Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

یرمیاہؔ 1

یرمیاہؔ بِن خِلقیاہؔ کا پیغام جو بِنیامین کے علاقہ کے عناتوت میں باشِندے کاہِنوں میں سے ایک تھا۔ یَاہوِہ کا کلام اُس پر شاہِ یہُودیؔہ یُوشیاہؔ بِن امُونؔ کے دَورِ حُکومت کے تیرہویں سال میں نازل ہُوا، اَور وہ شاہِ یہُودیؔہ یہُویقیمؔ بِن یُوشیاہؔ سے لے کر شاہِ یہُودیؔہ صِدقیاہؔ بِن یُوشیاہؔ کے دَورِ حُکومت کے گیارھویں سال کے پانچویں مہینے کے آخِر تک یعنی اہلِ یروشلیمؔ کے اسیری میں جانے تک نازل ہوتا رہا۔

یرمیاہؔ کو دعوت نبُوّت

تَب یَاہوِہ کا یہ کلام مُجھ پر نازل ہُوا،

”اِس سے پیشتر کہ مَیں نے تُمہیں رحم میں خلق کیا، مَیں تُمہیں جانتا1 تھا،

اَور اِس سے قبل کہ تُم پیدا ہو، مَیں نے تُمہیں مخصُوص کیا؛

اَور تُمہیں قوموں کے لیٔے نبی مُنتخب کیا۔“

تَب یہ سُن کر مَیں نے فرمایا، ”افسوس، یَاہوِہ قادر، دیکھیں، مُجھے تو بولنا بھی نہیں آتا؛ کیونکہ مَیں تو محض ایک بچّہ ہُوں۔“

لیکن یَاہوِہ نے مُجھ سے فرمایا، ”یہ نہ کہو، ’میں تو محض ایک بچّہ ہُوں۔‘ کیونکہ جِس کسی کے پاس مَیں تُمہیں بھیجوں گا وہاں تُمہیں جانا ہوگا اَورجو حُکم تُمہیں دُوں گا وہ تُمہیں بَیان کرنا ہوگا۔ تُم اُن لوگوں سے خوف نہ کھاؤ کیونکہ مَیں تمہارے ساتھ ہُوں اَور مَیں تُمہیں محفوظ رکھوں گا،“ یہ یَاہوِہ کا کلام ہے۔

تَب یَاہوِہ نے اَپنا ہاتھ بڑھا کر میرا مُنہ چھُوا اَور مُجھ سے فرمایا، ”اَب مَیں نے اَپنا کلام تمہارے مُنہ میں ڈال دیا ہے۔ دیکھ، آج کے دِن مَیں نے تُجھے قوموں اَور سلطنتوں پر مُقرّر کیا ہے تاکہ تُو اُنہیں جڑ سے اُکھاڑ دے یا ڈھا دے، تباہ کرے یا نِیست و نابود کرے تعمیر کرے یا نیا اُگائے۔“

پھر یَاہوِہ کا یہ کلام مُجھ پر نازل ہُوا: ”اَے یرمیاہؔ، تُجھے کیا کھائی دے رہاہے؟“

مَیں نے جَواب دیا، ”مُجھے بادام کے درخت کی ایک شاخ دِکھائی دے رہی ہے۔“

یَاہوِہ نے مُجھ سے فرمایا، ”تُونے بالکُل ٹھیک دیکھاہے، میں یہ دیکھنے کے لیٔے بیدار2 رہتا ہُوں کہ میرا کلام پُورا ہو۔“

پھر ایک بار یَاہوِہ کا کلام مُجھ پر نازل ہُوا: ”تُجھے کیا دِکھائی دے رہاہے؟“

مَیں نے جَواب دیا، ”مُجھے ایک اُبلتی ہُوئی دیگ نظر آ رہی ہے، جو شمالی جانِب سے ہماری طرف جُھکی ہُوئی ہے۔“

یَاہوِہ نے مُجھ سے فرمایا، ”اِس مُلک کے تمام باشِندوں پر شمالی جانِب سے آفت نازل ہوگی۔ کیونکہ دیکھ، میں شمالی سلطنتوں کے تمام لوگوں کو حُکم دے کر بُلا رہا ہُوں،“ یہ یَاہوِہ کا کلام ہے۔

”اُن کے بادشاہ آکر یروشلیمؔ کے پھاٹکوں کے سامنے

اَپنا اَپنا تخت قائِم کریں گے؛

اَور وہ شہر کے اِردگرد کی تمام فصیلوں

اَور یہُودیؔہ کے تمام شہروں کے خِلاف حملہ کریں گے۔

مُجھے ترک کرنے کی بدی کی بنا پر

اَور غَیر معبُودوں کے سامنے بخُور جَلانے کی وجہ سے،

اَور اَپنے ہاتھوں سے بنائی ہُوئی چیزوں کی عبادت کرنے کے سبب سے

میں اَپنی قوم پر سزا کا حُکم نافذ کروں گا۔

”لہٰذا تُم اَپنی کمر کس لو، اَور اُٹھ کرجو حُکم مَیں تُمہیں دے رہا ہُوں، وہ اُنہیں سُنا۔ تُو اُن سے گھبرا نہ جانا ورنہ مَیں تُجھے اُن کے سامنے ڈرا دُوں گا۔ اُن سے نہ گھبراؤ کیونکہ دیکھ، آج کے دِن مَیں نے تُجھے اِس تمام مُلک، یہُودیؔہ کے بادشاہوں اَور اُس کے سبھی حاکموں اَور کاہِنوں اَور تمام مُلک کے باشِندوں کے خِلاف ایک فصیلدار شہر، لوہے کا سُتون اَور کانسے کی دیوار بنا کر کھڑا کیا ہے۔ وہ تُجھ سے لڑیں گے لیکن تُجھ پر غالب نہ آئیں گے کیونکہ مَیں تیرے ساتھ ہُوں اَور تُجھے بچاؤں گا۔“ یہ یَاہوِہ کا کلام ہے۔

Source notes (2)
  1. Footnote مَیں تُمہیں جانتا اِنتخاب کیا ہُوا
  2. Footnote بیدار عِبرانی میں بادام کے لئے شاقید بیدار کے لئے شوقید کہتے ہیں

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.