Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

1 شموایلؔ 26

داویؔد کا پھر شاؤل کا جان بخشی کرنا

اَور اہلِ زِیفؔ نے گِبعہؔ میں شاؤل کے پاس جا کر کہا، ”داویؔد یشعمونؔ کے سامنے حکِیلہؔ کی پہاڑی پر چھُپا ہُواہے۔“

لہٰذا شاؤل داویؔد کو تلاش کرنے کے لیٔے اِسرائیل کے چیدہ چیدہ تین ہزار آدمیوں کو ساتھ لے کر زِیفؔ کے بیابان کو گیا۔ اَور شاؤل نے یشعمونؔ کے سامنے حکِیلہؔ کی پہاڑی کے اُوپر راہ کے کنارے پڑاؤ کیا۔ لیکن داویؔد بیابان میں رہا۔ جَب اُس نے دیکھا کہ شاؤل وہاں بھی اُس کے تعاقب میں آ پہُنچا ہے تب داویؔد نے جاسُوس بھیج کر مَعلُوم کیا کہ کیا شاؤل واقعی آ گیا ہے۔

تَب داویؔد روانہ ہُوا اَور اُس جگہ گیا جہاں شاؤل نے پڑاؤ کیا ہُوا تھا۔ اُس نے دیکھا کہ شاؤل اَور فَوج کا سپہ سالار ابنیرؔ بِن نیرؔ لیٹے ہیں۔ شاؤل چھاؤنی کے اَندر لیٹا ہُوا تھا اَور اُس کے چاروں طرف فَوج خیمہ زن تھی۔

تَب داویؔد نے حِتّی احِیملکؔ اَور ضرویاہؔ کے بیٹے ابیشائی سے جو یُوآبؔ کا بھایٔی تھا پُوچھا، ”کون میرے ساتھ چھاؤنی میں شاؤل کے پاس چلے گا؟“

ابیشائی نے کہا، ”مَیں آپ کے ساتھ چلُوں گا۔“

لہٰذا داویؔد اَور ابیشائی رات کے وقت چھاؤنی میں جا گھُسے۔ شاؤل وہاں خیمہ میں پڑا سو رہاتھا اَور اُس کا نیزہ اُس کے سرہانے زمین میں گڑا ہُوا تھا اَور ابنیرؔ اَور لشکر کے لوگ اُس کے اِردگرد سوئے ہُوئے تھے۔

تَب ابیشائی نے داویؔد سے کہا، ”آج خُدا نے تمہارے دُشمن کو تمہارے ہاتھ میں دے دیا ہے۔ مُجھے اِجازت دیں کہ اَپنے نیزہ کے ایک ہی وار سے اُسے زمین سے پیوند کر دُوں۔ دُوسرے وار کی نَوبَت ہی نہیں آئے گی۔“

لیکن داویؔد نے ابیشائی سے کہا، ”نہیں اُسے قتل نہ کرنا کیونکہ کون ہے جو یَاہوِہ کے ممسوح پر ہاتھ اُٹھائے اَور بےگُناہ رہے؟“ داویؔد نے کہا، ”یَاہوِہ کی حیات کی قَسم، یَاہوِہ خُود ہی اُسے ماریں گے یا اُس کے اِنتقال کا وقت آئے گا اَور وہ مَر جائے گا، یا وہ جنگ میں جائے گا اَور فنا ہو جائے گا۔ لیکن یَاہوِہ نہ کریں کہ میں یَاہوِہ کے ممسوح پر ہاتھ اُٹھاؤں۔ تُم اُس کے سرہانے کے قریب سے اُس کا نیزہ اَور پانی کی صُراحی لے آؤ، اُس کے بعد ہم چل دیں گے۔“

لہٰذا داویؔد نے شاؤل کے سرہانے کے قریب سے وہ نیزہ اَور پانی کی صُراحی اُٹھا لی اَور وہ چل دیئے۔ اَور نہ کسی نے دیکھا اَور نہ کسی کو اِس کی خبر ہُوئی اَور نہ ہی کویٔی جاگا۔ وہ تمام سو رہے تھے کیونکہ یَاہوِہ نے اُنہیں گہری نیند سُلا دیا تھا۔

تَب داویؔد وہاں سے نکل کر دُوسری طرف چلا گیا اَور کچھ دُور پہاڑی کی چوٹی پر کھڑا ہو گیا اَور اُن کے درمیان کافی فاصلہ تھا۔ داویؔد نے فَوج کو اَور ابنیرؔ بِن نیرؔ کو پُکار کر کہا، ”اَے ابنیرؔ! تُم مُجھے جَواب کیوں نہیں دیتے؟“

ابنیرؔ نے جَواب دیا، ”تُم کون ہو اَور بادشاہ کو کیوں پُکار رہے ہو؟“

داویؔد نے ابنیرؔ سے کہا، ”تُم بڑے بہادر شخص ہو نا؟ اَور اِسرائیل میں تمہاری مانند کون ہے؟ پھر تُم نے اَپنے مالک بادشاہ کی نگہبانی کیوں نہیں کی؟ تُمہیں پتا ہے کہ کویٔی تمہارے مالک بادشاہ کو ہلاک کرنے آیاتھا۔ اَیسی لاپروائی اَچھّی نہیں۔ یَاہوِہ کی حیات کی قَسم تُم اَور تمہارے آدمی سزائے موت کے لائق ہیں کیونکہ تُم نے اَپنے مالک یَاہوِہ کے ممسوح کی نگہبانی نہیں کی۔ ذرا دیکھو کہ بادشاہ کا نیزہ اَور پانی کی صُراحی جو اُن کے سرہانے کے نزدیک تھی کہاں ہیں؟“

تَب شاؤل نے داویؔد کی آواز پہچان کر کہا، ”اَے بیٹے داویؔد! کیا یہ تمہاری آواز ہے؟“ داویؔد نے جَواب دیا، ”اَے میرے آقا بادشاہ! ہاں یہ میری ہی آواز ہے۔“

اَور اُس نے مزید کہا، ”میرے آقا اَپنے خادِم کا تعاقب کیوں کر رہے ہیں؟ مَیں نے کیا کیا ہے اَور میرا جُرم کیا ہے؟ اَب میرے آقا بادشاہ ذرا اَپنے خادِم کی باتوں کو بھی سُن لیں! اگر یَاہوِہ نے آپ کو میرے خِلاف اُبھارا ہے تو وہ کویٔی ہدیہ قبُول کریں۔ اگر آدمیوں نے آپ کو بھڑکایا ہے تو وہ یَاہوِہ کے آگے ملعُون ہو! کیونکہ اُنہُوں نے مُجھے نکال دیا تاکہ میں یَاہوِہ کی دی ہُوئی مِیراث میں سے اَپنا حِصّہ پانے سے محروم کر دیا جاؤں اَور وہ کہتے ہیں جاؤ، ’دیگر معبُودوں کی پرستش کرو۔‘ میری آرزُو تو یہ ہے کہ میرا خُون یَاہوِہ کی حُضُوری سے دُور زمین پر نہ گِرے کیونکہ شاہِ اِسرائیل ایک پِسُّو کی تلاش میں اِس طرح نِکلا ہے جَیسے وہ پہاڑوں میں تیتر پکڑنے کی کوشش کر رہا ہو۔“

شاؤل نے کہا، ”مَیں نے بڑی غلطی کی ہے۔ اَے میرے بیٹے داویؔد! لَوٹ آ کیونکہ آج تُونے میری جان کو قیمتی سمجھا۔ آئندہ مَیں تُجھے نُقصان پہُنچانے کی کوشش نہیں کروں گا۔ مَیں نے یقیناً حماقت سے کام لیا۔ مُجھ سے واقعی بڑی خطا ہو گئی۔“

داویؔد نے کہا، ”دیکھو، یہ ہے بادشاہ کا نیزہ۔ اَپنے جَوانوں میں سے کسی کو بھیج کہ وہ اُسے لے جائے۔ یَاہوِہ ہر ایک کو اُس کی راستی اَور ایمانداری کا نیک اجر دیتے ہیں۔ یَاہوِہ نے آج آپ کو میرے ہاتھ میں دے دیا تھا لیکن مَیں نے یَاہوِہ کے ممسوح پر ہاتھ اُٹھانا مُناسب نہ سمجھا۔ مُجھے پُوری اُمّید ہے کہ جِس طرح مَیں نے آج آپ کی زندگی کی قدر کی ہے، اُسی طرح یَاہوِہ میری زندگی کی قدر کریں اَور مُجھے تمام تکلیفوں سے نَجات بخشیں۔“

تَب شاؤل نے داویؔد سے کہا، ”اَے میرے بیٹے داویؔد! تُم مُبارک ہو۔ تُم بڑے بڑے کام کروگے اَور یقیناً فتح پاؤگے۔“

لہٰذا داویؔد اَپنی راہ چلا گیا اَور شاؤل اَپنے گھر لَوٹ گیا۔

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.