Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
یَشعیاہ 31
افسوس اُن پرجو مِصر پر اِعتماد رکھتے ہیں
افسوس اُن پرجو مدد کے لیٔے مِصر جاتے ہیں،
اَور گھوڑوں پر اِعتماد رکھتے ہیں،
اَور اَپنے کثیرُالتعداد رتھوں پر
اَور اَپنے سواروں کی بڑی طاقت پر بھروسا رکھتے ہیں،
لیکن اِسرائیل کے قُدُّوس پر نگاہ نہیں کرتے،
نہ یَاہوِہ سے مدد طلب کرتے ہیں۔
پر وہ بھی عقلمند ہے اَور آفت لا سَکتا ہے؛
وہ اَپنے الفاظ واپس نہیں لیتا
وہ اُٹھ کر بدکاروں کے گھرانے پر
اَور بدکرداروں کے حمایتیوں پر چڑھائی کرےگا۔
لیکن اہلِ مِصر تو اِنسان ہیں، خُدا نہیں؛
اَور اُن کے گھوڑے گوشت ہیں، رُوح نہیں۔
جَب یَاہوِہ اَپنا ہاتھ بڑھائیں گے،
تو حمایتی ٹھوکر کھائے گا،
اَور جِس کی حمایت کی گئی وہ گِر جائے گا؛
دونوں اِکٹھّے ہلاک ہوں گے۔
پھر یَاہوِہ نے مُجھ سے یُوں فرمایا:
”جِس طرح شیرببر ہاں جَوان شیرببر اَپنے شِکار پر غرّاتے ہے
اَور حالانکہ بہت سے چرواہے
اُس کا مُقابلہ کرنے کے لیٔے اِکٹھّے کر لیٔے جایٔیں،
تو بھی وہ اُن کی للکار سے نہ ڈرے گا
نہ اُن کے شور و غُل سے پریشان ہوگا
اِسی طرح قادرمُطلق یَاہوِہ کوہِ صِیّونؔ اَور اُس کی پہاڑیوں پر لڑنے کے لیٔے اُترے گا۔
منڈلاتے ہُوئے پرندوں کی طرح
قادرمُطلق یَاہوِہ یروشلیمؔ کی حمایت کریں گے؛
وہ اُس کی حِفاظت کرکے اُسے چھُڑا لیں گے،
وہ اُس کے ’اُوپر سے گزرتے ہُوئے‘ اُسے بچا لیں گے۔“
اَے بنی اِسرائیل تُم اُسی کی طرف لَوٹ آؤ جِس کے خِلاف تُم نے سخت بغاوت کی ہے۔ کیونکہ اُس دِن تُم میں سے ہر ایک اُن چاندی اَور سونے کے بُتوں کو ترک کر دے گا جنہیں تمہارے گُناہ آلُود ہاتھوں نے بنایا ہے۔
”تَب اشُور اُس تلوار سے گِرے گا جو اِنسان کی نہیں ہے؛
وُہی تلوار جو فانی اِنسان کی نہیں ہے، اُنہیں ہلاک کر ڈالے گی۔
وہ تلوار کے سامنے سے بھاگ جایٔیں گے
اَور اُن کے نوجوانوں سے زبردستی مشقّت کروائی جائے گی۔
اُن کا قلعہ دہشت کی وجہ سے گِر جائے گا؛
اَور اُن کے سپہ سالار لڑائی کا پرچم دیکھ کر کانپنے لگیں گے،“
یہ یَاہوِہ فرماتے ہیں،
جِس کی آگ صِیّونؔ میں
اَور بھٹّی یروشلیمؔ میں ہے۔
Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ “Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.
Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.