Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

زبُور 6

موسیقی ہدایت کار کے لئے، تاردار سازوں کے ساتھ، شمینِت‏ کے سُرپر مَبنی داویؔد کا زبُور۔

اَے یَاہوِہ، آپ اَپنے قہر میں مُجھے نہ جھڑکیں،

اَور نہ اَپنے غضب میں مُجھے تنبیہ کریں۔

اَے یَاہوِہ، مُجھ پر رحم کریں کیونکہ مَیں پژمردہ ہو چُکا ہُوں؛

اَے یَاہوِہ، مُجھے شفا بخشیں، میری ہڈّیاں شدید تکلیف میں مُبتلا ہیں۔

میری جان بھی نہایت پریشان ہے،

اَے یَاہوِہ، آخِر کب تک آپ کی مدد کا منتظر رہُوں؟

اَے یَاہوِہ، توجّہ فرمائیں اَور مُجھے رِہائی بخشیں؛

اَپنی لافانی مَحَبّت کے باعث مُجھے رِہائی بخشیں۔

کیونکہ مرنے کے بعد آپ کو کویٔی یاد نہیں کرتا۔

قبر میں سے کون آپ کی تمجید کر سَکتا ہے؟

میں کراہتے کراہتے تھک گیا؛

رات بھر رو رو کر میں اَپنا بِستر بھگوتا ہُوں

اَور اَپنا پلنگ آنسُوؤں سے تربتر کرتا ہُوں۔

میری آنکھیں غم کے مارے پژمردہ ہو رہی ہیں؛

اَور میرے سَب حریفوں کی وجہ سے وہ دھُندلانے لگی ہیں۔

اَے بدکردارو، تُم سَب میرے پاس سے دُورہو جاؤ،

کیونکہ یَاہوِہ نے میرے رونے کی آواز سُن لی ہے۔

یَاہوِہ نے میری فریاد سُن لی؛

یَاہوِہ میری دعا قبُول فرماتے ہیں۔

میرے سارے دُشمن شرمندہ اَور دہشت زدہ ہوں گے؛

وہ ناگہاں رُسوا ہوکر لَوٹ جایٔیں گے۔

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.