Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

یَشعیاہ 58

حقیقی روزہ

”زور سے چِلّا، بالکُل نہ جِھجک۔

نرسنگے کی مانند اَپنی آواز بُلند کر۔

میرے لوگوں پر اُن کی سرکشی

اَور یعقوب کے گھرانے پر اُن کے گُناہ ظاہر کر دے۔

کیونکہ روز بروز وہ میرے طالب ہوتے ہیں؛

اَور میری راہیں جاننے کے اِس طرح مُشتاق نظر آتے ہیں،

جَیسے کویٔی قوم راستی پر چلتی ہو

اَور جِس نے اَپنے خُدا کے اَحکام کو فراموش نہیں کیا۔

وہ مُجھ سے مُنصِفانہ فیصلے طلب کرتے ہیں

اَور خُدا کی نزدیکی کے مُشتاق نظر آتے ہیں

وہ کہتے ہیں، ’ہم نے روزے کس لیٔے رکھے،

جَب کہ تُونے اُنہیں دیکھا تک نہیں؟

ہم فروتن ہُوئے،

اَور تُونے دھیان نہیں دیا۔‘

”پھر بھی اَپنے روزے کے دِن تُم اَپنی ہی مرضی پُوری کرتے ہو

اَور اَپنے تمام کارندوں سے ناجائز فائدہ اُٹھاتے ہو۔

تمہارا روزہ لڑنے جھگڑنے

اَور ایک دُوسرے کو بُری طرح گھونسے مارنے پر ختم ہوتاہے۔

جَیسا روزہ تُم اَب رکھتے ہو اُس سے یہ توقع نہیں کی جا سکتی

کہ تمہاری فریاد عالمِ بالا پر سُنی جائیگی۔

کیا مَیں نے اَیسا روزہ پسند کیا ہے،

کہ اِنسان محض روزہ کے دِن ہی نَفس کُشی کرے،

سَرکنڈے کی طرح اَپنے سَر کو جُھکائے،

اَور ٹاٹ اَور راکھ بچھا کر اُس پر بیٹھا رہے؟

کیا اِسی کو تُم روزہ اَور اَیسا دِن کہتے ہو،

جو یَاہوِہ کو مقبُول ہو؟

”روزہ جو میری پسند کا ہے، کیا وہ یہ نہیں:

کہنا اِنصافی کی زنجیروں توڑی جایٔیں

جُوئے کی رسّیاں کھول دی جایٔیں،

مظلوموں کو آزاد کیا جائے

اَور ہر جُوا توڑ دیا جائے؟

کیا وہ یہ نہیں کہ اَپنی روٹی میں بھُوکوں کو شریک کرے

اَور مارے مارے پھرتے ہُوئے مسکینوں کو آسرا دے

جَب کسی کو ننگا دیکھے تو اُسے کپڑے پہنائے،

اَور اَپنے ہم جنس سے روپوشی نہ کرے۔

تَب تیری رَوشنی طُلوع صُبح کی طرح پھوٹ نکلے گی،

اَور تُو جلد صحتیاب ہوگا؛

تَب تیری راستبازی تیرے آگے آگے چلے گی،

اَور یَاہوِہ کا جلال پیچھے سے تیری حِفاظت کرےگا۔

تَب تُو پُکارے گا اَور یَاہوِہ تُجھے جَواب دیں گے؛

تُو دُہائی دے گا اَور وہ کہیں گے: مَیں حاضِر ہُوں۔

”اگر تُو ظُلم ڈھانا اَور دُوسروں پر اُنگلی اُٹھانا چھوڑ دے،

اَور بدگوئی سے باز آ جائے،

اگر تُو بھُوکے کی دِل کھول کر مدد کرے

اَور مظلوم کی حاجتیں پُوری کرے،

تو تیرا نُور تاریکی میں چمکے گا،

اَور تیری رات، دوپہر کی مانند ہوگی۔

یَاہوِہ ہمیشہ تیری رہنمائی کریں گے؛

اَور خشک سالی میں تیری ضرورتیں پُوری کریں گے

اَور تیری ہڈّیوں کو تقویّت دیں گے۔

تُو سیراب باغ کی مانند ہوگا،

اَور ایک اَیسے چشمے کی مانند جِس کا پانی کبھی نہیں سُوکھتا۔

تیرے لوگ پُرانے کھنڈروں کو پھر سے تعمیر کریں گے

اَور قدیم بُنیادوں کو پھر سے کھڑا کریں گے؛

اَور تُو شکستہ دیواروں کا مِعمار،

اَور سڑکوں کو قِیام گاہوں کے ساتھ بحال کرنے والا کہلائے گا۔

”اگر تُو سَبت کے روز اَپنے قدم روکے رکھے

اَور میرے مُقدّس دِن میں اَپنی مرضی پُوری کرنے سے باز آئے،

اگر تُو سَبت کو راحت اَور یَاہوِہ کا مُقدّس اَور قابل اِحترام دِن مانے،

اگر تُو اُس کی تعظیم کی خاطِر اُس دِن کاروبار نہ کرے

اَور اَپنی خُوشی پُوری کرنے اَور فُضول گُفتگو سے باز رہے،

تَب تُو یَاہوِہ میں مسرُور ہوگا،

اَور مَیں تُجھے زمین کی بُلندیوں تک پہُنچا دوں گا

اَور تیرے باپ یعقوب کی مِیراث میں سے تُجھے کھِلاؤں گا۔“

کیونکہ یَاہوِہ ہی کے مُنہ سے یہ اِرشاد ہُواہے۔

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.