Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

یَشعیاہ 46

بابیل کے معبُود

بابیل کے معبُود بیلؔ اَور نبوؔ جُھک گئے؛

اُن کے بُت بوجھ اُٹھانے والے چَوپایوں پر لدے ہیں۔

جِن مورتیوں کو وہ لیٔے پھرتے تھے، اُن کے لئے بوجھ بَن گئی ہیں،

تھکے ہوؤں کے لیٔے ایک بوجھ۔

اَور وہ سَب ایک ساتھ جھُکتے اَور سرنِگوں ہوتے ہیں؛

اَور اُس بوجھ کو بچا نہیں سکتے،

اَور خُود ہی اسیری میں چلے جاتے ہیں۔

”اَے یعقوب کے گھرانے،

اَور اَے اِسرائیل کے گھر کے سبھی باقی بچے لوگو،

جنہیں میں رحم میں پڑنے کی گھڑی سے سہارا دیتا رہا،

اَور اُن کی پیدائش ہی سے گود میں اُٹھاتا رہا، میری سُنو!

تمہاری ضعیفی میں اَور تمہارے بال سفید ہونے تک

مَیں ہی ہُوں جو تُمہیں سنبھالے رہُوں گا۔

مَیں نے ہی تُمہیں خلق کیا ہے اَور تُمہیں لیٔے پھرتا رہُوں گا؛

مَیں تُمہیں سنبھالوں گا اَور تُمہیں رِہائی دُوں گا۔

”تُم مُجھے کس کے مُشابہ قرار دوگے

اَور کس کے برابر ٹھہراؤگے؟

اَور مُجھے کس کی مانند کہو گے

تاکہ ہمارا موازنہ ہو سکے؟

کچھ لوگ اَپنی تھیلیوں میں سے سونا نکالتے ہیں

اَور ترازو میں چاندی تولتے ہیں؛

پھر سُنار کو اُجرت دے کر اُس سے ایک خُدا کا بُت بنواتے ہیں،

اَور اُس کے سامنے جھُک کر اُس کی عبادت کرتے ہیں۔

وہ اُسے اَپنے کندھوں پر اُٹھاتے اَور لے جاتے ہیں؛

پھر اُسے لے جا کر اُس کی جگہ پر نصب کرتے ہیں اَور وہ وہاں کھڑا رہتاہے

جہاں سے وہ ہل نہیں پاتا۔

اگر کویٔی اُسے پُکارے تو وہ جَواب نہیں دیتا؛

نہ ہی وہ اُسے اُس کی مُصیبتوں سے چھُڑا سَکتا ہے۔

”اَے باغیو! اِس بات کو یاد رکھو،

اِسے دماغ میں رکھّو اَور دِل میں اُتار لو۔

اِبتدائی زمانہ کی باتیں یاد کرو جو قدیم ہی سے ہیں؛

میں خُدا ہُوں اَور کویٔی دُوسرا نہیں؛

میں خُدا ہُوں اَور مُجھ سا کویٔی نہیں۔

میں اِبتدا ہی سے اَنجام کی خبر دیتا ہُوں،

اَور قدیم وقتوں ہی سے وہ باتیں بتاتا آیا ہُوں جو اَب تک

وقوع میں نہیں آئیں۔

اَور کہتا ہُوں، ’میرا مقصد قائِم رہے گا،

اَور مَیں اَپنی ساری مرضی پُوری کروں گا۔‘

میں مشرق سے ایک شِکاری پرندہ کو بُلاتا ہُوں؛

یعنی دُور کے مُلک سے ایک شخص کو بُلاتا ہُوں جو میری مرضی پُوری کرے۔

جو مَیں نے کہا اُسے میں کرکے ہی رہُوں گا؛

اَورجو مقصد مَیں نے کیا ہے اُسے پُورا ہی کروں گا۔

اَے سخت دِلو، میری سُنو،

جو تُم میری راستبازی سے بہت دُورہو۔

میں اَپنی راستبازی کو نزدیک لا رہا ہُوں،

وہ بہت دُور نہیں ہے؛

اَور میری نَجات میں تاخیر نہ ہوگی۔

میں صِیّونؔ کو نَجات دوں گا،

اَور اِسرائیل کو اَپنا جلال بخشوں گا۔

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.