Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

یَشعیاہ 34

قوموں کی عدالت

اَے قومو، نزدیک آؤ اَور سُنو؛

اَے اُمّتو، دھیان سے سُنو!

زمین اَور اُس کی معموُری،

دُنیا اَورجو کچھ اُس میں ہے، سَب سُنیں!

یَاہوِہ سَب قوموں سے خفا ہے؛

اَور اُن کا قہر اُن کی تمام فَوجوں پر ہے۔

وہ اُنہیں مُکمّل طور پر تباہ کر دے گا،

اَور اُنہیں ذبح ہونے کے لیٔے دے دے گا۔

اُن کے مقتول پھینک دئیے جایٔیں گے،

اَور اُن کی لاشوں میں سے بدبُو اُٹھے گی؛

پہاڑ اُن کے خُون سے شرابور ہوں گے۔

آسمان کے سِتارے پگھل جایٔیں گے

اَور آسمان طُومار کی طرح لپیٹا جائے گا؛

اَور تمام اجرامِ فلکی

انگور کی بیل کے مُرجھائے ہُوئے پتّوں،

اَور اَنجیر کے درخت کے سُوکھنے سڑے پھلوں کی طرح گِر جایٔیں گے۔

میری تلوار آسمانوں میں پی پی کر مست ہو چُکی ہے؛

دیکھو وہ اِدُوم پر، جِس قوم کو مَیں نے مُکمّل طور پر برباد کر دیا ہے،

اُس کی عدالت کے لیٔے اُتر رہی ہے۔

یَاہوِہ کی تلوار خُون میں نہا چُکی ہے،

اَور اُس پر چربی کی تہہ جم گئی ہے

وہ برّوں اَور بکروں کے خُون سے،

اَور مینڈھوں کے گُردوں کی چربی سے آلُودہ ہے۔

کیونکہ یَاہوِہ نے بُضراؔہ شہر میں ایک قُربانی

اَور اِدُوم کے مُلک میں بڑی خُونریزی کی ہے۔

اَور جنگلی سانڈ اَور بچھڑے اَور بَیل،

اُن کے ساتھ ذبح ہوں گے۔

اُن کا مُلک خُون میں لت پَت ہوگا،

اَور اُس کی مٹّی چربی سے تر ہو جائے گی۔

کیونکہ یَاہوِہ کا اِنتقام لینے کا ایک دِن اَور بدلہ لینے کا

ایک سال مُقرّر ہے جِس میں وہ صِیّونؔ کی عدالت کرےگا۔

اِدُوم کے چشمے رال میں،

اَور اُس کی خاک جلتی ہُوئی گندھک میں بدل دی جائے گی۔

اَور اُس کا مُلک جلتی ہُوئی رال بَن جائے گا!

جو رات دِن کبھی نہ بُجھےگی؛

اَور اُس کا دُھواں ہمیشہ اُٹھتا رہے گا۔

وہ پُشت در پُشت ویران پڑا رہے گا؛

اَور کبھی بھی کویٔی شخص اُس میں سے ہوکر نہ گزرے گا۔

حواصل اَور خارپُشت اُس کے مالک ہوں گے؛

اَور بڑے اُلّو اَور کوّے اُس میں بسیں گے۔

خُدا اِدُوم پر پیمائشی جریب کی ڈوری پھیلے گا۔

افراتفری کی پیمائش کی ڈوری

اَور ویرانی کی ساہول ڈالا جائے گا۔

وہاں اُس کے اشراف کے پاس حُکومت نام کی کویٔی چیز باقی نہ رہے گی،

اُس کے تمام اُمرا غائب ہو جایٔیں گے۔ اُس کے اُمرا کے پاس بادشاہت کہلانے کے لئے کچھ بھی نہیں ہوگا،

اُس کے تمام شہزادے غائب ہو جائیں گے۔

اُس کے محلوں میں کانٹے،

اَور اُس کے قلعہ میں خاردار جھاڑیاں کثرت سے پھیل جایٔیں گی۔

اَور وہ گیدڑوں کا اڈّا

اَور اُلّوؤں کا مَسکن بَن جائے گا۔

بیابان کے جنگلی جانور لکڑبگّھوں سے ملیں گے،

اَور جنگلی بکریاں ممیا کر ایک دُوسرے کو بُلائیں گی؛

رات میں گشت لگانے والے جانور بھی وہاں سُستائیں گے

اَور اَپنے لیٔے آرام کی جگہ پائیں گے۔

وہاں اُلّو کی مادہ گھونسلہ بنائے گی اَور اَنڈے دے گی،

بچّے نکالے گی اَور اَپنے چُوزوں کی

اَپنے پروں کے سایہ میں حِفاظت کرےگی؛

وہاں باز بھی اَپنی اَپنی مادہ کے ساتھ جمع ہوں گے۔

یَاہوِہ کے طُومار میں ڈھونڈو اَور پڑھو:

اِن میں سے ایک بھی کم نہ ہوگا،

اَور نر اَور مادہ ایک ساتھ رہیں گے۔

کیونکہ اُس نے اَپنے مُنہ سے یہ حُکم دیا ہے،

اَور اُس کی رُوح اُنہیں جمع کرےگی۔

وہ اُن کے لیٔے حِصّے مُقرّر کرتا ہے؛

اَور اُس کا ہاتھ اُنہیں ناپ ناپ کر اُن میں سے تقسیم کرتا ہے۔

وہ اَبد تک اُس کے مالک ہوں گے

اَور پُشت در پُشت اُس میں بسے رہیں گے۔

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.