Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

1 پطرس 1

پطرس کی جانِب سے جو یِسوعؔ المسیح کا رسول ہے،

اُن برگُزیدہ مہاجِروں اَور عارضی مقیمین کے نام خط، جو پُنطُسؔ، گلِتیؔہ، کپُدکیہؔ، آسیہؔ اَور صُوبہ بِتُھونیہؔ میں جابجا رہتے ہیں۔ اَور خُدا باپ کے علمِ سابق کے مُوافق اَور پاک رُوح کے مُقدّس کرنے سے یِسوعؔ المسیح کے فرمانبردار ہونے اَور اُن کے خُون کے چھڑکے جانے کے لیٔے برگُزیدہ ہویٔے ہیں:

تُمہیں کثرت سے فضل اَور اِطمینان حاصل ہوتا رہے۔

زندہ اُمّید کے لیٔے خُدا کی حَمد

ہمارے خُداوؔند یِسوعؔ المسیح کے خُدا اَور باپ کی حَمد ہو! جِس نے خُداوؔند یِسوعؔ المسیح کے مُردوں میں سے جی اُٹھنے کے سبب سے اَپنی بڑی رحمت سے ہمیں ایک زندہ اُمّید کے لیٔے نئے سِرے سے پیدا کیا ہے، تاکہ ہم ایک غَیر فانی، بے داغ اَور لازوال مِیراث پائیں جو خُدا کی طرف سے ہمارے لیٔے آسمان پر محفوظ ہے۔ جو تمہارے ایمان کے وسیلہ سے اَور خُدا کی قُدرت سے اُس نَجات کے لیٔے محفوظ ہے جو اِن آخِری وقت میں ظاہر ہونے والی ہے۔ چنانچہ تُم اِن سَب کے درمیان خُوب خُوشی مناتے ہو حالانکہ ہو سَکتا ہے کہ تُمہیں ابھی چند روز کے لیٔے مُختلف آزمائشوں کا سامنا کرنے سے غمزدہ ہونا پڑے۔ اَور یہ آزمائشیں اِس لیٔے آئی ہیں تاکہ تمہارے ثابت ایمان کی صداقت آگ میں تپے ہویٔے فانی سونے سے بھی زِیادہ قیمتی ہو، اَور یِسوعؔ المسیح کے ظاہر ہونے کے وقت تعریف، جلال اَور عزّت کے لائق ٹھہرے۔ اگرچہ تُم نے یِسوعؔ کو نہیں دیکھا، مگر پھر بھی اُن سے مَحَبّت کرتے ہو؛ حالانکہ تُم ابھی بھی حُضُور کو اَپنے نظروں کے سامنے نہیں پاتے ہو، پھر بھی اُن پر ایمان رکھتے ہو اَور اَیسی خُوشی مناتے ہو جو بَیان سے باہر اَور جلال سے معموُر ہے، کیونکہ تمہارے ایمان کا آخِری اجر تمہاری رُوحوں کی نَجات ہے۔

اِسی نَجات کی بابت نبیوں نے بڑی احتیاط سے تفتیش کی اَور اُنہُوں نے اُس فضل کی نبُوّت کی جو تُم پر ہونے والا تھا۔ اُنہُوں نے یہ مَعلُوم کرنے کی کوشش کی کہ المسیح کا رُوح جو اُن میں تھا وہ کس وقت اَور کس حالات کے بارے میں بات کر رہاتھا جَب اُس نے المسیح کے دُکھ اُٹھانے اَور اُس کے بعد جلال پانے کی بابت نبُوّت کی تھی۔ اُن پر یہ ظاہر کر دیا گیا تھا کہ اُن کی یہ خدمت اَپنے لیٔے نہیں بَلکہ تمہارے لیٔے کر رہے ہیں۔ لہٰذا جو باتیں اُنہُوں نے کہی تھیں اَب خُوشخبری سُنانے والوں نے پاک رُوح کی مدد سے جو آسمان سے نازل ہُوا، تُمہیں بتائیں۔ یہ سَب اِتنی خُوبصورت ہے کہ فرشتے بھی اِن باتوں کو باریکی سے سمجھنے کی بڑی آرزُو رکھتے ہیں۔

پاک زندگی بسر کرو

اِس لیٔے اَپنی عقل سے کام لو اَور ہوشیار رہ کر، مُکمّل سنجِیدگی سے زندگی گُزارو اَور اُس فضل پر پُوری اُمّید رکھو جو تُمہیں یِسوعؔ المسیح کے ظاہر ہونے کے وقت مِلنے والا ہے۔ اَور خُدا کے فرمانبردار فرزندوں کی مانند اُن پُرانی بُری خواہشات کو اَپنی زندگی میں جگہ نہ دو جنہیں اَپنی جہالت کے دِنوں میں پُورا کرنے میں لگے رہتے تھے۔ بَلکہ جِس طرح تمہارا بُلانے والا خُدا پاک ہے اُسی طرح تُم بھی اَپنے سارے چال چلن میں پاک بنو۔ کیونکہ لِکھّا ہے، ”پاک بنو کیونکہ مَیں پاک ہُوں۔“1

اَور جَب تُم اَے باپ کہہ کر خُدا سے دعا کرتے ہو، جو بغیر طرفداری کے ہر شخص کے عَمل کے مُوافق اُس کا اِنصاف کرتا ہے تو تُم بھی دُنیا میں اَپنی مُسافرت کا زمانہ خوف کے ساتھ گُزارو۔ کیونکہ تُم جانتے ہو کہ تُم نے اُس نکمّے چال چلن سے خلاصی پائی ہے جو تُمہیں تمہارے باپ دادا سے مِلا تھا، لیکن یہ مخلصی تُم نے سونے یا چاندی جَیسی فانی چیزوں سے نہیں پائی، بَلکہ ایک بے عیب اَور بے داغ برّے یعنی المسیح کے بیش قیمتی خُون سے۔ المسیح کو تو دُنیا کی تخلیق سے پیشتر ہی چُن لیا گیا تھا لیکن اِن آخِری دِنوں میں تمہاری خاطِر ظاہر کیا گیا۔ تُم اُسی کے وسیلہ سے خُدا پر ایمان لایٔے ہو، جِس نے حُضُور کو مُردوں میں سے زندہ کیا اَور جلال بخشا تاکہ تمہارا ایمان اَور اُمّید خُدا پر قائِم ہو۔

چونکہ تُم نے حق کی تابِعداری سے اَپنے آپ کو پاک کیا ہے جِس سے تُم میں بھائیوں کے لیٔے بے رِیا برادرانہ مَحَبّت کا جذبہ پیدا ہو گیا ہے، اِس لیٔے دِل و جان سے آپَس میں بے پناہ مَحَبّت رکھو۔ کیونکہ تُم فانی تُخم سے نہیں بَلکہ خُدا کے زندہ اَور اَبدی کلام کے وسیلہ سے نئے سِرے سے پیدا ہویٔے ہو۔ کیونکہ،

”ہر بشر گھاس کی مانِند ہے،

اَور اُن کی ساری شان و شوکت میدان کے پھُولوں کی مانِند ہے؛

گھاس سُوکھ جاتی ہے اَور پھُول مُرجھا جاتے ہیں،

لیکن خُداوؔند کا کلام اَبد تک قائِم ہے۔“2

یہ وُہی خُوشخبری کا کلام ہے جو تُمہیں سُنایا گیا تھا۔

Source notes (2)
  1. Footnote اَحبا 11‏:44‏،45؛ 19‏:2‏ ‏
  2. Footnote یَشع 40‏:6‏‑8‏

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.