Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

ایُّوب 10

”میں اَپنی زندگی سے بیزار ہو چُکا ہُوں؛

لہٰذا میں دِل کھول کر شکوہ کروں گا۔

اَور تلخ رُوح کی بھڑاس نکال دُوں گا۔

میں خُدا سے کہُوں گا کہ مُجھے قُصُوروار نہ ٹھہرا،

بَلکہ مُجھے بتا، کہ میرے خِلاف اِلزامات کیا ہیں۔

کیا مُجھ پر ظُلم کرنے سے تُمہیں خُوشی ہوتی ہے،

اَور اَپنے ہاتھوں کی صنعت کی حقارت کرنا اَچھّا لگتا ہے،

تُو بدکار اِنسانوں کے منصُوبوں پر مُسکراتا ہے؟

کیا تیری آنکھیں گوشت کی بنی ہُوئی ہیں؟

کیا تُو بشر کی مانند دیکھتا ہے؟

کیا تیرے زندگی کے دِن فانی اِنسان کے دِنوں کی طرح ہیں،

اَور تیرے سال آدمی کے سالوں کی طرح،

کیا تُو میری بُرائیاں ڈھونڈے،

اَور میری خطاؤں کی تفتیش کرے؟

آپ کو علم ہے کہ میں مُجرم نہیں ہُوں،

اَور کویٔی شخص مُجھے آپ کے ہاتھ سے نہیں بچا سَکتا۔

”تیرے ہی ہاتھوں نے مُجھے اِس شکل میں ڈھالا اَور بنایا،

کیا تُم اَب مُجھے بدل کر برباد کر دے گا؟

یاد کر کہ تُونے مُجھے چکنی مٹّی کی طرح گوندھا۔

تو کیا اَب تُو مُجھے پھر خاک میں مِلائے گا؟

کیا تُم نے مُجھے دُودھ کی طرح نہیں اُنڈیلا

اَور پنیر کی طرح نہیں جمایا؟

پھر گوشت اَور پوست سے ملبوس کرکے

مُجھے ہڈّیوں اَور رگوں سے جوڑ نہیں دیا؟

تُونے مُجھے زندگی دی اَور مُجھ پر رحم کیا،

اَور اَپنے فضل سے میری رُوح کی حِفاظت کی۔

”لیکن یہ بات تُم نے اَپنے دِل میں چُھپائے رکھی،

اَور مَیں جانتا ہُوں کہ یہی تیرا منشا تھا کہ

اگر مَیں گُناہ کروں تو تُو دیکھ لے گا

اَور مُجھے میری بدکاری کی سزا ضروُر دے گا۔

اگر مَیں گُنہگار ہُوں، تو مُجھ پر افسوس!

میں تو بے قُصُور ہوتے ہُوئے بھی اَپنا سَر نہیں اُٹھا سَکتا،

کیونکہ مَیں شرم سے لبریز ہُوں،

اَور تکلیف میں ڈوبا ہُوا ہُوں۔

اگر مَیں اَپنا سَر اُٹھاؤں، تو تُو مُجھے شیر کی طرح دبوچ لے گا،

اَور اَپنی دہشت اَنگیز قدر ت کا مظاہرہ کرےگا۔

تُو میرے خِلاف نئے نئے گواہ لے آتا ہے

اَور اَپنا قہر مُجھ پر بڑھاتاہے؛

تیرے لشکر موجوں کی طرح مُجھ پر چڑھے آتے ہیں۔

”پھر تُونے مُجھے میری ماں کے رحم سے نکالا ہی کیوں؟

اِس سے قبل کہ کویٔی آنکھ مُجھے دیکھتی کہ کاش میں مَر گیا ہوتا۔

کاش کہ میں پیدا ہی نہ ہُوا ہوتا،

یا رحم سے سیدھا قبر میں پہُنچا دیا جاتا!

کیا میری زندگی چند روزہ نہیں؟

مُجھے چھوڑ دے تاکہ میں چند لمحے خُوشی میں گزار سکوں۔

اِس سے قبل کہ میں چلا جاؤں، جہاں سے کویٔی واپس نہیں آتا،1

ظلمت اَور موت کے سایہ کی جگہ،

وہ مقام جہاں راتیں بڑی تاریک،

سائے بڑے گہرے اَور ہر چیز بے ترتیب ہوتی ہے،

جہاں رَوشنی بھی تاریکی کی مانند ہے۔“

Source notes (1)
  1. Footnote اُداسی اَور افراتفری کی سرزمین یہاں پاتال کی تفصیل کو بڑھاتی ہے۔

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.