Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
زبُور 138
اَز داویؔد۔
اَے یَاہوِہ، میں اَپنے سارے دِل سے آپ کا شُکر کروں گا؛
”معبُودوں“ کے سامنے میں آپ کی سِتائش کروں گا۔
مَیں آپ کے مُقدّس ہیکل کی طرف رخ کرکے سَجدہ کروں گا،
اَور آپ کی لافانی مَحَبّت اَور آپ کی صداقت کی خاطِر
آپ کے نام کی سِتائش کروں گا۔
کیونکہ آپ نے اَپنے نام اَور اَپنے کلام
کو ہر چیز پر فوقیت بخشی ہے۔
جَب مَیں نے آپ کو پُکارا، تو آپ نے مُجھے جَواب دیا؛
اَور میری جان کو دِلیر اَور حوصلہ مند بنا دیا۔
اَے یَاہوِہ، زمین کے سَب بادشاہ آپ کی سِتائش کریں گے،
کیونکہ اُنہُوں آپ کے مُنہ کا کلام سُنا ہے،
وہ یَاہوِہ کی راہوں کا نغمہ گائیں گے،
کیونکہ یَاہوِہ کا جلال عظیم ہے۔
حالانکہ یَاہوِہ عالمِ بالا پر ہیں، پھر بھی وہ خاکساروں کی طرف نگاہ کرتے ہیں،
لیکن مغروُروں کو وہ دُور ہی سے پہچان لیتے ہیں۔
حالانکہ میں مُصیبتوں میں سے گزرتا ہُوں،
تو بھی آپ میری جان کی حِفاظت کرتے ہیں؛
اَور میرے دُشمنوں کے قہر کے خِلاف اَپنا ہاتھ بڑھاتے ہیں،
اَور اَپنے داہنے ہاتھ سے مُجھے بچا لیتے ہیں۔
یَاہوِہ میرے لیٔے اَپنا مقصد پُورا کریں گے؛
اَے یَاہوِہ، آپ کی شفقت و مَحَبّت اَبدی ہے۔
اَپنے ہاتھوں کے کاموں کو ترک نہ کریں۔
Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ “Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.
Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.