Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

ہوشِیعؔ 5

اِسرائیل کے خِلاف فیصلہ

”اَے کاہِنوں یہ سُنو!

اَے بنی اِسرائیل دھیان دو!

اَے شاہی خاندان! سُنو،

تمہارے خِلاف یُوں فیصلہ کیا گیا ہے:

تُم مِصفاہؔ میں پھندا،

اَور تبورؔ پر پھیلا ہُوا جال بَن گیٔے ہو۔

باغی خُونریزی میں غرق ہو گئے۔

لیکن مَیں اُن سَب کی تادیب کروں گا۔

مَیں اِفرائیمؔ کے تمام بھید جانتا ہُوں؛

اَور اِسرائیل بھی مُجھ سے پوشیدہ نہیں ہے۔

اَے اِفرائیمؔ، تُو اَب جِسم فروشی کی طرف مائل ہو گیا؛

اَور اِسرائیل بھی بگڑ چُکاہے۔

”اُن کے اعمال اُنہیں اَپنے خُدا کی طرف

رُجُوع ہونے کی اِجازت نہیں دیتے۔

اُن کے دِل میں جِسم فروشی کی رُوح سمائی ہُوئی ہے؛

وہ یَاہوِہ کو نہیں جانتے۔

اِسرائیل کی ضِد اُن کے خِلاف گواہی دیتی ہے؛

اَور بنی اِسرائیل، یہاں تک کہ اِفرائیمؔ بھی، اَپنے گُناہوں

میں ٹھوکر کھائیں گے؛

اَور اُن کے ساتھ یہُوداہؔ بھی ٹھوکر کھائے گا۔

جَب وہ اَپنے گلّوں اَور ریوڑوں کے ساتھ

یَاہوِہ کی تلاش میں نکلتے ہیں،

تو وہ اُنہیں نہیں پائیں گے؛

کیونکہ وہ اُن سے دُورہو چُکے ہیں۔

اُنہُوں نے یَاہوِہ سے بےوفائی کی ہے؛

کیونکہ وہ ناجائز اَولاد پیدا کرتے ہیں۔

اَب اُن کے نئے چاند کے تہوار

اُنہیں اَور اُن کے کھیتوں کو کھا جایٔیں گے۔

”گِبعہؔ میں نرسنگا،

اَور رامہؔ میں قَرنا پھُونکو۔

بیت آوِنؔ میں جنگ کی للکار دو؛

اَے بِنیامین، آگے بڑھ۔

حِساب کے دِن

اِفرائیمؔ ویران ہو جائے گا۔

جو یقیناً ہونے والا ہے

اُسے مَیں نے اِسرائیل کے قبائل کو جتا دیا ہے۔

بنی یہُوداہؔ کے اُمرا اُن لوگوں کی مانند ہیں

جو سرحدوں کے نِشان ہٹاتے ہیں۔

مَیں پانی کے سیلاب کی طرح اَپنا قہر

اُن پر اُنڈیل دُوں گا۔

اِفرائیمؔ مظلوم ہُوا،

اَور سزا سے روندا گیا،

کیونکہ وہ بُتوں کی تقلید پر قانع ہے۔

مَیں اِفرائیمؔ کے لیٔے کیڑے کے مانند،

اَور بنی یہُوداہؔ کے لیٔے گھن کی مانند ہُوں۔

”جَب اِفرائیمؔ نے اَپنی بیماری،

اَور بنی یہُوداہؔ نے اَپنے زخم دیکھے،

تَب اِفرائیمؔ نے اشُور کا رُخ کیا،

اَور عظیم بادشاہ سے مدد کی درخواست کی۔

لیکن وہ تُجھے شفا نہیں دے سَکتا،

نہ تیرے زخم ٹھیک کر سَکتا ہے۔

مَیں اِفرائیمؔ کے لیٔے شیرببر کی مانند

اَور بنی یہُوداہؔ کے لیٔے بڑے شیر کی مانند ہُوں گا۔

مَیں اُنہیں پھاڑ کر اُن کے ٹکڑے ٹکڑے کر دُوں گا اَور چلا جاؤں گا؛

مَیں اُنہیں لے جاؤں گا اَور کویٔی اُنہیں چھُڑانے والا نہ ہوگا۔

پھر جَب تک وہ اَپنے گُناہوں کا اقرار نہیں کرتے

مَیں اَپنے غار کو واپس چلا جاؤں گا۔

وہ میرا چہرہ ڈھونڈیں گے؛

اَور اَپنی مُصیبت میں بڑی سرگرمی سے مُجھے ڈھونڈیں گے۔“

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.