Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

1 پطرس 2

پس ہر قِسم کی بُرائی، فریب، ریاکاری، حَسد اَور بدگوئی کو دُور کر دو۔ اَور نَوزائیدہ بچّوں کی مانند خالص رُوحانی دُودھ کے آرزُومند رہو تاکہ اُس کے ذریعہ سے نَجات کے مُکمّل تجربہ میں بڑھتے جاؤ۔ کیونکہ تُم نے چکھ کر جان لیا ہے کہ خُداوؔند کتنا مہربان ہے۔

زندہ پتّھر اَور پاک اُمّت

جَب تُم اُس زندہ پتّھر1 کے پاس آتے ہو جسے اِنسانوں نے ردّ کر دیا تھا2 لیکن جو خُدا کی نظر میں بیش قیمتی اَور مُنتخب کیا ہُواہے۔ اَور تُم بھی زندہ پتھّروں کی مانند ہو جو پاک رُوح کا مَقدِس بنتے جا رہے ہو، تاکہ تُم کاہِنوں کا مُقدّس فرقہ بَن کر اَیسی رُوحانی قُربانیاں پیش کرو جو یِسوعؔ المسیح کے وسیلہ سے خُدا کے حُضُور میں مقبُول ہوتی ہیں۔ جَیسا کہ صحیفہ یُوں بَیان کرتا ہے:

”دیکھو! مَیں صِیّونؔ میں کونے کے سِرے کا،

ایک مُنتخب اَور قیمتی پتّھر رکھ رہا ہُوں،

اَورجو اُس پر ایمان لایٔے گا

وہ کبھی شرمندہ نہ ہوگا۔“3

پس تُم ایمان لانے والوں کے لیٔے تو وہ قیمتی پتّھر ہے لیکن ایمان نہ لانے والوں کے لیٔے،

”جِس پتّھر کو مِعماروں نے ردّ کر دیا تھا

وُہی کونے کے سِرے کا پتّھر ہو گئے۔“4

اَور

”ٹھیس لگنے کا پتّھر

اَور ٹھوکر کھانے کی چٹّان بَن گیا۔“5

وہ اِس لیٔے ٹھوکر کھاتے ہیں کیونکہ وہ کِتاب مُقدّس پر ایمان نہیں لاتے ہیں اَور یہی سزا خُدا نے اُن کے لیٔے بھی مُقرّر کی ہے۔

لیکن تُم ایک مُنتخب اُمّت، شاہی کاہِنوں کی جماعت، مُقدّس قوم اَور خُدا کی خاص مِلکیّت ہو تاکہ تمہارے ذریعہ اُس کی خُوبیاں ظاہر ہوں جِس نے تُمہیں تاریکی سے اَپنی عجِیب رَوشنی میں بُلایا ہے۔ پہلے تُم اُس کی اُمّت نہ تھے، لیکن اَب خُدا کی اُمّت بَن گیٔے ہو۔ تُم جو پہلے خُدا کی رحمت سے محروم تھے اَب اُس کی رحمت کو پا چُکے ہو۔

مسیحی مُومِنین کی ذمّہ داریاں

اَے عزیزوں! تُم جو مہاجِروں اَور پردیسیوں کی مانند زندگی گزار رہے ہو، میں تمہاری مِنّت کرتا ہُوں کہ تُم اُن بُری جِسمانی خواہشوں سے دُور رہو جو تمہاری رُوح سے لڑائی کرتی رہتی ہیں۔ اَور غَیریہُودیوں میں اَپنا چال چلن اَیسا نیک رکھو تاکہ جِن باتوں میں وہ تُمہیں بدکار جان کر تمہاری بدگوئی کرتے ہیں، وُہی تمہارے نیک کاموں کو دیکھ کر اُنہیں کے سبب سے خُدا کے ظہُور کے دِن اُس کی تمجید کریں۔

خُداوؔند کی خاطِر، اِنسان کے ہر ایک اِنتظام کے تابع رہو؛ بادشاہ کے اِس لیٔے کہ وہ سَب سے اعلیٰ اِختیار والا ہے۔ حاکموں کے اِس لیٔے کہ خُدا نے اُنہیں بدکاروں کو سزا دینے اَور نیکوکاروں کی تعریف کرنے کے لیٔے مُقرّر کیا ہے۔ کیونکہ خُدا کی مرضی یہ ہے کہ تُم نیکی کرکے نادان لوگوں کی جہالت کی باتوں کو بند کر دو۔ اَور تُم خُود کو آزاد جانو، مگر اَپنی اِس آزادی کو بدکاری کی لیٔے اِستعمال نہ کرو، بَلکہ خُدا کے بندوں کی طرح زندگی بسر کرو۔ سَب کا مُناسب اِحترام کرو، اَپنی مُومِنین برادری سے مَحَبّت رکھو، خُدا سے ڈرو اَور بادشاہ کی تعظیم کرو۔

اَے غُلاموں! بڑے خوف اَور اِحترام کے ساتھ اَپنے مالکوں کے تابع رہو، نیک اَور حلیم مالکوں کے ہی نہیں بَلکہ بُرے مالکوں کے بھی تابع رہو۔ کیونکہ اگر تُم صبر کے ساتھ بےاِنصافی کے باعث یہ جان کر تکلیفوں کو برداشت کرتے ہو کہ جو تُم کر رہے ہو وہ صحیح ہے تو خُدا کی نظر میں یہ بات قابلِ تعریف ہے۔ لیکن اگر تُم نے قُصُور کرکے تھپّڑ کھائے اَور صبر کیا تو کیا یہ کویٔی فخر کی بات ہے؟ ہاں، اگر نیکی کرنے کے باوُجُود دُکھ پاتے اَور صبر سے کام لیتے ہو تو یہ بات خُدا کی نظر میں قابلِ تعریف ہے۔ اَور تُمہیں بھی اِسی چال چلن کے لیٔے بُلایا گیا ہے، کیونکہ المسیح نے بھی تمہارے واسطے دُکھ اُٹھاکر ایک مثال قائِم کر دی ہے تاکہ تُم اُن کے نقش قدم پر چلو۔

”کیونکہ المسیح نے نہ تو کویٔی گُناہ کیا،

اَور نہ ہی اُن کے مُنہ سے کویٔی فریب کی بات نکلی۔“6

جَب لوگوں نے اُنہیں گَالِیاں دیں تو حُضُور نے جَواب میں کبھی گَالی نہ دی، اَور نہ دُکھ پا کر کبھی کسی کو دھمکی دی، بَلکہ اَپنے آپ کو سچّے اِنصاف کرنے والے خُدا کے حوالہ کرتے تھے۔ وہ خُود ہمارے گُناہوں کو اَپنے بَدن پر لیٔے ہویٔے صلیب پر چڑھ گیا تاکہ ہم گُناہوں کے لیٔے مُردہ اَور راستبازی کے لیٔے زندہ ہو جایٔیں۔ اَور اُسی کے مار کھانے سے تُم نے شفا پائی ہے۔ کیونکہ پہلے تُم بھیڑوں کی مانند بھٹکے ہُوئے تھے7 لیکن اَب اَپنی رُوحوں کے گلّہ بان اَور نگہبان کے پاس لَوٹ آئے ہو۔

Source notes (7)
  1. Footnote زندہ پتّھر یعنی المسیح‏
  2. Footnote زبُور 118‏:22‏ ‏
  3. Footnote یَشع 28‏:16‏ ‏
  4. Footnote زبُور 118‏:22‏ ‏
  5. Footnote یَشع 8‏:14‏
  6. Footnote یَشع 53‏:9‏ ‏
  7. Footnote یَشع 53‏:6‏ ‏

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.