Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

مُکاشفہ 10

ایک چُھوٹی کھُلی ہُوئی کِتاب

اُس کے بعد مَیں نے ایک زورآور فرشتہ کو آسمان سے اُترتے دیکھا۔ وہ بادل اوڑھے ہویٔے تھا اَور اُس کے سَر کے اُوپر قوس قذح تھی۔ اُس کا چہرہ آفتاب کی مانند تھا اَور پاؤں آگ کے سُتونوں کی طرح تھے۔ وہ اَپنے ہاتھ میں کھُلی ہُوئی ایک چُھوٹی کِتاب تھامے ہویٔے تھا۔ اُس نے اَپنا داہنا پاؤں سمُندر پر اَور بایاں زمین پر رکھا۔ وہ شیرببر کی طرح زور سے دھاڑا اَور اُس کے دھاڑنے سے گرج کی سِی سات آوازیں پیدا ہُوئیں۔ اُن آوازوں کو سُن کر مَیں نے لکھنے کا اِرادہ کیا ہی تھا کہ آسمان سے ایک آواز آتی سُنی، ”جو کچھ اُن گرج کی سِی سات آوازوں سے سُنی ہیں، اُسے پوشیدہ رکھ اَور تحریر میں نہ لا۔“

تَب جِس فرشتہ کو مَیں نے سمُندر اَور زمین پر کھڑے دیکھا تھا، اُس نے اَپنا داہنا ہاتھ آسمان کی طرف اُٹھایا۔ اَور اُس نے اُس خالق کی جو اَبد تک زندہ ہے، جِس نے آسمان اَور اُس کے اَندر کی چیزیں، اَور زمین اَور اُس کے اُوپر کی سَب چیزوں کو، اَور سمُندر اَور اُس کے اَندر کی چیزوں کو پیدا کیا ہے، قَسم کھا کر کہا، ”اَب اَور دیر نہ ہوگی۔ بَلکہ اُن ایّام میں جَب ساتواں فرشتہ اَپنا نرسنگا پھُونکنے والا ہوگا تو اُس کی آواز آتے ہی خُدا کا وہ پوشیدہ راز یعنی منصُوبہ جِس کی خُوشخبری اُس نے اَپنے خادِموں یعنی نبیوں کو دی تھی، پُوری ہو جایٔےگی۔“

پھر جو آواز آسمان سے سُنایٔی دی تھی، اُس نے ایک بار پھر مُجھے سے مُخاطِب ہوکر فرمایا، ”جا آگے بڑھ کر اُس فرشتہ کے ہاتھ سے وہ کھُلی ہویٔی کِتاب لے لو جو سمُندر اَور زمین پر کھڑا ہُواہے۔“

تَب میں اُس فرشتہ کے پاس گیا اَور اُس سے اِلتجا کی کہ کھُلی ہُوئی چُھوٹی کِتاب مُجھے دے دیجئے۔ اُس نے کہا، ”اِسے لے اَور کھالے۔ یہ تمہارا پیٹ کڑوا کر دے گی، ’لیکن تمہارے مُنہ میں شہد کی طرح میٹھی لگے گی۔‘ “1 مَیں نے وہ چُھوٹی کِتاب فرشتہ کے ہاتھ سے لے لی اَور اُسے کھا لیا۔ وہ میرے مُنہ میں تو شہد کی طرح میٹھی لگی لیکن نگلنے کے بعد میرا پیٹ کڑوا ہو گیا۔ پھر مُجھے بتایا گیا، ”لازِم ہے کہ تو بہت سِی اُمّتوں، قوموں، اہلِ زبانوں اَور بادشاہوں کے بارے میں پھر سے نبُوّت کرے۔“

Source notes (1)
  1. Footnote حزقی 3‏:3‏ ‏

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.