Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

ایُّوب 22

الیفزؔ

تَب اِلیفزؔ تیمانی نے جَواب دیا:

”کیا کویٔی اِنسان خُدا کے کام آسکتا ہے؟

کیا کویٔی عقلمند اِنسان بھی اُسے فائدہ پہُنچا سَکتا ہے؟

تمہارے راستباز ہونے سے قادرمُطلق کو کیا خُوشی ملے گی؟

اَور اگر تمہاری راہیں راست ہُوں تو اُنہیں کیا فائدہ؟

”کیا وہ تمہاری پاک دامنی کے باعث تُمہیں ملامت کرتا،

اَور تُمہیں عدالت میں لاتا ہے؟

کیا تمہاری بدی بڑی نہیں؟

اَور کیا تمہارے گُناہ غَیر محدُود نہیں؟

تُم نے اَپنے بھائیوں سے بلاوجہ ضمانت طلب کی؛

تُم نے لوگوں کے کپڑے اُتار لیٔے اَور اُنہیں برہنہ کر دیا؟

تُم نے تھکے ماندوں کو پانی نہ پِلایا

اَور بھُوکوں کو کھانے سے محروم رکھا،

حالانکہ تُم ایک زبردست آدمی تھے، زمینوں کے مالک تھے،

اَور ایک باعزّت اِنسان کی طرح اُن میں بسے ہُوئے تھے۔

اَور تُم نے بیواؤں کو خالی ہاتھ لَوٹایا

اَور یتیموں کے بازو توڑ دئیے۔

اِسی لیٔے تمہارے چاروں طرف پھندے لگے ہُوئے ہیں،

اَور ناگہانی خطرے تُمہیں خوفزدہ کرتے ہیں،

آخِر اِس قدر تاریکی کیوں ہے کہ تُم دیکھ نہیں پاتے،

اَور سیلاب تُمہیں بہا لے جاتا ہے۔

”کیا آسمان کی بُلندیوں میں خُدا نہیں ہے؟

دیکھو، بُلند سِتارے کس قدر شان سے چمکتے ہیں!

پھر بھی تُم کہتے ہو کہ خُدا کیا جانتے ہیں؟

کیا وہ اَیسے اَندھیرے میں سے دیکھ کر اِنصاف کرتے ہیں؟

جَب وہ گُنبَدِ افلاک میں گشت لگاتے ہیں

اَور گھنے بادل اُنہیں گھیر لیتے ہیں، تو وہ ہمیں دیکھ نہیں سکتے۔

کیا تُم اِسی پرانی راہ پر چلتے رہوگے

جِس پر بدکار لوگ چلتے آئے ہیں؟

وہ وقت سے قبل ہی اُٹھا لیٔے گیٔے،

سیلاب اُن کی بُنیادیں بہا لے گیا۔

اُنہُوں نے خُدا سے کہا: ’ہمیں آپ سے کویٔی مطلب نہیں!‘

آپ جو قادرمُطلق ہیں ہمارا کیا بِگاڑ سکتے ہیں؟

پھر بھی اُن ہی نے اُن کے گھر نِعمتوں سے بھر دئیے،

بدکاروں کے منصُوبے میری سمجھ سے باہر ہیں۔

صادق اُن کی بربادی دیکھ کر خُوش ہوتے ہیں؛

اَور بے قُصُور یہ کہہ کر اُن کی ہنسی اُڑاتے ہیں،

ہمارے دُشمن واقعی تباہ ہو گئے،

اَور آگ نے اُن کے خزانے بھسم کر دئیے۔

”خُدا کی اِطاعت کر اَور اُن کے ساتھ سلامتی سے رہو؛

اِس سے تمہارے پاس خُوشحالی آئے گی۔

اُن کی ہدایات کو قبُول کرو

اَور اُن کے کلام کو اَپنے دِل میں جگہ دو۔

اگر تُم قادرمُطلق سے رُجُوع ہوگے تو بحال کئے جاؤگے:

بشرطیکہ تُم بدی کو اَپنے خیمہ سے دُور کرو،

اَور اَپنے خزانوں کو خاک،

اَور اَپنے اوفیرؔ1 کے سونے کو وادی کے پتّھروں کے برابر سمجھو۔

تَب قادرمُطلق تمہارا خزانہ ہوں گے،

اَور تمہارے لیٔے خالص چاندی بَن جائیں گے۔

تَب قادرمُطلق کی صحبت تمہاری لذّت کا باعث ہوگی،

اَور تُم اَپنا مُنہ خُدا کی طرف اُٹھاؤگے۔

تُم اُن سے دعا کروگے اَور وہ تمہاری سُنیں گے،

اَور تُم اَپنی مَنّتیں پُوری کروگے۔

جِس بات کا اِرادہ کروگے وہ پُوری ہوگی،

اَور تمہاری راہیں رَوشن ہُوں گی۔

جَب لوگ پست کئے جایٔیں گے اَور ’تُم کہو گے کہ اُنہیں سنبھالیں!‘

تو خُدا گِرے ہوؤں کو بچا لیں گے۔

خُدا بے قُصُور کو بھی نَجات دیں گے،

وہ تمہارے ہاتھوں کی پاکیزگی کے باعث نَجات پایٔےگا۔“

Source notes (1)
  1. Footnote اوفیرؔ اوفیرؔ سے مُراد اَچھّے مِعیار کا سونا ہے۔ اوفیرؔ ایک جگہ کا نام تھا جو اَپنے سونے کے لیٔے مشہُور تھا۔

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.