Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

غزل الغزلات 8

اَے میرے محبُوب! کاش تُم میرے بھایٔی کی مانند ہوتے،

جِس نے میری ماں کی چھاتِیوں سے دُودھ پیا ہوتا!

تَب اگر باہر تُم سے مُلاقات ہوتی،

تو میں تُمہیں خُوب چُومتی؛

اَور کویٔی مُجھے حقیر نہ جانتا۔

اَور تَب میں تُمہیں

اَپنی ماں کے گھر لے آتی،

وہ ماں جِس نے مُجھے تعلیم دی۔

اَور مَیں تُمہیں اَپنے اناروں کے رس سے

بنی ہُوئی عُمدہ مَے پِلاتی۔

اُس کا بایاں بازو میرے سَر کے نیچے ہے،

اَور اَپنے داہنے بازو سے مُجھے گلے لگائے ہُوئے ہے۔

اَے یروشلیمؔ کی بیٹیوں، میں تُمہیں قَسم دیتی ہُوں،

جَب تک مَحَبّت صحیح وقت پر خُود نہ جاگے،

تُم اُسے نہ جگاؤ گی۔

سہیلیاں

یہ کون ہے جو بیابان سے،

اَپنے محبُوب کا سہارا لیٔے ہویٔے چلی آ رہی ہے؟

محبُوبہ

سیب کے درخت تلے مَیں نے تُمہیں جگا دیا؛

وہاں جہاں تمہاری ماں حاملہ ہویٔی تھی،

اَور جہاں اُس نے دردِزہ میں مُبتلا ہوکر تُمہیں پیدا کیا تھا۔

ذاتی مُہر کی مانند مُجھے اَپنے دِل پر،

اَور انگُوٹھی کی مانند اَپنے اُنگلی میں پہن لو؛

کیونکہ مَحَبّت موت کی مانند طاقتور،

اَور اُس کی غیرت قبر کی مانند بےرحم ہے۔

یہ بھڑکتی ہُوئی آگ کی مانند جلتی ہے،

جو یَاہوِہ کے شُعلہ کی مانند ہے۔1

سیلاب بھی مَحَبّت کی آگ کو بُجھا نہیں سکتے؛

بڑے دریا بھی اُسے بہا کر نہیں لے جا سکتے۔

خواہ کویٔی اَپنے گھر کی ساری دولت بھی،

مَحَبّت کے بدلے دینا چاہے،

تو بھی مَحَبّت اُسے حقیر ہی سمجھے گی۔

سہیلیاں

ہماری ایک چُھوٹی بہن ہے،

ابھی اُس کی چھاتِیاں نہیں اُبھری ہیں۔

جِس روز اُس کی شادی کی بات چلے گی

تو ہم اَپنی بہن کے لیٔے کیا کریں گے؟

اگر وہ ایک دیوار ہوتی،

تو ہم اُسے چاندی کے بُرج سے سجاتے۔

اگر وہ ایک دروازہ ہوتی،

تو ہم اُسے دیودار کے چوکھٹ سے محفوظ رکھتے۔

محبُوبہ

میں ایک دیوار ہُوں،

اَور میری چھاتِیاں بُرجوں کی مانند ہیں۔

جَب میرا محبُوب مُجھے دیکھتا ہے

تو مَیں اُس کی نظروں میں دلربا اَور تسلّی دینے والی ہُوں۔2

بَعل ہامون میں شُلومونؔ کا ایک تاکستان تھا؛

اُس نے اَپنا تاکستان باغبانوں کو ٹھیکہ پر دے دیا۔

تاکہ ہر باغبان پھل کے بدلے

ہزار ثاقل چاندی اَدا کرے۔3

لیکن جو میرا تاکستان ہے؛ اُس پر میرا حق اَور جَوابدہی ہے؛

اَے شُلومونؔ! ایک ہزار ثاقل چاندی پر تمہارا حق ہے،

اَور دو سَو ثاقل اُن کے لیٔے ہے جو اِس کے پھلوں کے نگہبان ہیں۔

محبُوب

اَے باغ میں رہنے والی،

میرے ساتھی تمہاری آواز سُننے کی چاہت رکھتے ہیں،

مُجھے بھی اَپنی آواز سُناؤ۔

محبُوبہ

اَے میرے محبُوب! دیر نہ کرو،

اَور ایک غزال

یا جَوان ہِرن کی مانند

مَسالے کے پہاڑوں پر چلے آؤ۔

Source notes (3)
  1. Footnote یَشع 49‏:16‏
  2. Footnote زبُور 45‏:11‏
  3. Footnote مت 21‏:33‏

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.