Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

پیدائش 15

اَبرامؔ کے ساتھ خُدا کا عہد

اُس کے بعد یَاہوِہ کا یہ کلام رُویا میں اَبرامؔ پر نازل ہُوا:

”اَے اَبرامؔ! خوف نہ کر،

مَیں تمہاری سِپر ہُوں

اَور تمہارا اجر بہت بڑا ہوگا۔“1

لیکن اَبرامؔ نے فرمایا، ”اَے یَاہوِہ قادر آپ مُجھے کیا دیں گے؟ میں تو بے اَولاد ہُوں اَور الیعزرؔ دَمشقی میرے گھر کا وارِث ہے۔“ پھر اَبرامؔ نے فرمایا، ”آپ نے مُجھے کویٔی اَولاد نہیں دی؛ اِس لیٔے میرا ایک خانہ زاد خادِم ہی میرا وارِث ہوگا۔“

تَب یَاہوِہ کا یہ کلام اُس پر نازل ہُوا: ”یہ شخص تمہارا وارِث نہ ہوگا، بَلکہ تمہارے صُلب سے پیدا ہونے والا یعنی تمہارا اَپنا بیٹا ہی تمہارا وارِث ہوگا۔“ پھر وہ آپ کو باہر لے گئے اَور کہا، ”آسمان کی طرف نگاہ کرو اَور اگر تُم سِتاروں کو گِن سکتے ہو تو اُنہیں گنو۔“ پھر اَبرامؔ سے کہا، ”تمہاری اَولاد اَیسی ہی ہوگی۔“

اَبرامؔ یَاہوِہ پر ایمان لائے اَور یَاہوِہ نے اُن کے ایمان کو اَبرامؔ کے حق میں راستبازی شُمار کیا گیا۔

یَاہوِہ نے اَبرامؔ سے یہ بھی کہا، ”مَیں یَاہوِہ ہُوں جو تُمہیں کَسدیوں کے اُورؔ سے نکال لایا تاکہ تُجھے یہ مُلک مِیراث میں دُوں۔“

لیکن اَبرامؔ نے فرمایا، ”اَے یَاہوِہ قادر! میں کِس طرح جانوں کہ میں اِس کا وارِث ہُوں گا؟“

یَاہوِہ نے اَبرامؔ سے فرمایا، ”ایک بچھیا ایک بکری اَور ایک مینڈھا جو تین تین بَرس کے ہُوں اَور ایک قُمری اَور کبُوتر کا ایک بچّہ میرے پاس لاؤ۔“

اَبرامؔ اُن سَب کو یَاہوِہ کے پاس لے آئے؛ اَور اُن سبھی کے دو دو ٹکڑے کئے اَور اُن ٹُکڑوں کو ایک دُوسرے کے مقابل رکھ دیا مگر، پرندوں کے ٹکڑے نہیں کئے۔ تَب شِکاری پرندے اُن لاشوں پر جھپٹنے لگے، لیکن اَبرامؔ اُنہیں ہنکاتے رہے۔

جَب سُورج ڈُوبنے لگا، تو اَبرامؔ پر گہری نیند طاری ہو گئی، اَور بڑی ہولناک تاریکی اُن پر چھاگئی۔ تَب یَاہوِہ نے اَبرامؔ سے فرمایا، ”یقین جانو کہ چار سَو بَرس تک تمہاری نَسل ایک بیگانے مُلک میں جو اُن کا نہیں ہے اُس میں پردیسیوں کی طرح رہے گی، اَور وہاں کے لوگ اُسے غُلامی میں رکھیں گے اَور اُس سے بدسلُوکی سے پیش آتے رہیں گے۔ لیکن مَیں اُس قوم کو جو اُسے غُلام بنائے گی سزا دُوں گا، اَور بعد میں تمہاری قوم کے لوگ بڑی دولت کے ساتھ وہاں سے نکلیں گے۔ اَور تُم سلامتی کے ساتھ اَپنے آباؤاَجداد سے جا مِلوگے اَور نہایت پیری میں دفن کئے جاؤگے۔ تمہاری نَسل، چوتھی پُشت میں یہاں لَوٹ آئے گی کیونکہ امُوریوں کے گُناہ کا پیالہ ابھی لبریز نہیں ہُوا۔“

جَب سُورج غروب ہُوا اَور اَندھیرا چھا گیا تو ایک تنور جِس میں سے دُھواں اُٹھ رہاتھا ایک جلتی ہُوئی مشعل کے ساتھ نموُدار ہُوا اَور اُن ٹُکڑوں کے درمیان سے ہوکر گزر گیا۔ اُس روز یَاہوِہ نے اَبرامؔ کے ساتھ عہد باندھا اَور فرمایا، ”مَیں نے مِصر کی ندی سے لے کر بڑے ندی یعنی بڑی ندی فراتؔ تک کی زمین تمہاری نَسل کو عطا کی ہے۔ یعنی قینیوں، قنیزیوں، قدمونیوں، حِتّیوں، پَرزّیوں، رفائیّو اَور امُوریوں، کنعانیوں، گِرگاشیوں اَور یبُوسیوں اِن سبھوں کی زمین۔“

Source notes (1)
  1. Footnote کچھ نُسخوں میں، میں تمہارا سَب سے بڑا اجر ہُوں۔

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.