Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
غزل الغزلات 2
محبُوبہ
میں شارونؔ کا گلاب،1
اَور وادیوں کی شُوشنؔ ہُوں۔
محبُوب
جَیسے کانٹے دار جھاڑیوں کے درمیان شُوشنؔ ہے،
وَیسے ہی نوجوان خواتین کے درمیان میری محبُوبہ ہے۔
محبُوبہ
جَیسا جنگلی درختوں کے درمیان ایک سیب کا درخت،
وَیسا ہی تمام نوجوانوں میں میرا محبُوب ہے۔
میں اُس کے سایہ میں بیٹھ کر لُطف اُٹھاتی ہُوں،
اَور اُس کا پھل مُجھے کتنا میٹھا لگتا ہے۔2
میرے محبُوب کو مُجھے ضیافت گاہ میں لے جانے دو،
اَور اُس کا پرچم مُجھ پر مَحَبّت کا پرچم ہو۔
کشمش کی ٹکیوں سے مُجھے تروتازہ کرو،
اَور سیبوں سے مُجھے تازہ دَم کرو،
کیونکہ مَیں مَحَبّت میں پاگل ہُوں۔
اُس کا بایاں بازو میرے سَر کے نیچے ہے،
اَور اَپنے داہنے بازو سے مُجھے گلے لگائے ہُوئے ہے۔
اَے یروشلیمؔ کی بیٹیوں،
میں تُمہیں غزالوں اَور میدان کی ہِرنیوں کی قَسم دیتی ہُوں،
جَب تک مَحَبّت صحیح وقت پر خُود نہ جاگے،
تُم اُسے نہ جگاؤ گی۔
سُنو اَور دیکھو! میرا محبُوب!
میرا محبُوب آ رہاہے،
پہاڑوں کو پھاندتا ہُوا،
اَور ٹیلوں پر چھلانگیں مارتا ہُوا، آ رہاہے۔
میرا محبُوب غزال یا جَوان ہِرن کی مانند ہے۔
دیکھو! وہ ہماری دیوار کے پیچھے کھڑا ہے،
وہ کھڑکیوں سے جھانک رہاہے،
اَور وہ جنگلہ میں سے تاک رہاہے۔
میرے محبُوب نے مُجھ سے باتیں کیں اَور کہا،
”اُٹھو، اَے میری محبُوبہ، اَے میری حسینہ،
اَور میرے ساتھ چلی آؤ۔
کیونکہ دیکھو! موسمِ سرما گزر گیا ہے؛
اَور برسات کا موسم جا چُکاہے۔
زمین پر پھُولوں کی بہار ہے؛
اَور گانے کا موسم آ گیا ہے،
اَور ہماری سرزمین میں
قُمریوں کی آواز سُنایٔی دینے لگی ہے۔
اَنجیر کے درختوں میں پھل پکنے لگے ہیں؛
اَور انگور کی بیلیں اَپنی مہک پھیلا رہی ہیں۔
اِس لیٔے اُٹھو اَور چلی آؤ، میری محبُوبہ؛
اَے میری حسینہ، میرے ساتھ چلی آؤ۔“
محبُوب
اَے میری کبُوتری، تُم چٹّانوں کی دراڑوں میں چھُپی نہ رہو،
اَور پہاڑی پتّھروں کی آڑ میں پوشیدہ نہ رہو
بَلکہ مُجھے اَپنی صورت دِکھاؤ،
اَور مُجھے اَپنی آواز سُننے دو؛
کیونکہ تمہاری آواز شیریں ہے،
اَور تمہارا چہرہ حسین ہے۔
ہمارے لیٔے اُن لومڑیوں کو پکڑ لو،
اَور اُن کے بچّوں کو بھی
جو تاکستانوں کو برباد کردیتی ہیں،
خاص کر ہمارے تاکستانوں کو جِن میں پھُول کھِل رہے ہیں۔3
محبُوبہ
میرا محبُوب صرف میرا ہے اَور میں اُسی کی ہُوں؛
اُسی کی جو شُوشنؔ کے پھُولوں کے درمیان گلّہ چرا رہاہے۔
صُبح ہونے اَور ٹھنڈی ہَوا کے بہنے سے پہلے،
یا رات کا اَندھیرا غائب ہونے پر،
اَے میرے محبُوب،
تُو بتیؔر کی پہاڑیوں یعنی میرے پاس سے
غزال یا ایک جَوان ہِرن کی مانند
بھاگ نہ جاؤ۔
Source notes (3)
- Footnote شارونؔ کا گلاب ایک جگہ کا نام، جو اِسرائیل کے بحیرہ رُوم کے ساحِلی صوبے کی نِشان دہی کرتا ہے ( یَشع 35:2؛ 65:10 )۔
- Footnote مُکا 22:1‑2
- Footnote زبُور 80:8‑13؛ حزقی 13:4
Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ “Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.
Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.