Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
یَشعیاہ 9
بہرحال جو پریشان حال تھے اُن کی پریشانی جاتی رہے گی۔ ماضی میں اُس نے زبُولُون اَور نفتالی کے زمینی علاقوں کو پست کیا لیکن مُستقبِل میں وہ غَیر قوموں کے صُوبہ گلِیل کو جہاں سے سمُندر کو شاہراہ نکلتی ہے اَور دریائے یردنؔ کے کناروں کے علاقوں کو سرفراز کریں گے۔
جو لوگ تاریکی میں چل رہے تھے
اُنہُوں نے ایک بڑی رَوشنی دیکھی؛
اَورجو لوگ موت کی گہری تاریکی کے مُلک میں زندگی گزار رہے تھے اُن پر
ایک نُور آ چمکا۔
آپ نے قوم کو بڑھایا
اَور اُن کی خُوشی میں اِضافہ کر دیا؛
وہ تیرے سامنے خُوشی مناتے ہیں
ٹھیک اُسی طرح جَیسے فصل کاٹتے وقت
یا مالِ غنیمت تقسیم کرتے وقت
لوگ خُوشی مناتے ہیں۔
آپ نے وہ جُوئے توڑ دئیے جو اُن کے اُوپر بوجھ بنے ہُوئے تھے،
اَور وہ سلاخے بھی ہٹا دیں جو اُن کے کندھوں پر تھیں،
اَور وہ عصا بھی ٹکڑے ٹکڑے کر دیا جِس سے اُن کے اُوپر ظُلم ڈھائے گیٔے،
ٹھیک اُسی طرح جَیسے مِدیان کی شِکست کے دِنوں میں تُونے کیا تھا۔
ہر جنگجو سپاہی کا جُوتا جو لڑائی میں اِستعمال کیا گیا
اَور ہر وہ لباس جو خُون آلُودہ ہے
جَلایا جائے گا،
اَور آگ کا ایندھن بَن جائے گا۔
کیونکہ ہمارے لیٔے ایک ولد پیدا ہُواہے،
ہمیں ایک بیٹا بخشا گیا،
اَور سلطنت اُس کے کندھوں پر ہوگی۔
اَور وہ عجِیب مُشیر، قادر خُدا،
اَبدیّت کا باپ اَور سلامتی کا شہزادہ کہلائے گا۔
اُس کی سلطنت کے اِقبال
اَور سلامتی کی اِنتہا نہ ہوگی۔
وہ داویؔد کے تخت
اَور اُس کی مملکت پر
اِس وقت سے لے کر اَبد تک حُکومت کریں گے۔
اَور اُسے عدل اَور راستی کے ساتھ
قائِم کرکے برقرار رکھےگا۔
قادرمُطلق یَاہوِہ1 کی غیّوری اُسے اَنجام دے گی۔
اِسرائیل کے خِلاف یَاہوِہ کی خفگی
یَاہوِہ نے یعقوب کے خِلاف پیغام بھیجا ہے؛
اَور وہ اِسرائیل پر نازل ہوگا۔
تمام لوگ اُسے جانیں گے
یعنی بنی اِفرائیمؔ اَور اہلِ سامریہؔ
جو بڑے تکبُّر
اَور سخت دِلی سے کہتے ہیں۔
”اینٹیں تو گِر گئی ہیں،
لیکن ہم تراشے ہُوئے پتّھروں سے پھر سے عمارت بنائیں گے؛
اَنجیر کے درخت کاٹے گیٔے
لیکن ہم اُن کی جگہ دیودار کے درخت لگائیں گے۔“
لیکن یَاہوِہ نے رِضینؔ کے مُخالفوں کو اُن کے خِلاف مُسلّح کیا ہے
اَور اُن کے دُشمنوں کو اُن پر چڑھا لایا ہے۔
مشرق سے ارامیوں نے اَور مغرب سے فلسطینیوں نے آکر
اِسرائیل کو اَپنا مُنہ پسار کر نگل لیا ہے۔
اِس کے باوُجُود بھی اُن کا قہر ٹل نہیں گیا،
بَلکہ اُس کا ہاتھ اَب بھی اُٹھا ہُواہے۔
پھر بھی لوگ اَپنے مارنے والے کی طرف نہیں لَوٹے،
نہ ہی وہ قادرمُطلق یَاہوِہ کے طالب ہُوئے۔
اِس لیٔے یَاہوِہ اِسرائیل کا سَر اَور دُم،
اَور کھجور کی شاخ اَور سَرکنڈا، دونوں کو ایک ہی دِن میں کاٹ ڈالے گا؛
بُزرگ و مُعزّز ہستیاں سَر ہیں،
اَور وہ نبی جو جھُوٹی تعلیم دیتے ہیں، دُم ہیں۔
اُن لوگوں کے رہنما اُنہیں گُمراہ کرتے ہیں،
اَور جنہیں ہدایت کی گئی وہ بھٹک گیٔے۔
چنانچہ یَاہوِہ جَوانوں سے خُوش نہ ہوگا،
نہ ہی یتیموں اَور بیواؤں پر رحم کریں گے،
کیونکہ ہر کویٔی بے دین اَور بد کِردار ہے،
اَور ہر مُنہ سے حماقت کی باتیں نکلتی ہیں۔
اِس کے باوُجُود بھی اُس کا قہر ٹل نہیں گیا،
بَلکہ اُس کا ہاتھ اَب بھی اُٹھا ہُواہے۔
یقیناً شرارت آگ کی طرح جَلا دیتی ہے؛
اَور جھاڑیوں اَور اُونٹ کٹاروں کو بھسم کر ڈالتی ہے۔
وہ جنگل کی گنُجان جھاڑیوں میں آگ لگا دیتی ہے،
اَور وہ دھوئیں کے بادل کی طرح اُوپر اُڑ جاتی ہیں۔
قادرمُطلق یَاہوِہ کے قہر سے
مُلک جھُلس جائے گا
اَور لوگ آگ کا ایندھن بَن جایٔیں گے؛
اَور کویٔی اَپنے بھایٔی تک کو نہیں بچائے گا۔
دایئں طرف سے وہ بے تحاشا کھایٔیں گے،
پھر بھی بھُوکے رہیں گے؛
اَور بائیں طرف سے بھی کھایٔیں گے،
لیکن اُن کی بھُوک نہ مٹےگی۔
ہر ایک اَپنے ہی بازو کا گوشت کھائے گا۔
منشّہ اِفرائیمؔ کو کھاتا ہے اَور اِفرائیمؔ منّسیؔ کو؛
اَور وہ دونوں مِل کر بنی یہُوداہؔ کے مُخالف ہوں گے۔
اِس کے باوُجُود بھی اُس کا قہر ٹلا نہیں،
بَلکہ اُس کا ہاتھ اَب بھی اُٹھا ہُواہے۔
Source notes (1)
- Footnote قادرمُطلق یَاہوِہ عِبرانی میں یَاہوِہ سباؤتھ یعنی لشکروں کے یَاہوِہ
Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ “Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.
Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.