Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
مُکاشفہ 11
دو گواہ
مُجھے لاٹھی کی مانند پیمائش کرنے کی ایک جریب دی گئی اَور مُجھ سے کہا گیا، ”جا اَور خُداوؔند کے بیت المُقدّس اَور قُربان گاہ کی پیمائش کر اَور وہاں عبادت کرنے والوں کا شُمار کر۔ لیکن بیت المُقدّس کے باہر والے صحن کو چھوڑ دینا کیونکہ وہ غَیریہُودی لوگوں کو دے دیا گیا ہے۔ وہ بِیالیس مہینوں تک مُقدّس شہر1 کو پامال کرتے رہیں گے۔ اَور مَیں اَپنے دو گواہوں کو اِختیار دُوں گا اَور وہ ٹاٹ اوڑھ کر2 ایک ہزار دو سَوساٹھ دِن تک نبُوّت کریں گے۔“ یہ دو گواہ ”زَیتُون کے وہ دو درخت“ اَور وہ دو چراغدان ہیں، جو ”زمین کے خُداوؔند کے حُضُور میں کھڑے ہیں۔“3 اگر کویٔی اُنہیں نُقصان پہُنچانا چاہے تو اُن کے مُنہ سے آگ نکلتی ہے اَور اُن کے دُشمنوں کو بھسم کر ڈالتی ہے۔ جو کویٔی اُنہیں نُقصان پہُنچانا چاہے گا تو وہ بھی ضروُر اِسی طرح ہلاک ہوگا۔ اُنہیں یہ اِختیار ہے کہ آسمان کو بند کر دیں تاکہ اُن کی نبُوّت کے دِنوں میں بارش نہ ہو۔ اَور اُنہیں پانیِوں کو خُون میں تبدیل کرنے کا اِختیار ہے اَور جِتنی بار چاہیں زمین پر ہر قِسم کی وَبا نازل کریں۔
جَب وہ اَپنی گواہی دے چُکیں گے تو اتھاہ گڑھے سے نکلنے والا حَیوان اُن پر حملہ کرےگا اَور اُن پر غالب آکر اُنہیں مار ڈالے گا۔ اَور اُن کی لاشیں اُس شہر عظیم4 کے بازار میں پڑی رہیں گی، اُس شہر کو بطور اِستِعارہ سدُومؔ اَور مِصر کا نام دیا گیا ہے جہاں اُن کا خُداوؔند بھی اُسی شہر میں مصلُوب ہُوا تھا۔ اَور ساڑھے تین دِنوں تک ہر اُمّت، ہر قبیلہ، ہر اہلِ زبان اَور ہر قوم کے لوگ اُن کی لاشوں کو دیکھتے رہیں گے اَور اُن کی تدفین نہ ہونے دیں گے۔ اَور اہلِ زمین اُن کی موت پر خُوشی منائیں گے اَور شادمان ہوکر ایک دُوسرے کو تحفے بھیجیں گے کیونکہ اُن دونوں نبیوں نے اہلِ زمین کے باشِندوں کو ستایا تھا۔
لیکن ساڑھے تین دِن بعد خُدا کی طرف سے اُن میں زندگی کی رُوح5 داخل ہُوئی، اَور وہ اَپنے پاؤں کے بَل کھڑے ہو گیٔے اَور اُن کے دیکھنے والوں پر بڑا خوف چھا گیا۔ تَب اُنہُوں نے آسمان سے ایک بڑی آواز آتی سُنی، جِس نے اُن سے فرمایا، ”یہاں اُوپر آ جاؤ۔“ اَور وہ بادل پر سوار ہوکر آسمان پر چلے گیٔے اَور اُن کے دُشمن دیکھتے رہ گیٔے۔
پھر اُسی گھڑی ایک بڑا زلزلہ آیا اَور شہر کا دسواں حِصّہ گِر پڑا۔ اَور سات ہزار لوگ اُس زلزلہ سے مارے گیٔے اَورجو باقی بچے وہ دہشت زدہ ہوکر آسمان کے خُدا کی تمجید کرنے لگے۔
دُوسری آفت ختم ہویٔی۔ اَب دیکھو تیسری آفت جلدی آنے والی ہے۔
ساتواں نرسنگا
جَب ساتویں فرشتہ نے اَپنا نرسنگا پھُونکا تو آسمان سے بُلند آوازیں آنے لگیں جو یہ کہہ رہی تھیں:
”دُنیا کی بادشاہی
ہمارے خُداوؔند اَور اُن کے المسیح کی ہو گئی،
اَور وہ اَبد تک بادشاہی کریں گے۔“
اَور اُن چوبیس بُزرگوں نے جو خُدا کے حُضُور اَپنے اَپنے تخت پر بیٹھے ہویٔے تھے، مُنہ کے بَل گِر کر خُدا کو سَجدہ کیا اَور اُس کی عبادت یہ کہہ کر کی،
”اَے قادرمُطلق خُداوؔند خُدا!
ہم تیرا شُکر کرتے ہیں، تُو جو ہے اَورجو تھا،
کیونکہ تُونے اَپنی عظیم قُدرت کا اِستعمال کرکے
بادشاہی کرنا شروع کر دی ہے۔
اَور قوموں کو غُصّہ آیا،
اَور تیرا غضب نازل ہُوا۔
اَور وہ وقت آ پہُنچا ہے کہ مُردوں کا اِنصاف کیاجایٔے،
اَور تیرے خادِموں، نبیوں
اَور مُقدّسین اَور اُن سَب چُھوٹے بڑوں کو جو خُدا کے نام کی تعظیم کرتے ہیں
اُنہیں اجر دیا جائے
اَور زمین کو تباہ کرنے والوں کو تباہ کر دیا جائے۔“
تَب خُدا کا بیت المُقدّس جو آسمان میں ہے کھولا گیا اَور اُس کے بیت المُقدّس میں اُس کے عہد کا صندُوق نظر آیا۔ اَور بجلیاں کوندیں، آوازیں اَور بادلوں کی گرج پیدا ہُوئیں، زلزلہ آیا اَور بڑے بڑے اولے گِرے۔
Source notes (5)
- Footnote مُقدّس شہر یعنی یروشلیمؔ شہر
- Footnote ٹاٹ اوڑھ کر قدیم زمانہ میں ٹاٹ بکری کے بالوں سے بنتا تھا، اَور لوگ اِسے تَوبہ اَور ماتم کرنے کے لیٔے پہنتے تھے۔ یہاں پر اِن دو گواہوں کا پیغام گُناہوں سے تَوبہ اَور اُس پر ماتم کرنے کی ہدایت دیتاہے۔
- Footnote دیکھئے زکر 4:3،11،14
- Footnote شہر عظیم یعنی یروشلیمؔ
- Footnote زندگی کی رُوح دیکھئے، حزقی 37:5،14
Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ “Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.
Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.