Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
2 کُرِنتھِیوں 5
نیا مَسکن
ہم جانتے ہیں کہ جَب ہمارا خیمہ جو زمین پر ہمارا عارضی گھر ہے، گرا دیا جائے گا تو ہمیں خُدا کی طرف سے آسمان پر ایک اَیسی عمارت ملے گی جو اِنسانی ہاتھوں کی بنائی ہُوئی نہیں بَلکہ اَبدی ہے۔ چنانچہ ہم اِس مَوجُودہ جِسم میں کراہتے ہیں، اَور ہماری بڑی آرزُو ہے کہ ہم اَپنے آسمانی مَسکن کو لباس کی طرح پہن لیں، تاکہ اُسے پہن لینے کے بعد، ہم ننگے نہ پایٔے جایٔیں۔1 ہم اِس خیمہ میں رہتے ہویٔے بوجھ کے مارے کراہتے ہیں، کیونکہ ہم یہ لباس اُتارنا نہیں چاہتے، بَلکہ اُسی پر دُوسرا پہن لینا چاہتے ہیں، تاکہ جو فانی ہے وہ بَقا کا لُقمہ بَن جائے۔ وہ خُدا ہی ہے جِس نے ہمیں اِسی غرض سے بنایا، اَور اَپنا پاک رُوح ہمیں آنے والی چیزوں کے بیَعانہ کے طور، پر دیا ہے۔
پس ہم ہمیشہ مطمئن رہتے ہیں اَور جانتے ہیں کہ جَب تک ہم جِسم کے گھر میں ہیں، خُداوؔند کے گھر سے دُور ہیں۔ کیونکہ ہم ایمان کے سہارے زندگی گزارتے ہیں، نہ کہ آنکھوں دیکھے پر۔ ہم اِطمینان سے ہیں، لیکن بہتر یہ ہے کہ اِس جِسمانی گھر کو چھوڑکر خُداوؔند کے گھر میں رہنے لگیں۔ لیکن خواہ ہم اَپنے گھر میں ہوں خواہ اُس سے دُور، ہمارا مقصد تو خُداوؔند کو خُوش رکھناہے۔ کیونکہ ہم سَب کو المسیح کی عدالت میں پیش ہوناہے، تاکہ ہر شخص اَپنے اَچھّے یا بُرے اعمال کا جو اُس نے اَپنے بَدن سے دُنیا میں کیٔے ہیں، بدلہ پایٔے۔
خُدا کے ساتھ صُلح
کیونکہ، ہمیں، مَعلُوم ہے کہ خُداوؔند کا خوف کیا ہے، اِس لیٔے ہم دُوسروں کو سمجھانے کی کوشش کرتے ہیں۔ خُدا ہمارے دِلوں کا حال اَچھّی طرح جانتا ہے، اَور مُجھے اُمّید ہے کہ یہ حال تمہارے ضمیر پر بھی ظاہر ہُوا ہوگا۔ اِس کا مطلب یہ نہیں کہ ہم تمہارے سامنے پھر سے، اَپنی نیک نامی جتانے لگے ہیں بَلکہ تُمہیں موقع دینا چاہتے ہیں کہ تُم ہم پر فخر کر سکو، اَور اُن لوگوں کو جَواب دے سکو جو ظاہر پر تو فخر کرتے ہیں لیکن باطِن پر نہیں۔ اگر ہم دیوانے ہیں، تو خُدا کے واسطے ہیں؛ اَور اگر ہوش میں ہیں، تو تمہارے واسطے۔ ہم المسیح کی مَحَبّت کے باعث مجبُور ہیں، کیونکہ ہم اِس بات پر قائل ہیں کہ جَب ایک آدمی سَب کے لیٔے مَرا ہے، تو سَب مَر گیٔے۔ اَور وہ اِس لیٔے سَب کی خاطِر مَرا کہ جو، جیتے ہیں وہ آئندہ اَپنی خاطِر نہ جئیں بَلکہ صِرف اُس کی خاطِر جو اُن کے لیٔے مَرا اَور پھر سے جی اُٹھا۔
پس اَب سے ہم کسی کو جِسمانی حیثیت سے نہیں جانیں گے۔ اگرچہ ایک وقت ہم نے المسیح کو بھی جِسمانی حیثیت سے جانا تھا، لیکن اَب ہم اُنہیں جان گئے ہیں۔ اِس لیٔے، اگر کویٔی المسیح میں ہے، تو وہ نئی مخلُوق ہے۔ پُرانی چیزیں جاتی رہیں۔ دیکھو! اَب وہ نئی ہو گئیں! یہ سَب خُدا کی طرف سے ہے، جِس نے المسیح کے ذریعہ ہمارے ساتھ صُلح کرلی اَور صُلح کرانے کی خدمت ہمارے سُپرد کر دی: مطلب یہ ہے کہ خُدا نے المسیح کے ذریعہ دُنیا والوں سے صُلح کرلی، اَور اُنہیں اُن کی سرکشیوں کا ذمّہ دار نہیں ٹھہرایا۔ المسیح نے صُلح کا یہ پیغام ہمارے سُپرد کر دیا۔ اِس لیٔے ہم المسیح کے ایلچی ہیں، گویا خُدا ہمارے ذریعہ لوگوں سے مُخاطِب ہوتاہے۔ لہٰذا ہم المسیح کی طرف سے اِلتماس کرتے ہیں: خُدا سے صُلح کر لو۔ خُدا نے المسیح کو جو گُناہ سے واقف نہ تھا، ہمارے واسطے گُناہ ٹھہرایا تاکہ ہم المسیح میں خُدا کے راستباز ہو جایٔیں۔
Source notes (1)
- Footnote ننگے نہ پایٔے جایٔیں۔ ہم بے گھر نا ہوں گے۔
Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ “Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.
Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.