Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

زبُور 48

ایک نغمہ، بنی قورحؔ کی تصنیف زبُور۔

ہمارے خُدا کے شہر میں یعنی اُس کے مُقدّس پہاڑ پر،

یَاہوِہ عظیم اَور بےحد قابل سِتائش ہے۔

ضِفونؔ1 کی چوٹیوں کی طرح، کوہِ صِیّونؔ،

جو عظیم بادشاہ کا شہر ہے،

اَپنی شان و شوکت کے لحاظ سے اعلیٰ ہے،

اَور سارے جہان کے لیٔے باعثِ مسرّت ہے۔

خُدا اُس کے قلعوں میں پناہ لئے ہُوئے ہیں؛

اُنہُوں نے اَپنے آپ کو اُن کی پناہ گاہ ٹھہرایا ہے۔

جَب بادشاہوں نے اَپنی فَوجیں جمع کیں،

اَور مِل کر آگے بڑھے،

تو اُس شہر کو دیکھ کر دنگ رہ گیٔے؛

اَور ڈر کے مارے بھاگ نکلے۔

وہاں اُن پر کپکپی طاری ہو گئی،

اَور وہ ایک زچّہ کی مانند سخت درد کی سِی تکلیف میں مُبتلا ہو گئے۔

آپ نے اُنہیں ترشیشؔ شہر کے جہازوں کی مانند تباہ کر ڈالا،

اَیسی تباہی جو بادِ مشرق لاتی ہے۔

جَیسا ہم نے سُنا تھا،

یعنی اَپنے لشکروں کے یَاہوِہ کے شہر میں،

جَیسا ہم نے سُنا تھا،

وَیسا ہی ہم نے دیکھا

قادرمُطلق یَاہوِہ کے شہر میں، خُدا اُسے ہمیشہ محفوظ رکھےگا۔

اَے خُدا، ہم نے آپ کے ہیکل کے اَندر،

آپ کی لافانی مَحَبّت پر غور کیا۔

اَے خُدا، جَیسا آپ کا نام ہے،

وَیسی ہی آپ کی سِتائش زمین کی اِنتہا تک پہُنچتی ہے؛

آپ کا داہنا ہاتھ راستی سے معموُر ہے۔

آپ کے فیصلوں کے باعث

کوہِ صِیّونؔ مسرُور ہے،

اَور یہُوداہؔ کے دیہات خُوش ہیں۔

صِیّونؔ کے گِرد پھرو، اُس کا طواف کرو،

اُس کے بُرجوں کا شُمار کرو،

اُس کی شہرپناہ کو غور سے دیکھو،

اُس کے قلعوں پر نظر ڈالو،

تاکہ تُم آنے والی پُشتوں کو

اُن کے متعلّق بتا سکو۔

کیونکہ یہ خُدا ابدُالآباد تک ہمارا خُدا ہے؛

وہ موت تک ہمارا ہادی بنا رہے گا۔

Source notes (1)
  1. Footnote ضِفونؔ کنعانیوں کا سَب سے مُقدّس پہاڑ تھا۔

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.