹر
  2. Footnote تقریباً ایک میٹر اسّی سینٹی میٹر
  3. Footnote تیس ہاتھ لمبے تقریباً چودہ میٹر
  4. Footnote چوڑے تقریباً ایک میٹر اسّی سینٹی میٹر

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.