Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

زبُور 102

مُصیبت زدہ کی دعا۔ جَب وہ اَفسُردہ ہوکر یَاہوِہ کے سامنے آہ و زاری کرتا ہے۔

اَے یَاہوِہ، میری دعا سُنیں؛

میری فریاد آپ تک پہُنچے۔

میری مُصیبت کے وقت

اَپنا مُنہ مُجھ سے نہ چھُپائیں۔

میری طرف متوجّہ ہوں؛

اَور اَپنا کان میری طرف لگائیں؛ مُجھے جلد جَواب دیں۔

کیونکہ میری زندگی کے دِن دھوئیں کی مانند اُڑے جاتے ہیں؛

اَور میری ہڈّیاں دہکتے ہُوئے اَنگاروں کی مانند جَل رہی ہیں۔

میرا دِل جھُلس کر گھاس کی مانند سُوکھ گیا ہے؛

اَور مَیں اَپنی روٹی کھانا بھی بھُول جاتا ہُوں۔

زور زور سے کراہنے کی وجہ سے

میری ہڈّیاں کھال سے چپک کر رہ گئیں۔

مَیں بیابان کے اُلّو کی مانند ہُوں،

اَیسے اُلّو کی مانند جو کھنڈروں میں پایا جاتا ہے۔

مَیں پڑا جاگتا رہتا ہُوں؛

اُس چڑیا کی مانند جو چھت پر تنہا ہو،

دِن بھر میرے دُشمن مُجھے ملامت کرتے ہیں؛

اَور میری مُخالفت کرنے والے میرا نام لے کر لعنت کرتے ہیں۔

کیونکہ راکھ میری غِذا بَن چُکی ہے

اَور میرے پینے کی چیز میں میرے آنسُو ملے ہوتے ہیں۔

یہ آپ کے سخت غضب کی وجہ سے ہُوا،

کیونکہ آپ نے مُجھے سرفراز کرکے زمین پر پٹک دیا ہے۔

میری زندگی کے دِن ڈھلنے والے سایہ کی مانند ہیں؛

میں گھاس کی طرح مُرجھا کر رہ گیا ہُوں۔

لیکن آپ اَے یَاہوِہ، اَبد تک تخت نشین رہیں گے؛

اَور آپ کی عظمت پُشت در پُشت قائِم رہے گی۔

آپ اُٹھیں گے اَور صِیّونؔ پر رحم کریں گے،

یہ وہ وقت ہے کہ آپ اُس پر ترس کھایٔیں،

کیونکہ مُعیّن وقت آ چُکاہے۔

کیونکہ اُس کے پتّھر آپ کے بندوں کو عزیز ہیں؛

اَور اُس کی خاک پر بھی اُنہیں ترس آتا ہے۔

قومیں یَاہوِہ کے نام سے خوف کھایٔیں گی،

اَور زمین کے سَب بادشاہ آپ کے جلال کی تعظیم کریں گے۔

کیونکہ یَاہوِہ صِیّونؔ کو دوبارہ تعمیر کریں گے

اَور اَپنے جلال میں ظاہر ہوں گے۔

وہ بےکسوں کی دعا کا جَواب دیں گے؛

اَور اُن کی عرض کو حقیر نہ جانیں گے۔

یہ آئندہ پُشت کے لیٔے لِکھّا جائے،

کہ ایک قوم جو ابھی وُجُود میں نہیں آئی، یَاہوِہ کی سِتائش کرےگی:

”یَاہوِہ نے اَپنے بُلند پاک مَقدِس سے نیچے نگاہ کی،

آسمان سے اُنہُوں نے زمین پر نظر ڈالی،

تاکہ اسیروں کا کراہنا سُنیں

اَور اُنہیں چھُڑا لیں جنہیں سزائے موت سُنایٔی گئی ہے۔“

چنانچہ صِیّونؔ میں یَاہوِہ کے نام کا ذِکر ہوگا

اَور یروشلیمؔ میں اُن کی تعریف ہوگی

جَب مُختلف قومیں اَور مملکتیں

یَاہوِہ کی عبادت کے لیٔے جمع ہوں گی۔

میرے جیتے جی یَاہوِہ نے میری قُوّت توڑ دی؛

اَور میری عمر گھٹا دی۔

اِس لیٔے مَیں نے کہا:

”اَے میرے خُدا! مُجھے آدھی عمر میں نہ اُٹھائیں؛

آپ کے بَرس پُشت در پُشت چلتے رہتے ہیں۔

آپ نے اِبتدا میں زمین کی بُنیاد رکھی،

اَور آسمان آپ کے ہی ہاتھوں کی کاریگری ہے۔

زمین اَور آسمان نِیست ہو جایٔیں گے مگر آپ قائِم رہیں گے؛

وہ سَب پوشاک کی مانند پُرانے ہو جایٔیں گے۔

آپ اُنہیں پوشاک کی مانند لپیٹیں گے

اَور وہ پوشاک کی طرح بدل دئیے جایٔیں گے۔

لیکن یَاہوِہ ہمیشہ سے لاتبدیل ہیں،

اَور یَاہوِہ کی زندگی کے سال کبھی ختم نہ ہوں گے۔

آپ کے بندوں کی اَولاد آپ کی حُضُوری میں زندگی بسر کرےگی؛

اَور اُن کی نَسل آپ کے سامنے قائِم رہے گی۔“

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.