Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

یَشعیاہ 30

ضِدّی قوم پر افسوس

یَاہوِہ فرماتے ہیں، ”اُن باغی بچّوں پر افسوس،

جو اَیسے منصُوبے عَمل میں لاتے ہیں جو میری طرف سے نہیں ہیں،

اَور عہدوپیمان کرتے ہیں جو میری رُوح کی ہدایت کے مُطابق نہیں،

اَور اِس طرح گُناہ پر گُناہ کا انبار لگاتے ہیں۔

وہ مُجھ سے پُوچھے بنا

مِصر کو جاتے ہیں؛

جو فَرعوہؔ کی پناہ میں مدد ڈھونڈتے ہیں،

تاکہ مِصر کے سایہ میں اَمن سے رہیں۔

لیکن فَرعوہؔ کی حمایت تمہارے لیٔے شرم کا باعث ہوگی،

اَور مِصر کے سایہ میں پناہ لینا تُمہیں رُسوا کرےگا۔

حالانکہ اُن کے افسران ضعنؔ میں ہیں

اَور اُن کے سفیر حانیسؔ میں جا پہُنچے ہیں،

وہ سَب ایک اَیسی قوم کے باعث شرمندہ ہوں گے

جِس سے اُنہیں کویٔی فائدہ نہ ہوگا،

کیونکہ اُن سے نہ تو مدد ملے گی نہ کچھ حاصل ہوگا

سِوائے خجالت اَور رُسوائی کے۔“

جُنوب کے جانوروں کے متعلّق نبُوّت:

اَپنی دولت گدھوں کی پیٹھ پر،

اَور اَپنے خزانے اُونٹوں کے کی اُونچی پیٹھ پر لاد کر،

اُن کے سفیر دُکھ اَور مُصیبت کی سرزمین میں سے ہوکر،

جہاں شیرببر اَور شیرنیاں،

اَور جہاں افعی اَور اُڑنے والے زہریلے سانپ رہتے ہیں،

اُن لوگوں کی طرف جا رہے ہیں جِن سے اُنہیں کویٔی فائدہ نہ ہوگا،

کیونکہ مِصر کی مدد بالکُل بیکار ہے

اِسی لیٔے مَیں نے اُسے

سُست بیٹھی رہنے والی راحبؔ1 کہا ہے۔

اَب جا اَور اُسے اُن کے لیٔے ایک تختی پر لِکھ دے،

اَور کسی طُومار میں قلم بند کر دے،

تاکہ آنے والے دِنوں میں

وہ ہمیشہ تک گواہی کے طور پر قائِم رہے۔

کیونکہ یہ لوگ باغی ہیں اَور دھوکے باز فرزند ہیں،

جو یَاہوِہ کی ہدایات کو سُننا نہیں چاہتے۔

وہ رَوشن ضمیروں سے کہتے ہیں کہ

”اَب اَور رُویا نہ دیکھو!“

اَور نبیوں سے کہتے ہیں،

”ہم پر اَب سچّی نبُوّتیں ظاہر نہ کرو!

بَلکہ ہمیں مزیدار باتیں بتاؤ،

اَور وہم والی نبُوّتیں کرو۔

یہ راہ چھوڑ دو،

اِس راستہ سے ہٹ جاؤ،

اَور اِسرائیل کے قُدُّوس کو

ہمارے رُوبرو لانے سے باز آؤ۔“

اِس لیٔے اِسرائیل کے قُدُّوس یُوں فرماتے ہیں:

”چونکہ تُم نے اِس پیغام کو مُسترد کر دیا،

اَور ظُلم پر اِعتماد رکھا

اَور فریب کا سہارا لیا،

اِس لیٔے یہ گُناہ تمہارے لیٔے

ایک اُونچی دیوار کی مانند ہوگا جو دراڑ کے باعث اُبھر آئی ہو،

جو اَچانک پل بھر میں گِر جاتی ہے۔

وہ کُمہار کے مٹّی کے برتن کی طرح ٹوٹ کر

اَیسی چکنا چُور ہو جائے گی

کہ اُس کے ٹُکڑوں کا کویٔی حِصّہ بھی نہ مِل سکےگا

جِس میں چولہے میں سے آگ لی جائے

یا حوض میں سے پانی نکالا جائے۔“

کیونکہ یَاہوِہ قادر اِسرائیل کا قُدُّوس خُداوؔند یُوں فرماتے ہیں:

”تَوبہ کرنے اَور چَین سے رہنے میں تمہاری نَجات ہے،

خاموشی اَور توکّل میں تمہاری قُوّت ہے،

پر تُم نے یہ نہ چاہا۔

تُم نے کہا، نہیں، ’ہم تو گھوڑوں پر چڑھ کر بھاگیں گے،‘

اِس لیٔے تُم بھاگوگے!

تُم نے کہا، ’ہم تیز رفتار گھوڑوں پر سوار ہوں گے،‘

اِس لیٔے تمہارا تعاقب کرنے والے اُس سے بھی تیز رفتار ہوں گے!

ایک ہی کی دھمکی سے

ایک ہزار بھاگیں گے؛

اَور پانچ کی دھمکی سے

تُم سَب اَیسے بھاگوگے،

کہ پہاڑ کی چوٹی پر نصب کئے ہُوئے جھنڈوں کے سُتون،

یا کسی پہاڑی پر لہراتے ہُوئے پرچم کی طرح، رہ جاؤگے۔“

پھر بھی یَاہوِہ تُم پر فضل کرنا چاہتاہے؛

اَور وہ تُم پر رحم کرنے کے لیٔے اُٹھا ہے

کیونکہ یَاہوِہ عادل خُدا ہے۔

مُبارک ہیں وہ سَب جو اُن کا اِنتظار کرتے ہیں!

اَے صِیّونؔ کے لوگو، جو یروشلیمؔ میں رہتے ہو، تُم اَب اَور نہ روؤگے۔ جَب تُم اُن سے فریاد کروگے تو وہ بےحد مہربان ہوگا اَور جوں ہی وہ تمہاری فریاد سُنے گا، تُمہیں جَواب دے گا۔ اگرچہ یَاہوِہ تُمہیں مُصیبت کی روٹی اَور دُکھ کا پانی بھی دے تو بھی تمہارے مُعلّم اَب اَور چھُپے نہ رہیں گے۔ تُم اُنہیں اَپنی آنکھوں سے دیکھ لوگے۔ تُم داہنی طرف مُڑو یا بائیں طرف، تمہارے کان پیچھے سے آتی ہُوئی اُس آواز کو سُنیں گے جو کہتی ہے، ”راہ یہی ہے؛ اِسی پر چلو۔“ تَب تُم اَپنے چاندی چڑھے ہُوئے بُتوں اَور سونا چڑھی ہُوئی مورتوں کو ناپاک کروگے۔ تُم اُنہیں حیض کے کپڑوں کی طرح پھینک دوگے اَور کہو گے: ”دُورہو جاؤ!“

تُم زمین میں جو بیج بوؤگے اُس کے لیٔے وہ بارش بھیجے گا اَور زمین سے عُمدہ اَور کثرت سے اناج اُگے گا۔ اُس وقت تمہارے مویشی وسیع چراگاہوں میں چریں گے اَور بَیل اَور گدھے جو تمہارے کھیتوں میں کام آتے ہیں، سُوپ اَور چھاج سے پھٹکا ہُوا عُمدہ چارا کھایٔیں گے۔ اَور اُس بڑی خُونریزی کے دِن جَب بُرج گِر جایٔیں گے ہر اُونچے پہاڑ اَور بُلند ٹیلے پر پانی کی ندیاں جاری ہو جایٔیں گی۔ جِس وقت یَاہوِہ اَپنے لوگوں کے زخموں کو باندھے گا اَور اُن چوٹوں کو جو اُنہیں لگی تھیں اَچھّا کرےگا تَب چاند سُورج کی طرح چمکے گا اَور سُورج کی رَوشنی سات گُنا بڑھ جائے گی بَلکہ پُورے سات دِن کی رَوشنی کے برابر ہوگی۔

دیکھو، یَاہوِہ نام کے ساتھ دُور سے چلا آتا ہے،

اُس کا غضب آگ کی طرح بھڑکا ہُواہے جِس کے ہمراہ

گہرے دھوئیں کے بادل ہیں؛

اُس کے لب غضب آلُود ہیں،

اَور اُس کی زبان بھسم کرے والی آگ کی مانند ہے۔

اُس کا دَم ایک تیز رفتار ندی کی مانند ہے جِس میں سیلاب آیا ہُوا ہو،

جو گردن تک پہُنچ جائے۔

وہ تمام قوموں کو ہلاکت کی چھلنی سے پھٹکے گا،

وہ مُختلف مُلکوں کے لوگوں کے جَبڑوں میں لگام ڈالتا ہے

جو اُنہیں گُمراہ کرتی ہے۔

اَور تُم اُس رات کی طرح گاؤگے

جَب کویٔی مُقدّس عید مناتے ہو؛

جِس طرح لوگ بانسریوں کی دھُن سے مست ہوکر یَاہوِہ کے پہاڑ

یعنی اِسرائیل کی چٹّان پر جاتے ہیں،

اُسی طرح تمہارے دِل بھی شادمان ہوں گے۔

یَاہوِہ اَپنی جلالی آواز لوگوں کو سُنائے گا

اَور اَپنے قہر کی شِدّت اَور بھسم کرنے والی آگ کے شُعلوں

موسلادھار بارش، زورآور آندھی اَور اولوں کے ساتھ

اَپنے بازو کا نازل ہونا اُنہیں دِکھائے گا۔

یَاہوِہ کی آواز اشُور کو تباہ کر دے گی؛

وہ اُنہیں اَپنے لٹھ سے مارے گا۔

اَور جَیسے یَاہوِہ اَپنے ہاتھ کے ضرب سے اُن سے لڑیں گے

اُن کے بازو کے سزا کے ڈنڈے کی

ہر ضرب جو وہ اُن پر لگائیں گے

دف اَور سِتار کی موسیقی کے ساتھ ہوگی۔

کافی عرصہ سے تُوفتؔ تیّار کیا گیا ہے؛

اُسے بادشاہ ہی کے لیٔے تیّار کیا گیا ہے۔

اُس کا آگ کا گڑھا کافی گہرا اَور چوڑا بنایا گیا ہے،

جِس میں آگ اَور ایندھن بکثرت مَوجُود ہے؛

یَاہوِہ کی سانس،

اُسے جلتے ہُوئے گندھک کے چشمے کی طرح سُلگائے گی۔

Source notes (1)
  1. Footnote راحبؔ قدیم نُسخوں کا خیالی کِردار، جو یہ سمُندر میں پریشانی پیدا کرنے کے لئے جانا جاتا ہے۔

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.