Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

یَشعیاہ 56

سارے قوموں کی نَجات

یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں:

”اِنصاف کو قائِم رکھّو

اَور وُہی کرو جو صحیح ہے،

کیونکہ تیری نَجات قریب ہے

اَور میری راستی جلد عیاں ہوگی۔

مُبارک ہے وہ شخص جو اِس پر عَمل کرتا ہے،

اَور وہ آدمی جو اِس پر قائِم رہتاہے،

جو سَبت کو ناپاک کئے بِنا اُسے مانتا ہے

اَور اَپنا ہاتھ ہر قِسم کی بدی سے روکے رکھتا ہے۔“

کویٔی پردیسی جو یَاہوِہ سے مِل چُکاہے یہ نہ کہے،

”یَاہوِہ یقیناً مُجھے اَپنے لوگوں سے جُدا کر دیں گے۔“

اَور کوئی خواجہ سرا شکایت نہ کرے۔

”کہ میں تو محض سُوکھا درخت ہُوں۔“

کیونکہ یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں:

”وہ خواجہ سرا جو میری سَبت کو مانتے ہیں،

اَور اُن کاموں کو اِختیار کرتے ہیں جو مُجھے پسند ہیں

اَور میرے عہد پر قائِم رہتے ہیں

میں اُنہیں اَپنی ہیکل اَور اُس کی چار دیواری میں

اَیسا نام اَور نِشان دُوں گا

جو بیٹوں اَور بیٹیوں سے بھی بڑھ کر ہوگا؛

میں اُن کو ایک اَبدی نام دُوں گا

جو کبھی مٹایا نہ جائے گا۔

اَور پردیسی لوگ جو اَپنے آپ کو یَاہوِہ سے وابستہ کرتے ہیں

تاکہ اُن کی خدمت کریں،

اَور اُن کے نام کو عزیز رکھیں

اَور اُن کی عبادت کریں،

وہ سَب جو سَبت کو مانتے ہیں اَور اُسے ناپاک نہیں کرتے

اَور میرے عہد پر قائِم رہتے ہیں

اُن سَب کو میں اَپنے مُقدّس پہاڑ پر لاؤں گا

اَور اُنہیں اَپنی دُعا کے گھر میں شادمان کروں گا۔

اُن کی سوختنی نذریں اَور ذبیحے

میرے مذبح پر مقبُول ہوں گے؛

کیونکہ میرا گھر

سَب قوموں کے لیٔے دعا کا گھر کہلائے گا۔“

یَاہوِہ قادر مختار

جو اِسرائیل کے جَلاوطنوں کو جمع کرتا ہے، فرماتے ہیں:

”میں اَوروں کو بھی جمع کرکے اُن کے ساتھ مِلا دُوں گا

جو پہلے ہی جمع کر دئیے گیٔے ہیں۔“

بدکاروں کے خِلاف خُدا کا اِلزام

آؤ، اَے دشت کے سَب حَیوانو،

آؤ اَور کھاؤ، اَے جنگل کے سَب درندو!

اِسرائیل کے پہرےدار اَندھے ہیں

وہ سَب جاہل ہیں؛

وہ سَب گُونگے کُتّے ہیں،

جو بھونک نہیں سکتے؛

وہ پڑے پڑے خواب دیکھتے رہتے ہیں،

اَور اُنہیں نیند پسند ہے۔

وہ بھُوکے کُتّے ہیں؛

جو کبھی سیر نہیں ہوتے۔

وہ نادان چرواہے ہیں؛

وہ سَب اَپنی اَپنی راہ کو پھر گیٔے،

اَور ہر ایک اَپنا ہی نفع ڈھونڈتا ہے۔

ہر ایک پُکارتا ہے: ”آؤ، میں مے لاتا ہُوں!

ہم شراب پی کر مست ہو جایٔیں گے!

اَور کل بھی آج ہی کی طرح ہوگا،

بَلکہ اِس سے بھی بہت بہتر!“

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.