Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

زبُور 91

جو خُداتعالیٰ کی پناہ گاہ میں رہتاہے،

وہ قادرمُطلق کے سایہ میں سکونت کرےگا۔

میں یَاہوِہ کے متعلّق کہُوں گا: ”وہ میری پناہ گاہ اَور میرا قلعہ ہیں،

وہ میرے خُدا ہیں جِن پر میں بھروسا رکھتا ہُوں۔“

یقیناً وہ تُمہیں صیّاد کے دام سے

اَور مہلک وَبا سے بچائیں گے۔

وہ تُمہیں اَپنے پروں سے ڈھانک لیں گے،

اَور تُم اُن کے بازوؤں کے نیچے پناہ پاؤگے؛

اُن کی سچّائی تمہاری سِپر اَور قلعہ ہوگی۔

تُم نہ رات کی ہیبت سے ڈروگے،

اَور نہ دِن کو چلنے والے تیر سے،

نہ اُس وَبا سے جو تاریکی میں پھیلتی ہے،

اَور نہ اُس ہلاکت سے جو دوپہر کو ویران کرتی ہے۔

تمہارے آس پاس ایک ہزار گِر جایٔیں گے،

اَور تمہارے داہنے ہاتھ کی طرف دس ہزار،

لیکن وہ تمہارے نزدیک نہ آئے گی۔

تُم محض اَپنی آنکھوں سے اُنہیں دیکھوگے

اَور بدکار لوگوں کا اَنجام تمہارے سامنے ہوگا۔

اگر تُم، ”خُداتعالیٰ کو اَپنا مَسکن بنالو،

یعنی یَاہوِہ کو، جو میری بھی پناہ گاہ ہیں۔“

تُمہیں نہ تو کویٔی اِیذا پہُنچے گی،

اَور نہ ہی کویٔی آفت تمہارے خیمہ کے نزدیک آئے گی۔

کیونکہ وہ اَپنے فرشتوں کو تمہارے متعلّق حُکم دیں گے

کہ وہ آپ کی سَب راہوں میں آپ کی خُوب حِفاظت کریں؛

وہ فرشتے آپ کو اَپنے ہاتھوں پر اُٹھا لیں گے،

تاکہ آپ کے پاؤں کو کسی پتّھر سے ٹھیس نہ لگنے پایٔے۔1

تُم شیرببر اَور ناگ کو روندوگے؛

اَور جَوان شیر اَور اَژدہے کو پامال کروگے۔

یَاہوِہ فرماتے ہیں، ”اُسے مُجھ سے مَحَبّت ہے،“

اِس لیٔے، ”مَیں اُسے چُھڑاؤں گا؛

میں اُس کی حِفاظت کروں گا کیونکہ اُس نے میرا نام پہچانا ہے۔

وہ مُجھے پُکارے گا، اَور مَیں اُسے جَواب دُوں گا؛

میں مُصیبت میں اُس کے ساتھ رہُوں گا،

میں اُسے چُھڑاؤں گا اَور عزّت بخشوں گا۔

میں اُسے عمر کی درازی سے آسُودہ کروں گا

اَور اَپنی نَجات اُسے دِکھاؤں گا۔“

Source notes (1)
  1. Footnote عِبر 4‏:6؛ لُوق 4‏:10‏‑11؛ عِبر 1‏:14‏

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.