Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
زبُور 85
موسیقی ہدایت کار کے لیٔے۔ بنی قورحؔ کی تصنیف ایک زبُور۔
اَے یَاہوِہ، آپ اَپنے مُلک پر مہربان رہے ہیں؛
اَور یعقوب کی خُوشحالی بحال کر چُکے ہیں۔
آپ نے اَپنے لوگوں کی بدکاری مُعاف کر دی ہے
اَور اُن کے تمام گُناہ ڈھانک دئیے ہیں۔
آپ نے اَپنا سارا غضب ہٹا لیا ہے
اَور اَپنے شدید قہر سے باز آئے ہیں۔
اَے ہمارے مُنجّی خُدا! ہمیں بحال کریں،
اَپنا غضب ہم سے دُور کریں۔
کیا آپ سدا ہم سے خفا رہیں گے؟
کیا آپ اَپنے قہر کو پُشت در پُشت جاری رکھیں گے؟
کیا آپ ہمیں پھر سے تازہ دَم نہ کریں گے،
تاکہ آپ کے لوگ آپ میں مسرُور ہوں؟
اَے یَاہوِہ، آپ اَپنی لافانی مَحَبّت ہمیں دِکھائیں،
اَور ہمیں اَپنی نَجات بخشیں۔
مَیں کان لگائے رہُوں گا کہ یَاہوِہ خُدا کیا فرماتے ہیں؛
وہ اَپنے لوگوں اَور اَپنے مُقدّسین سے سلامتی کا وعدہ کرتے ہیں۔
لیکن وہ پھر احمقانہ راہوں سے دُور رہیں۔
یقیناً اُن کی نَجات اُن کے قریب ہے جو اُن سے ڈرتے ہیں،
تاکہ اُن کا جلال ہمارے مُلک میں بسے۔
شفقت و مَحَبّت اَور وفاداری باہم ملتے ہیں؛
راستبازی اَور اَمن ایک دُوسرے کا بوسہ لیتے ہیں۔
زمین سے اِنسانی وفاداری پھوٹ نکلتی ہے،
اَور خُدا کی راستبازی آسمان پر سے جھانکتی ہے۔
بے شک یَاہوِہ اَچھّی چیز ہی عنایت کریں گے،
اَور ہماری زمین اَپنی پیداوار دے گی۔
راستبازی یَاہوِہ کے آگے آگے چلے گی
اَور اُن کے قدموں کے لیٔے راہ تیّار کرےگی۔
Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ “Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.
Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.