Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

ناحُومؔ 3

نینوہؔ پر ماتم

خُونی شہر پر افسوس،

وہ جھُوٹ

اَور غارت گری سے بھرا ہُواہے

وہ کبھی جُرم سے باز نہیں رہتا!

چابک کے چٹخنے کی آواز،

پہیّوں کی کھڑکھڑاہٹ،

گھوڑوں کی ٹاپ،

اَور رتھوں کے ہچکولوں کی آواز!

حملہ آور لشکر،

تلواروں کی چمک،

اَور بھالوں کی جھلک!

مقتولوں کے ڈھیر،

لاشوں کے انبار،

بے شُمار لاشیں،

جِن سے لوگ ٹھوکریں کھاتے ہیں۔

یہ سَب اُس کسبی اَور فاحِشہ کی بدکاری کے سبب سے ہے،

جِس نے فاحِشہ پن سے قوموں کو،

اَور جادُو سے لوگوں کو

غُلام بنا لیا ہے۔

قادرمُطلق یَاہوِہ فرماتے ہیں کہ مَیں تیرا مُخالف ہُوں۔

مَیں تُجھے تمہارے مُنہ تک ننگا کروں گا۔

اَور قوموں کو تیرا ننگا پن دِکھاؤں گا،

اَور مملکتوں کو تمہاری برہنگی دِکھاؤں گا۔

مَیں تمہارے اُوپر گندگی ڈالُوں گا،

میں نفرت کا سلُوک کروں گا

تُجھے رُسوا کروں گا۔

جو کویٔی تُجھ پر نظر کرےگا بھاگ جائے گا،

اَور کہے گا نینوہؔ برباد ہو رہاہے، کون اُس کے لیٔے ماتم کرےگا؟

مَیں تمہارے لیٔے تسلّی دینے والا کہاں سے لاؤں؟

کیا تُو تھیبیس سے بڑھ کر ہے،

جو دریائے نیل پر بسا ہُواہے،

اَور اُس کے چاروں طرف پانی ہے؟

ندی اُس کی مُحافظ تھی،

اَور پانی اُس کی دیوار تھا۔

کُوشؔ اَور مِصر اُس کی بے اِنتہا طاقت تھے؛

فُوطؔ اَور لیبیا اُس کے حمایتی تھے۔

تو بھی وہ اسیر ہُوا اَور جَلاوطنی میں گیا۔

ہر گلی کے نکّڑ پر

اُس کے دُودھ پیتے بچّے پٹک کر ٹکڑے کر دئیے گیٔے۔

اُس کے مُعزّز

لوگوں پر قُرعہ ڈالے گیٔے،

اَور اُس کے سارے بُزرگ زنجیروں میں جکڑ دئیے گیٔے۔

تُو بھی متوالا ہو جائے گا؛

تُو دُشمن سے بچنے کے لیٔے پناہ مانگے گا

اَور خُود کو چُھپائے گا۔

تمہارے سارے قلعے اَنجیر کے درختوں کی مانند ہوں گے

جِن پر پہلی فصل کے پکے پھل لگے ہُوں؛

جَب اُن کو ہلایا جاتا ہے،

تو کھانے والے کے مُنہ میں پھل گرتا ہے۔

اَپنے جنگی بہادروں کو دیکھ۔

تمہارے مَرد عورتیں بَن گیٔے ہیں!

تمہارے مُلک کے پھاٹک

تمہارے دُشمنوں کے لیٔے کھُل گیٔے ہیں؛

آگ اڑبنگوں کو کھا گئی۔

محاصرے کے لیٔے پانی بھر لے،

اَپنے قلعوں کو مضبُوط کر!

مٹّی تیّار کر،

روند کر مَسالہ بنا،

اینٹ کے سانچے کی مرمّت کر!

وہاں آگ تُجھے کھا جائے گی؛

تلوار تُجھے کاٹ ڈالے گی

اَور ٹِڈّی کی طرح تُجھے کھا جائے گی۔

ٹِڈّیوں کی طرح

اَپنا شُمار بڑھا!

تُم نے اَپنے سوداگروں کو

آسمان کے سِتاروں سے زِیادہ بڑھا لیا ہے،

لیکن وہ ٹِڈّیوں کی طرح چٹ کرکے

اُڑ جاتے ہیں۔

تمہارے مُحافظ ٹِڈّیوں کے غول کی مانند ہیں،

تمہارے سردار ٹِڈّیوں کے غول کی طرح ہیں

جِس کی ٹِڈّیاں سردی کے دِن دیوار کے شگافوں میں پناہ لیتی ہیں۔

لیکن سُورج نکلتے ہی اُڑ جاتی ہیں،

کویٔی نہیں جانتا کہاں۔

اَے اشُور کے بادشاہ، تمہارے چرواہے اُونگھتے ہیں؛

تمہارے سردار آرام سے سَو رہے ہیں۔

تمہاری رعایا پہاڑوں پر مُنتشر ہو گئی

اُنہیں جمع کرنے والا کویٔی نہیں۔

کویٔی چیز تمہارے زخموں کو شفا نہیں دے سکتی؛

تیرا زخم لاعلاج ہے۔

جو کویٔی تمہارے بارے میں سُنتا ہے

وہ تمہاری بربادی پر خُوش ہوکر تالی بجاتا ہے،

کیونکہ کون ہے

جِس نے تیرا ظُلم نہیں سہا؟

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.