Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

زبُور 52

موسیقی ہدایت کار کے لیٔے۔

داویؔد کا مشکیل۔‏ جَب دوئیگؔ اِدُومی نے جا کر شاؤل کو بتایا، ”داویؔد احِیملکؔ کے گھر میں ٹھہرے ہیں۔“

اَے زبردست اِنسان، آپ بدی پر فخر کیوں کرتے ہیں؟

تُم جو خُدا کی نظر میں ذلیل ہو،

دِن بھر شیخی کیوں بگھارتے ہو؟

اَے دغاباز

تمہاری زبان محض تباہی کے منصُوبے بناتی ہے،

وہ ایک تیز اُسترے کی مانند ہے۔

تُم نیکی کی بہ نِسبت بدی کو،

اَور سچّائی کی بہ نِسبت جھُوٹ کو زِیادہ عزیز رکھتے ہو

اَے دغاباز زبان،

تُو ہر ضرر رساں بات کو پسند کرتی ہے۔

یقیناً خُدا تُجھے ہمیشہ کے لیٔے برباد کر ڈالیں گے؛

وہ تُمہیں تمہارے خیمہ میں سے پکڑکر نکال دیں گے؛

اَور تُجھے زندوں کی زمین سے اُکھاڑ ڈالیں گے۔

راستباز اُسے دیکھ کر ڈر جایٔیں گے؛

اَور یہ کہہ کر اُس پر ہنسیں گے:

”دیکھو، یہ وُہی آدمی ہے

جِس نے خُدا کو اَپنی محکم قلعہ بنانے کی بجائے

اَپنی دولت کی فراوانی پر بھروسا کیا

اَور دُوسروں کو تباہ کرکے خُود مضبُوط بَن گیا!“

لیکن مَیں زَیتُون کے اُس درخت کی مانند ہُوں

جو خُدا کے گھر میں سرسبز و شاداب رہتاہے؛

میں خُدا کی لافانی مَحَبّت پر ابدُالآباد تک بھروسا رکھتا ہُوں۔

خُدا، آپ ہی نے جو کچھ کیا ہے اُس کے لیٔے میں ہمیشہ آپ کی سِتائش کرتا رہُوں گا؛

مُجھے آپ کے ہی نام کی آس ہوگی۔

اَور مَیں آپ کے مُقدّسین کے سامنے

آپ کے نام کی خوبیاں بَیان کروں گا۔

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.