Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
یَشعیاہ 7
عِمّانُوایلؔ کا نِشان
جَب یُوتامؔ بِن عُزّیاہؔ کا بیٹا آحازؔ یہُودیؔہ کا بادشاہ تھا تَب ارام کے بادشاہ رِضینؔ اَور اِسرائیل کے بادشاہ پِقاحؔ بِن رملیاہؔ نے یروشلیمؔ پر چڑھائی کی لیکن وہ اُس پر غالب نہ آسکے۔
جَب داویؔد کے گھرانے کو یہ اِطّلاع مِلی، ”ارام اَور اِفرائیمؔ کے درمیان عہد ہو چُکاہے“؛ تو آحازؔ اَور اُس کے لوگوں کے دِل اَیسے دہل گیٔے جَیسے جنگل کے درخت آندھی سے تھرتھراتے ہیں۔
تَب یَاہوِہ نے یَشعیاہ سے کہا، ”تُو اَپنے بیٹے شِعار یَعشُوبؔ کے ساتھ جا اَور آحازؔ سے اُس جگہ مِل جہاں دھوبیوں کے میدان کو جانے والی راہ پر اُوپر کے چشمہ کی نہر ختم ہوتی ہے۔ اَور اُس سے کہہ: ’خبردار رہ، حوصلہ رکھ اَور ڈر مت۔ اُن دو جھُلستے ہُوئے لکڑی کے ٹُنڈوں، رِضینؔ اَور ارام کے اَور رملیاہؔ کے بیٹے کے قہر شدید سے تیرا دِل نہ گھبرائے۔ ارام، اِفرائیمؔ اَور رملیاہؔ کے بیٹے نے تیری تباہی کا منصُوبہ باندھا ہے اَور کہتے ہیں: ”آؤ ہم یہُوداہؔ پر حملہ کریں اَور اُس کے ٹکڑے ٹکڑے کرکے آپَس میں بانٹ لیں اَور طابیل کے بیٹے کو اُس پر بادشاہ مُقرّر کریں۔“ لیکن یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں:
” ’وہ اَپنے اِرادہ میں کامیاب نہ ہوں گے،
اَور اَیسا ہرگز نہ ہوگا،
کیونکہ ارام کا سَر دَمشق ہے،
اَور دَمشق کا سَر رِضینؔ ہے،
پَینسٹھ سال کے اَندر اَندر
اِفرائیمؔ بھی اَیسا تباہ ہوگا کہ بحیثیت اَپنا وُجُود کھو بیٹھے گا۔
اِفرائیمؔ کا سَر سامریہؔ ہے،
اَور سامریہؔ کا سَر صرف رملیاہؔ کا بیٹا ہے۔
اگر تُم اَپنے ایمان میں ثابت قدم نہ رہے،
تو یقیناً تُم بھی قائِم نہ رہوگے۔‘ “
یَاہوِہ نے پھر آحازؔ سے کہا: ”یَاہوِہ اَپنے خُدا سے کویٔی نِشان طلب کر، چاہے وہ گہری گہرائی میں ہو یا بُلند ترین بُلندیوں میں۔“
لیکن آحازؔ نے کہا، ”میں نہیں مانگوں گا۔ میں یَاہوِہ کی آزمائش نہیں کروں گا۔“
تَب یَشعیاہ نے کہا، ”اَب سُنو، اَے داویؔد کے خاندان والو! کیا لوگوں کے صبر کو آزمانا ہی کافی نہیں ہے؟ کیا تُم میرے خُدا کے صبر کو بھی آزماؤگے؟ اِس لیٔے یَاہوِہ خُود ہی تُمہیں ایک نِشان دے گا: دیکھو ایک کنواری حاملہ ہوگی اَور اُس سے ایک بیٹا پیدا ہوگا اَور اُس کا نام عِمّانُوایلؔ رکھا جایٔےگا۔ اَور جَب تک وہ بدی سے اِنکار اَور نیکی کو تسلیم کرنا نہیں جانے گا وہ دہی اَور شہد کھاتا رہے گا۔ لیکن اِس سے قبل کہ یہ بچّہ بدی سے گُریز اَور نیکی کو تسلیم کرنا جانے اُن دو بادشاہوں کے مُلک ویران ہو جایٔیں گے جِن سے تُم خوفزدہ ہے۔ یَاہوِہ تُجھ پر، تیرے لوگوں پر اَور تیرے باپ کے گھرانے پر اَیسا وقت لایٔے گا جَیسا اِفرائیمؔ کے یہُودیؔہ سے الگ ہونے کے بعد اَب تک نہیں لایا۔ وہ شاہِ اشُور کو لے آئے گا۔“
اشُور، یَاہوِہ کا آلہ
اُس وقت یَاہوِہ سیٹی کی آواز سے مِصر کے نیل کے دُور دُور کے دریاؤں سے شہد کی مکھّیوں کو اَور اشُور کے مُلک سے زنبوروں کو بُلائیں گے۔ وہ سَب آکر ڈھلوان وادیوں، چٹّانوں کی دراڑوں، تمام کانٹے دار جھاڑیوں اَور پانی کے سبھی ذخیروں پر چھا جایٔیں گی۔ اُس وقت یَاہوِہ دریائے فراتؔ کے اُس پار سے یعنی اشُور کے بادشاہ سے کرایہ پر لیٔے ہُوئے اُسترے سے تمہارے سَر اَور پاؤں کے بال یہاں تک کہ تمہاری داڑھی بھی مونڈ ڈالیں گے۔ اُس وقت ایک آدمی صِرف ایک گائے کی بچھیا اَور دو بکریاں پالے گا۔ اَور چونکہ وہ کثرت سے دُودھ دیں گی اِس لیٔے وہ دہی کھائے گا اَور مُلک کے بچے ہُوئے تمام باشِندے دہی اَور شہد کھایٔیں گے۔ اُس وقت ہر اُس جگہ جہاں ہزار چاندی کے ثاقلوں کے ہزار انگوری بیلوں کی جگہ میں وہاں صِرف جھاڑیاں اَور اُونٹ کٹارے ہوں گے۔ شِکاری وہاں تیر اَور کمان لے کر جایٔیں گے کیونکہ تمام مُلک جھاڑیوں اَور اُونٹ کٹاروں سے بھرا ہوگا۔ اُن پہاڑیوں پر جہاں کسی زمانہ میں کُدال سے کھدائی کرکے کاشتکاری کی جاتی تھی، جھاڑیوں اَور اُونٹ کٹاروں کے خوف سے اَب تُو وہاں جانا بھی پسند نہ کریں گے۔ وہ اَیسی جگہیں بَن جایٔیں گی جہاں گائے بَیل کھُلے پھرتے ہیں اَور بھیڑیں دَوڑتی ہیں۔
Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ “Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.
Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.