Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

میکاہؔ 5

بیت لحمؔ میں سے ایک وعدہ کیا ہُوا حاکم

اَے لشکروں کے شہر، لشکروں کو جمع کرو،

کیونکہ ہمارے خِلاف ایک محاصرہ ہونے والا ہے۔

وہ اِسرائیل کے حاکم کے گال پر،

سلاخ سے ماریں گے۔

لیکن اَے بیت لحمؔ اِفراتہؔ،

تُو جو یہُوداہؔ کی برادری میں سَب سے چھوٹاہے، تو بھی تُجھ میں سے

میرے لیٔے ایک حاکم برپا ہوگا

جو سارے اِسرائیل پر حُکومت کرےگا،

وہ ایّام اَزل سے ہے،

اُس کا ظہُور قدیم زمانے سے ہے۔

اِس لیٔے اِسرائیل کو اُس وقت تک چھوڑ دیا جائے گا،

جَب تک کہ زچّہ کے یہاں وِلادت نہ ہو جائے،

اَور اُس کے باقی بھایٔی واپس آکر،

اِسرائیل سے مِل نہ جایٔیں۔

وہ کھڑا ہوگا،

اَور یَاہوِہ کی قُدرت،

اَور یَاہوِہ کے نام کی عظمت سے،

اُس کے گلّے کی گلّہ بانی کرےگا۔

وہ محفوظ رہیں گے،

تَب وہ زمین کی اِنتہا تک بُزرگ ہوگا۔

اَور وہ ہماری سلامتی ہوگا۔

جَب اشُور ہمارے مُلک پر حملہ کرےگا،

اَور ہمارے محلوں میں قدم رکھےگا،

تو ہم اُس کے خِلاف سات چرواہے،

بَلکہ آٹھ آدمیوں کے سردار بھی کھڑے کریں گے۔

وہ اشُور کی سرزمین پر تلوار سے،

اَور نِمرودؔ کے مُلک پر ننگی تلوار سے حُکمرانی کریں گے۔

جَب اشُور ہمارے مُلک پر حملہ کرےگا،

اَور ہماری سرحدوں میں داخل ہوگا،

تو وہ ہمیں اشُور سے رِہائی بخشےگا۔

یعقوب کا بقیّہ،

بہت سِی قوموں کے لیٔے اَیسا ہوگا،

جَیسے یَاہوِہ کی طرف سے اوس،

اَور گھاس کے اُوپر بارش،

جو نہ آدمی کا اِنتظار کرتی ہے،

اَور نہ کسی اِنسان کے لیٔے ٹھہرتی ہے۔

یعقوب کا بقیّہ قوموں میں،

اَور بہت سِی اُمّتوں کے درمیان،

اَیسا ہوگا جَیسے شیرببر جنگلی جانوروں میں،

یا جَوان شیر بھیڑوں کے گلّے میں،

جَب وہ اُن کے درمیان سے نکلتا ہے تو اُنہیں روندتا اَور پھاڑتا ہے،

اَور کویٔی اُنہیں بچا نہیں سَکتا۔

تیرا ہاتھ فتح مندی کے ساتھ تیرے دُشمن پر اُٹھے گا،

اَور تیرے سَب دُشمن برباد ہو جایٔیں گے۔

”اُس روز،“ یَاہوِہ فرماتے ہیں،

”مَیں تیرے گھوڑوں کو جو تیرے درمیان ہیں، کاٹ ڈالوں گا،

اَور تیرے رتھوں کو برباد کر دُوں گا۔

مَیں تیرے مُلک کے شہروں کو برباد کر دُوں گا،

اَور تیرے سَب قلعوں کو ڈھا دُونگا۔

مَیں تیری جادُوگری ختم کر دُوں گا،

اَور تیرے فالگیر پھر کبھی فال نہ نکالیں گے۔

مَیں تیری کھودی ہُوئی مورتوں نِیست کر دُوں گا،

اَور تیرے درمیان سے تیرے مُقدّس پتّھروں کو برباد کر دُوں گا؛

تُو پھر کبھی اَپنے ہاتھوں کی کاریگری کو،

سَجدہ نہ کرےگا۔

مَیں تیرے اشیراہؔ کے سُتونوں کو تیرے درمیان سے اُکھاڑ دُوں گا،

اَور تیرے شہروں کو غارت کر دُوں گا۔

میں اُن قوموں پر جنہوں نے میری فرمانبرداری نہیں کی،

اَپنا قہر نازل کرکے اِنتقام لُوں گا۔“

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.