Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

زبُور 55

موسیقی ہدایت کار کے لیٔے۔ تاردار سازوں کے ساتھ۔ داویؔد کا مشکیل۔‏

اَے خُدا، میری دعا پر کان لگائیں،

میری مِنّت کو نظرانداز نہ کریں؛

میری سُنیں اَور مُجھے جَواب دیں۔

میرے اَندیشے مُجھے پریشان کرتے ہیں اَور مَیں مُضطرب ہُوں

میرے دُشمنوں کا کہرام،

اَور بدکار لوگوں کے گھُورنے کے سبب سے؛

کیونکہ وہ مُجھے اَذیّت پہُنچاتے

اَور غُصّہ میں بُرا بھلا کہتے ہیں۔

میرا دِل اَندر ہی اَندر بیتاب ہے؛

اَور موت کی ہیبت مُجھ پر طاری ہے۔

خوف اَور کپکپی نے مُجھے پکڑ لیا ہے؛

اَور دہشت سے میرے رونگٹے کھڑے ہو گئے ہیں۔

مَیں نے کہا: ”کاش کہ میرے کبُوتر کے سے پر ہوتے!

تو میں اُڑ جاتا اَور آرام پاتا۔

میں اُڑتے اُڑتے دُور نکل جاتا،

اَور بیابان میں بسیرا کرتا؛

اَور آندھی اَور طُوفان سے دُور،

اَپنے لیٔے پناہ گاہ ڈھونڈ لیتا۔“

اَے خُداوؔند، بدکار لوگوں کو دَرہم برہم کر دیں

اَور اُن کی زبان میں اِختلاف ڈال دیں،

کیونکہ مَیں شہر میں ظُلم و فساد ہوتا دیکھ رہا ہُوں۔

وہ دِن رات اُس کی فصیلوں پر گشت لگاتے ہیں؛

کینہ، بدسلُوکی اُن کے اَندر ہے۔

شہر میں تخریبی عناصر کار فرما ہیں؛

دھمکیاں اَور فریب اُن کے کوچوں سے دُور نہیں ہوتے۔

اگر کویٔی دُشمن میری توہین کرتا،

تو میں اُسے برداشت کر لیتا؛

اگر کویٔی حریف میرے خِلاف سَر اُٹھاتا،

تو میں اُس سے چھُپ جاتا۔

لیکن وہ تو آپ ہی تھے میری طرح ایک اِنسان،

میرے رفیق اَور میرے دِلی دوست،

جِس کی شیریں گفتگو سے میں اُس وقت لُطف اَندوز ہوتا تھا

جَب ہم ہُجوم کے ساتھ

خُدا کے گھر میں

پرستاروں کے ساتھ پھرتے تھے۔

میرے دُشمنوں کو موت اَچانک آ دبائے؛

اَور وہ جیتے جی ہی پاتال میں اُتار دئیے جایٔیں،

کیونکہ بدی اُن کے اَندر سکونت پذیر ہے۔

لیکن مَیں خُدا کو مدد کے لئے پُکارتا ہُوں،

اَور یَاہوِہ مُجھے بچاتے ہیں۔

صُبح، شام اَور دوپہر کو

میں درد سے کراہتا اَور فریاد کرتا ہُوں،

اَور وہ میری آواز سُنتے ہیں۔

میرے خِلاف جنگ کرنے والوں سے

اُنہُوں نے مُجھے سلامت چھُڑا لیا،

حالانکہ میرے مُخالف بہت ہیں۔

خُدا جو اَبد تک تخت نشین،

سُنیں گے اَور اُنہیں ذلیل کریں گے۔

یہ وہ لوگ ہیں جو اَپنی روِشیں کبھی نہیں بدلتے

اَور خُدا کا خوف نہیں رکھتے۔

میرا ساتھی ہی اَپنے دوستوں پر حملہ کرتا ہے؛

اَور اَپنے عہد سے دست بردار بھی ہوتاہے۔

اُس کی تقریر مکھّن کی مانند چکنی ہے،

تو بھی اُس کے دِل میں جنگ ہے؛

اُس کی باتیں تیل سے زِیادہ تسکین بخش ہیں،

مگر وہ ننگی تلواریں ہیں۔

اَپنی فکریں یَاہوِہ پر ڈال دو

اَور وہ تُمہیں سنبھالیں گے؛

وہ صادق کو کبھی

گرنے نہ دیں گے۔

لیکن اَے خُدا آپ، بدکاروں کو

ہلاکت کے گڑھے میں اُتاریں گے؛

خُونخوار اَور دغاباز لوگ

اَپنی آدھی عمر بھی جی نہ پائیں گے۔

پر میں تو آپ ہی پر بھروسا رکھوں گا۔

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.