Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

خُروج 15

مُوسیٰ اَور مِریمؔ کا نغمہ

تَب مَوشہ اَور بنی اِسرائیل نے یَاہوِہ کی حَمد میں یہ نغمہ گایا:

”مَیں یَاہوِہ کی ثنا گاؤں گا،

کیونکہ وہ بہت ہی بُلند و بالا ہیں۔

اُنہُوں نے گھوڑوں کو سوار سمیت

سمُندر میں پھینک دیا۔

”یَاہوِہ میری قُوّت اَور میرا نغمہ1 ہیں؛

وہ ہی میری نَجات ہیں۔

وہ میرے خُدا ہیں اَور مَیں اُن کی حَمد کروں گا،

وہ میرے باپ کے خُدا ہیں مَیں اُن کی تمجید کروں گا۔

یَاہوِہ جنگ میں فتح پاتے ہیں؛

اُن کا نام یَاہوِہ ہے۔

اُنہُوں نے فَرعوہؔ کے رتھوں اَور فَوج کو

سمُندر میں ڈال دیا۔

اَور فَرعوہؔ کے چُنے ہُوئے افسران

بحرِقُلزمؔ میں غرق ہو گئے۔

گہرے پانی نے اُن کو چھُپا لیا؛

وہ پتّھر کی مانند گہرائیوں میں ڈُوب گیٔے۔

اَے یَاہوِہ! آپ کا داہنا ہاتھ،

قُوّت میں جلالی تھا۔

اَے یَاہوِہ! آپ کے ہاتھ نے،

دُشمن کو چکنا چُور کر دیا۔

”اَپنی عظمت کے جلال سے،

آپ نے اَپنے مُخالفوں کو تہِ تیغ کر دیا۔

آپ کے آتِشیں قہر نے بھڑک کر؛

اُنہیں بھُوسے کی مانند بھسم کر دیا۔

آپ کے نتھنوں کے پُرزور دَم سے

پانی کا ڈھیر لگ گیا۔

اَور سیلاب کا پانی دیوار کی طرح سیدھے کھڑا ہو گیا؛

اَور گہرا پانی سمُندر کے درمیان جم گیا۔

دُشمن نے بڑی شیخی بگھاری تھی،

’میں تعاقب کرکے اُنہیں تباہ کر دُوں گا۔

میں لُوٹ کا مال تقسیم کروں گا؛

میں اُن کو نگل جاؤں گا۔

میں اَپنی تلوار کھینچ کر

اَپنے ہی ہاتھ سے اُنہیں ہلاک کروں گا۔‘

لیکن آپ نے اَپنی سانس کی آندھی بھیجی،

اَور سمُندر نے اُن کو چھُپا لیا۔

اَور وہ زورآور پانی میں

سیسے کی مانند ڈُوب گیٔے۔

اَے یَاہوِہ! معبُودوں میں

کون آپ کی مانند ہے؟

کون ہے جو آپ کی مانند،

اَپنی پاکیزگی میں جلالی،

اَور اَپنی مدح کے سبب سے،

اَور عجائب کام کر سکتا ہے؟

”آپ نے اَپنا داہنا ہاتھ بڑھایا

اَور زمین نے آپ کے دُشمنوں کو نگل لیا۔

اَپنی لافانی مَحَبّت سے

آپ اُن لوگوں کی رہنمائی کریں گے جِن کا آپ نے فدیہ دیا ہے۔

اَور اُنہیں اَپنی قُوّت سے

اَپنے مُقدّس قِیام کی طرف لےچلیں گے۔

قومیں سُنیں گی اَور تھرتھرائیں گی؛

اَور فلسطین کے لوگ ذہنی کُوفت میں مُبتلا ہوں گے۔

اَور اِدُوم کے سردار دہشت زدہ ہوں گے،

اَور مُوآب کے سربراہوں پر کپکپی طاری ہو جائے گی،

اَور کنعانؔ کے حُکاّم2 نابود ہو جایٔیں گے؛

اُن پر خوف و ہِراس طاری ہو جائے گا۔

اَور وہ آپ کے قوی ہاتھ سے

پتّھر کی طرح بے حِس و حرکت رہیں گے۔

جَب تک اَے یَاہوِہ آپ کے لوگ سلامت نہ گزر جایٔیں،

اَور جنہیں آپ نے خریدا ہے پار نہ ہو جایٔیں۔

آپ اُنہیں لاکر اَپنی مِیراث کے پہاڑ پر بساؤگے،

یعنی اُس پاک مَقدِس مقام پر اَے یَاہوِہ

جسے آپ نے اَپنے قِیام کے لیٔے بنایا ہے،

وہ پاک مَقدِس اَے آقا جسے آپ کے ہاتھوں نے قائِم کیا ہے۔

”یَاہوِہ ابدُالآباد

سلطنت کریں گے۔“

جَب فَرعوہؔ کے گھوڑے، رتھ اَور سوار سمُندر کے درمیان پہُنچے تو یَاہوِہ سمُندر کے پانی کو اُن پر لَوٹا لائے۔ لیکن بنی اِسرائیل سمُندر کے درمیان سے خشک زمین پر چل کر نکل گیٔے۔ تَب اَہرونؔ کی بہن مِریمؔ نے جو نبیّہ بھی تھی دف ہاتھ میں لیا اَور سَب عورتیں دف لیٔے رقص کرتے ہویٔے اُس کے پیچھے چلیں۔ اَور مِریمؔ نے اُن کے گانے کے جَواب میں یہ نغمہ گایا:

”یَاہوِہ کی حَمد و ثنا گاؤ،

کیونکہ وہ بہت بُلند و بالا ہیں۔

اُنہُوں نے گھوڑے کو اَور اُس کے سوار کو

سمُندر میں گھُما کر غرق کر دیا ہے۔“

مارہؔ اَور ایلِمؔ کا پانی

اَور پھر مَوشہ بنی اِسرائیل کو بحرِقُلزمؔ سے آگے لے گیٔے اَور وہ شُورؔ کے بیابان میں آئے اَور تین دِن تک چلتے رہے لیکن اُنہیں پانی نہ مِلا۔ اَور جَب وہ مارہؔ میں آئے تو وہ مارہؔ کا پانی نہ پی سکے کیونکہ وہ کڑوا تھا۔ (یہی وجہ ہے کہ اُس جگہ کا نام مارہؔ3 پڑ گیا)۔ لہٰذا اُنہُوں نے مَوشہ کے خِلاف بُڑبُڑانا شروع کر دیا اَور کہنے لگے، ”ہم کیا پیئیں؟“

تَب مَوشہ نے یَاہوِہ سے فریاد کی اَور یَاہوِہ نے اُسے لکڑی کا ایک ٹکڑا دِکھایا۔ جَب اُس نے پانی میں ڈالا تو پانی میٹھا ہو گیا۔

وہیں یَاہوِہ نے اُن کے لیٔے ایک قوانین اَور ہدایت مرتّب کی اَور وہیں اُنہُوں نے اُن کی آزمائش کی۔ اُنہُوں نے کہا، ”اگر تُم دِل لگا کر یَاہوِہ اَپنے خُدا کا کلام سنوگے اَور وُہی کروگے جو اُن کی نظر میں بھلا ہے اَور اگر تُم اُن کے اَحکام بجا لاؤگے اَور اُن کے تمام قوانین پر عَمل کروگے تو میں اُن بیماریوں میں سے کویٔی بھی جو مَیں نے مِصریوں پر نازل کیں تُم پر نازل نہ کروں گا کیونکہ مَیں وہ یَاہوِہ ہُوں جو تُمہیں شفا بخشتا ہے۔“

پھر وہ ایلِمؔ میں آئے جہاں پانی کے بَارہ چشمے اَور کھجور کے ستّر درخت تھے اَور وہ وہیں پانی کے قریب خیمہ زن ہو گئے۔

Source notes (3)
  1. Footnote نغمہ قدیم نُسخوں میں حِفاظت لِکھا ہُواہے
  2. Footnote حُکاّم کچھ قدیمی نُسخوں میں کنعانؔ کے باشِندے لِکھا ہُواہے
  3. Footnote مارہؔ مُراد کڑوا

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.