Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

1 شموایلؔ 27

داویؔد فلسطینیوں کے درمیان

لیکن داویؔد نے اَپنے دِل میں سوچا کہ، ”کسی نہ کسی دِن میں شاؤل کے ہاتھوں مارا جاؤں گا۔ لہٰذا میرے لیٔے یہی بہتر ہوگا کہ میں بچ کر فلسطینیوں کی سرزمین کو نکل جاؤں۔ تَب شاؤل نا اُمّید ہوکر اِسرائیل میں ہر جگہ میری جُستُجو کرنا چھوڑ دے گا اَور مَیں اُس کے ہاتھ سے بچ جاؤں گا۔“

پس داویؔد اَور اُس کے ہمراہ وہ چھ سَو آدمی روانہ ہُوئے اَور وہ شاہِ گاتؔھ اکِیشؔ بِن معوُکؔ کے پاس چلے گیٔے۔ اَور گاتؔھ میں اکِیشؔ کے پاس رہنے لگے۔ ہر آدمی کا خاندان اُس کے ساتھ تھا اَور داویؔد کی دو بیویاں یزرعیلؔ کی احِینوعمؔ اَور نابالؔ کی بِیوہ کرمِلی ابیگیلؔ اُس کے ساتھ تھیں۔ جَب شاؤل کو خبر مِلی کہ داویؔد گاتؔھ کو فرار ہو گیا ہے تو اُس نے پھر کبھی کوشش نہ کی کہ اُسے تلاش کرے۔

بعدازاں داویؔد نے اکِیشؔ سے کہا، ”اگر تمہاری مُجھ پر نظرِکرم ہے تو مُلک کے کسی شہر میں مُجھے جگہ دیدیں تاکہ میں وہاں رہُوں۔ اَور آپ کا خادِم آپ کے ساتھ دارُالحکومت میں کیوں رہے؟“

لہٰذا اُس دِن اکِیشؔ نے اُسے صِقلاگ کا شہر دے دیا اَور تَب سے آج تک یہ شہر یہُوداہؔ کے بادشاہوں کا ہے۔ اَور داویؔد فلسطینیوں کے علاقہ میں ایک سال اَور چار مہینے مُقیم رہا۔

اَور اَیسا ہُوا کہ داویؔد اَور اُس کے آدمیوں نے جا کر گیشُوریوں، گِرزیوں اَور عمالیقیوں پر حملہ کیا۔ (قدیم زمانہ سے یہ لوگ اِس سرزمین میں جو شُورؔ اَور مِصر تک پھیلی ہُوئی ہے رہتے تھے)۔ جَب کبھی داویؔد کسی علاقہ پر حملہ کرتا وہ کسی بھی مَرد یا عورت کو زندہ نہ چھوڑتا۔ لیکن بھیڑیں اَور مویشی، گدھے اَور اُونٹ اَور کپڑے لے لیتا اَور پھر وہ اکِیشؔ کے پاس لَوٹ آتا۔

جَب اکِیشؔ پُوچھتا، ”آج تُم حملہ کرنے کہاں گئے؟“ تو داویؔد کہتا، ”یہُوداہؔ کے جُنوب میں یا یرحمئیلیوں کے جُنوب میں یا قینیوں کے جُنوب میں۔“ اَور وہ کسی مَرد یا عورت کو گاتؔھ میں لانے کے لیٔے زندہ نہ چھوڑتا تھا کیونکہ اُس کا خیال تھا، ”وہ ہمارا پردہ فاش کر دیں گے اَور کہہ دیں گے، ’داویؔد نے یہ کچھ کیا ہے۔‘ “ اَور جَب تک وہ فلسطینی علاقہ میں رہا اُس کا اَیسا ہی دستور رہا۔ اَور اکِیشؔ نے داویؔد کا یقین کرکے اَپنے دِل میں کہا، ”اَب وہ اَپنے لوگوں یعنی اِسرائیلیوں کے لیٔے اِس قدر نفرت کا باعث ہو گیا ہے کہ وہ ہمیشہ تک میرا ہی خادِم بنا رہے گا۔“

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.