Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

زکریاؔہ 6

چار رتھ

مَیں نے پھر نگاہیں اُٹھاکر دیکھا کہ میرے سامنے دو پہاڑوں کے درمیان سے چار رتھ نکل کر آ رہے تھے۔ اَور یہ پہاڑ کانسے کے تھے۔ پہلے رتھ کے گھوڑے لال، دُوسرے کے سیاہ، تیسرے کے سفید اَور چوتھے رتھ کے گھوڑے چتکبرے تھے جو سَب کے سَب بڑے طاقتور تھے۔ مَیں نے اُس فرشتے سے جو مُجھ سے کلام کر رہاتھا پُوچھا، ”اَے میرے آقا، یہ کیا ہیں؟“

فرشتہ نے جَواب دیا، ”یہ آسمان کی چار رُوحیں ہیں جو ساری دُنیا کے مالک کی حُضُوری میں کھڑی رہتی ہیں لیکن اِس وقت وہ اَپنے مالک کی مرضی پُوری کرنے باہر جا رہی ہیں۔ سیاہ گھوڑوں والا رتھ شمالی مُلک کی طرف اَور سفید گھوڑوں والا مغربی مُلک کی طرف، چتکبرے گھوڑوں والا جُنوبی مُلک کی طرف جا رہے ہیں۔“

یہ طاقتور گھوڑے باہر نکل کر ساری دُنیا میں سَیر کرنے کے لیٔے جوش میں تھے! اِس لئے یَاہوِہ نے فرمایا، ”جاؤ، اَور ساری دُنیا کی سَیر کرو!“ چنانچہ وہ دُنیا کی سَیر کرنے نکل پڑے۔

تَب یَاہوِہ نے بہ آواز بُلند مُجھے پُکار کر فرمایا، ”دیکھو، جو شمالی مُلک کی طرف گیٔے ہیں، اُنہُوں نے شمالی مُلک میں میری رُوح کو سکون دیا ہے۔“

یہوشُعؔ کے لیٔے تاج

پھر یَاہوِہ کا کلام مُجھ پر نازل ہُوا: ”تُم آج ہی حلدائی، طُوبیاہؔ اَور یدعیاہؔ کے پاس جاؤ، جو بابیل کی جَلاوطنی سے یُوشیاہؔ بِن صفنیاہؔ کے گھر میں آئے ہیں۔ اُن کے ہاتھ سے سونا چاندی لے کر ایک تاج بناؤ اَور اُس تاج کو یہوشُعؔ بِن یہُوصدقؔ اعلیٰ کاہِن کو پہناؤ۔ اَور اُس سے کہو، قادرمُطلق یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں، ’دیکھو، وہ شخص جِس کا نام شاخ ہے وہ اَپنی ہی جگہ سے ایک شاخ کی مانند نکل کر یَاہوِہ کے بیت المُقدّس کو تعمیر کرےگا۔ یہ وُہی ہے جو یَاہوِہ کے بیت المُقدّس کی تعمیر کرےگا اَور وہ شاہی پوشاک پہنے گا اَور تخت نشین ہوکر حُکومت کرےگا اَور وہ ایک کاہِنؔ کے طور پر بھی خدمت کرےگا اَور اُس کے دونوں کِردار میں مُوافقت ہوگی۔‘ اَور یَاہوِہ کے بیت المُقدّس میں اِس تاج کو بطور یادگار حلدائی طُوبیاہؔ یدعیاہؔ اَور حینؔ بِن صفنیاہؔ کو دیا جائے گا۔ تَب لوگ دُور دراز سے آئیں گے اَور یَاہوِہ کے بیت المُقدّس کو تعمیر کرنے میں مدد کریں گے، تَب تُم جانوگے کہ قادرمُطلق یَاہوِہ نے مُجھے تمہارے پاس بھیجا ہے۔ اَور اگر تُم اَپنے پُورے دِل سے یَاہوِہ اَپنے خُدا کی فرمانبرداری کروگے، تو یہ باتیں پُوری ہُوں گی۔“

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.