Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

1 تِیمُتھِیُس 6

جتنے غُلام ابھی تک غُلامی کے جُوئے میں ہیں وہ اَپنے مالکوں کو بڑی عزّت کے لائق سمجھیں تاکہ کویٔی خُدا کے نام کی اَور ہماری تعلیم کی توہین نہ کرے۔ لیکن جِن غُلاموں کے مالک مُومِن ہیں وہ اِس خیال سے کہ اَب وہ اُن کے مُومِنین بھایٔی ہیں، اُنہیں حقیر نہ جانیں بَلکہ اُن کی اَور زِیادہ خدمت کریں کیونکہ اَب اُن کی خدمت سے اُن کے عزیز مُومِنین بھائیوں کو ہی فائدہ پہُنچے گا۔

جھُوٹے اُستاد اَور زردوست

تُو اُنہیں اِن ہی باتوں کی تعلیم دے اَور نصیحت کر۔ اگر کویٔی شخص ہماری تعلیم سے فرق تعلیم دیتاہے اَور ہمارے خُداوؔند یِسوعؔ المسیح کی صحیح ہدایات کو اَور اُن کی تعلیم کو نہیں مانتا جو خُداپرست زندگی کے مُطابق ہے، تو وہ مغروُر ہیں اَور کُچھ نہیں جانتے۔ بَلکہ اُنہیں صِرف فُضول بحث اَور لَفظی تکرار کرنے کا شوق ہے جِن کا نتیجہ حَسد، جھگڑے، بدگوئی اَور بدزبانی ہے۔ اَور جِن سے اُن لوگوں میں تنازعہ پیدا ہوتاہے جِس سے اُن کی عقل بگڑ گئی ہے، اَور وہ حق سے محروم ہو گیٔے ہیں اَور خُدا پرستی کو مالی نفع کا ذریعہ سمجھتے ہیں۔

ہاں اگر خُدا پرستی قناعت کے ساتھ ہو، تو بڑے نفع کا ذریعہ ہے۔ کیونکہ ہم دُنیا میں نہ تو کچھ لے کر آئے ہیں اَور نہ کچھ اُس میں سے لے جا سکتے ہیں۔ چنانچہ اگر ہمارے پاس کھانے کو کھانا اَور پہننے کو لباس ہے، تو اُسی پر صبر کریں۔ جو لوگ دولتمند ہونا چاہتے ہیں وہ کیٔی طرح کی آزمائشوں پھندوں اَور بےہوُدہ اَور مُضِر خواہشوں میں پھنس جاتے ہیں جو لوگوں کو تباہی اَور ہلاکت میں غرق کردیتی ہیں۔ کیونکہ زَر دوستی ہر قِسم کی بُرائی کی جڑ ہے اَور بعض لوگوں نے دولت کے لالچ میں آکر اَپنا ایمان کھو دیا اَور خُود کو کافی اَذیّت پہُنچائی ہے۔

تِیمُتھِیُس کو آخِری ہدایات

مگر اَے مَرد خُدا! تُو اِن سَب باتوں سے بھاگ اَور راستبازی، خُدا پرستی، مَحَبّت، صبر اَور نرمی کا طالب ہو۔ ایمان کی اَچھّی کُشتی لڑ، اَبدی زندگی کو تھامے رہ جسے پانے کے واسطے تُجھے بُلایا گیا تھا اَور تُونے بہت سے گواہوں کے رُوبرو بخُوبی اقرار بھی کیا تھا۔ خُداتعالیٰ کے نزدیک، جو سَب کو زندگی بخشتا ہے اَور المسیح یِسوعؔ کو جِس نے پُنطِیُس پِیلاطُسؔ کے سامنے اَچھّی گواہی دی، اِنہیں کو گواہ مان کر تُجھے تاکید کرتا ہُوں کہ ہمارے خُداوؔند یِسوعؔ المسیح کے دوبارہ ظاہر ہونے تک تُم اِس حُکم کو بے داغ اَور بے اِلزام رکھو، جسے خُداتعالیٰ اَپنے مُناسب وقت پر پُورا کرےگا، جو مُبارک اَور واحد حُکمراں ہے، جو بادشاہوں کا بادشاہ اَور خُداوندوں کا خُداوؔند ہے، بَقا صِرف اُسی کی ہے اَور اَیسے نُور میں رہتاہے جِس کے قریب کویٔی نہیں پہُنچ سَکتا، اُسے کسی اِنسان نے نہیں دیکھاہے اَور نہ دیکھ سَکتا ہے۔ اُس کی عزّت اَور قُدرت ابدُالآباد رہے۔ آمین۔

اِس مَوجُودہ جہان کے دولتمندوں کو حُکم دے کہ وہ مغروُر نہ ہوں، اَور ناپائیدار دولت پر نہیں بَلکہ خُدا پر اُمّید رکھیں، جو ہمیں سَب چیزیں فیّاضی سے مُہیّا کرتا ہے تاکہ ہم مزہ سے زندگی گُزاریں۔ اُنہیں حُکم دے کہ وہ نیکی کریں اَور نیک کاموں کے لِحاظ سے دولتمند بنیں، اَور سخاوت پر تیّار اَور دُوسروں کی مدد کرنے پر آمادہ رہیں۔ اِس طرح وہ اَپنے لیٔے اَیسا خزانہ جمع کریں گے جو آنے والے جہان کے لیٔے ایک مضبُوط بُنیاد قائِم کرےگی، تاکہ وہ اُس زندگی کو جو اصل میں حقیقی زندگی ہے تھامے رہ سکیں۔

اَے تِیمُتھِیُس، اِس اَمانت کو جو تیرے سُپرد کی گئی ہے حِفاظت سے رکھ۔ اَور جِس چیز کو علم کہنا ہی غلط ہے اُس پر توجّہ نہ کر کیونکہ اُس میں بےہوُدہ باتیں اَور اِختلافات پایٔے جاتے ہیں، بعض لوگ اَیسے علم کا اقرار کرکے اَپنے ایمان سے برگشتہ ہو گیٔے ہیں۔

تُم سَب پر خُدا کا فضل ہوتا رہے۔

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.