Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
زبُور 2
قومیں طیش میں کیوں ہیں؟
اَور اُمّتوں نے فُضول منصُوبے باندھے؟
یَاہوِہ کے خِلاف اَور اُن کے ممسوح کی مُخالفت کی
زمین کے بادشاہ اُٹھ کھڑے ہویٔے
اَور حُکمراں جمع ہوکر کہنے لگے:
”آؤ، ہم اُن کے بندھن توڑ ڈالیں،
اَور اُن کی بیڑیاں اُتار کر پھینک دیں۔“
وہ جو آسمان پر تخت نشین ہیں اُن پر ہنستے ہیں،
اَور خُداوؔند اُن کا مضحکہ اُڑاتے ہیں۔
تَب وہ اَپنے غُصّہ میں اُنہیں تنبیہ کریں گے
اَور اَپنے غضب میں اُن کو یہ کہتے ہُوئے ڈرایئں گے،
”میں تو اَپنے بادشاہ کو
اَپنے مُقدّس کوہِ صِیّونؔ پر بِٹھا چُکا ہُوں۔“
میں یَاہوِہ کے قوانین کا اعلان کروں گا:
اُنہُوں نے مُجھ سے فرمایا، ”تُم میرے بیٹے ہو؛
آج سے میں تمہارا باپ بَن گیا ہُوں۔
مُجھ سے مانگ،
اَور مَیں قوموں کو تمہاری مِیراث،
اَور ساری زمین کو تمہاری مِلکیّت بنا دُوں گا۔
تُم لوہے کے شاہی عصا کی مدد سے اُن پر حُکومت کروگے؛
اَور اُنہیں کُمہار کے مٹّی کے برتنوں کی مانند چکنا چُور کر دوگے۔“1
اِس لیٔے اَب اَے بادشاہو، دانشمند بنو؛
اَور اَے زمین کے حُکمرانو، خبردار ہو جاؤ۔
خوف کے ساتھ یَاہوِہ کی پرستش کرو؛
اَور کانپتے ہُوئے خُوشی مناؤ۔
اُن کے بیٹے کو چُومو۔ کہیں اَیسا نہ ہو کہ وہ خفا ہو جایئں
اَور تُم اَپنی راہ ہی میں فنا ہو جاؤ،
کیونکہ خُدا کا غضب پل بھر میں بھڑک سَکتا ہے۔
مُبارک ہیں وہ سَب جو اُن میں پناہ لیتے ہیں۔
Source notes (1)
- Footnote مُکا 2:27؛ 12:5؛ 19:15
Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ “Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.
Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.